Inquilab Logo

ورلڈ کپ ۱۹۸۳ء کے ہیرویشپال شرما کو سابق کرکٹرس کا خراج عقیدت

Updated: July 14, 2021, 12:38 PM IST | Agency | New Delhi

سچن تینڈولکر ، کیرتی آزاد، عرفان پٹھان ،شری کانت اور دیگر سابق کھلاڑیوں نے یشپال شرماکو یاد کیا۔ بلویندر سندھو نے کہا : ویسٹ انڈیز کے خلاف ان کی اننگز ہمیشہ یادرہے گی

 Yashpal Sharma.Picture:INN
یشپال شرما۔تصویر :آئی این این

ء۱۹۸۳ء میں ہندوستانی ٹیم کو عالمی  چمپئن بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے سابق کرکٹر یشپال شرما کا دل کا دورہ پڑنے سے منگل کو انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر ۶۶؍ برس تھی۔ مایہ نازبلے باز اور بھارت رتن سچن تینڈولکر سمیت کئی کرکٹرس نے یشپال شرما کی موت پر غم  کا اظہار کیا ہے۔ یشپال۱۹۸۳ء کے ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم  کے ہیرو تھے۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف۱۲۰؍ گیندوں میں ۸۹؍رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔  خیال رہے کہ ہندوستانی ٹیم ایک موقع پر ۷۶؍ رن تک اپنے ۳؍ وکٹ گنوا چکی تھی اور اس وقت انہوں نے میدان پر قدم رکھا تھا۔یشپال شرما نے اپنی عمدہ اننگز کی مدد سے ہندوستانی ٹیم کو قابل احترام اسکور تک پہنچادیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ورلڈکپ میں مشکل حالات میں آسٹریلیا کے خلاف۴۰؍ اور پھر انگلینڈ کے خلاف۶۱؍ رن کی جارحانہ اننگز کھیلی۔   سچن تینڈولکر نے ٹویٹر پر لکھا ’’یشپال شرما جی کے انتقال کی خبرسن کر حیران اور غمزدہ  ہوں۔۱۹۸۳ء میں ہونے والے ورلڈ کپ کے دوران انہیں بلے بازی کرتے ہوئے دیکھنے کی یادیں ابھی بھی تازہ ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ میں ان کی شراکت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے اہل خانہ سے میری ہمدردی ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی کے سابق نگراں صدر سی کے کھنہ اور دہلی اور ضلع کرکٹ اسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) کے خزانچی ششی کھنہ نے  یشپال شرما کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔   سی کے اور ششی کھنہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ’’ہندوستانی کرکٹ کے مضبوط ستون رہے یش پال شرما جی کی بے وقت موت سے دل کافی غمگین ہے۔ کرکٹ میں ہماری ان کے ساتھ ایک لمبی ایسو سی ایشن  رہی ہے۔ کرکٹ میں ان کے تعاون کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔۸۳ء کے عالمی کپ کے تاریخی جیت میں واضح کردار ادا کرنے کے ساتھ نیشنل سلیکٹر، دہلی سینئر کرکٹ سلیکشن  چیئرمین، دہلی کرکٹ ایدوائزری کمیٹی کے چیئرمین  اور ڈی دی سی اے کے رکن رہ چکے یش پال شرما جی کو ہماری دلی خراج عقیدت۔‘‘ سابق اسپنر بلویندر سندھونے کہا ’’یہ انتہائی بری خبر میں نے سنی ہے۔ اب تک صدمے میںہوں۔ ۱۹۸۳ء کی ٹیم کے سبھی اراکین ایک خاندان کی طرح تھے۔ اب ہمارے خاندان کا ایک رکن نہیں رہا۔ ‘‘ انہوں نے کہا’’میں اور وہ ایک کمرہ شیئر کیا کرتے تھے اور ہم نے ۳؍ دورے کئے تھے۔ مجھے ان کی ۱۹۸۳ء کی ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلی گئی اننگز اب بھی یاد ہے۔ اس صدمے کی وجہ سے میں زیادہ بات نہیں کرپا رہا ہوں۔ ‘‘کرس شری کانت نے اپنا ایک اچھا دوست گنوا دیا۔ شری کانت نے کہا ’’وہ ۱۹۸۳ء کے ورلڈ کپ کی کامیابی میں اہم رول اداکرنے والے ہیر و تھے۔ میری ان کے ساتھ کئی خوشگوار یاد یں وابستہ  ہیں۔ میں ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں۔ انہوں نے ورلڈ کپ ۲۰۱۱ء کی ٹیم کا انتخاب کرنے میں میری مدد کی تھی اور وہ اچھے معاون سلیکٹر تھے۔ ‘‘ ۱۹۸۳ء کی فاتح ٹیم کے رکن کیرتی آزاد نے کہا ’’انہوںنے چند روز قبل کہا تھا کہ وہ مجھ سے ملاقات کریں گے کیونکہ انہوں نے اپنا وزن کم کرلیا تھا۔ مجھے ۱۹۸۳ء کے ورلڈ کپ کا پہلا میچ یاد ہے جب انہوں نے ویسٹ انڈیز کے گیندبازوں کی جم کر دھنائی کی تھی۔ سیمی فائنل میں بھی انہوںنے اچھی بلے بازی کی تھی اور باب ولس کی دھنائی کی تھی۔ ‘‘  بی سی سی آئی کے سیکریٹری جئے شاہ نے کہا ’’ان کے انتقال سے سبھی کو صدمہ ہوا ہے۔  ۱۹۸۳ء ورلڈ کپ میں ان کی ویسٹ  انڈیز کے خلاف کھیلی گئی اننگز ہمیشہ یاد رہے گی۔ انہوںنے ہندوستانی کرکٹ کیلئے بہت کچھ کیا ہے۔ ‘‘ٹیم انڈیا کےسابق کپتان اور لیگ اسپنر انل کمبلے نے کہا ’’یشپال شرما جی کے انتقال کی خبرسن کر بہت افسوس ہواہے۔ وہ پہلا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے ہیرو تھے۔ میری ان کے اہل خانہ اور دوستوں سے تعزیت ہے۔ ‘‘ہندوستانی ٹیم کے سابق اوپنروریندر سہواگ نے کہا ’’یشپال شرماجی کے انتقال پر دل رنجیدہ ہے۔ وہ ۱۹۸۳ء کے ورلڈ کپ کے ہیر وتھے۔ ‘‘ سابق آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے کہا’’یہ منگل کو ملنے والی سب سے  بری خبر تھی کہ یشپال شرما پاجی کا انتقال ہوگیا۔ اوپر والا ان کی روح کو سکون بخشے ۔ میری ان کے اہل خانہ اور دوستوںو عزیزوں سے تعزیت ہے۔ ‘‘ سابق ٹیسٹ کھلاڑی وی وی ایس لکشمن نے کہا’’ان کے انتقال سے ہندوستانی کرکٹ کا نقصان ہوا ہے۔ وہ بہت فٹ رہتے تھے۔ میری ان کے  اہل خانہ سے تعزیت ہے۔ ‘‘ سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے کہا’’ان کے انتقال کی خبر سن کر بہت صدمہ ہوا۔ وہ ۱۹۸۳ء کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے بہترین بلے باز تھے۔ وہ بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی کے بھی اچھے رکن تھے۔ میری ان کے اہل خانہ سے ہمدردی ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK