• Thu, 24 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اے آئی ضوابط کے مطالبے پر ٹرمپ کے حامیوں کی ڈاریو امودی پر تنقید تیز

Updated: September 24, 2026, 7:06 PM IST | New York

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حامیوں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے خطرات سے متعلق انتباہ اور ضوابط کے مطالبے پر اینتھروپک کے چیف ایگزیکٹیو ڈاریو امودی کو نشانہ بنانا تیز کردیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایفیکٹو الٹروئزم (مؤثر فلاحی عمل) تحریک کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

Dario Amodei.Photo:INN
داریو امودی۔ تصویر:آئی این این

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حامیوں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے خطرات سے متعلق انتباہ اور ضوابط کے مطالبے پر اینتھروپک کے چیف ایگزیکٹیو ڈاریو امودی کو نشانہ بنانا تیز کردیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی  ایفیکٹو الٹروئزم (مؤثر فلاحی عمل) تحریک کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس سے اینتھروپک کے بعض ابتدائی وابستہ افراد کا تعلق رہا ہے۔
امریکی خبر رساں ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق امودی کے خلاف یہ مہم ایسے وقت چل رہی ہے جب ٹرمپ انتظامیہ اور اس کے حامی تیزی سے اے آئی کی ترقی کو فروغ دینے اور ٹیکنالوجی کی پیش رفت سست کرنے کے مطالبات کی مخالفت کر رہے ہیں۔ اس تنازع سے اینتھروپک پر ایک بار پھر سیاسی دباؤ بڑھ سکتا ہے، جبکہ کمپنی کی جانب سے بڑی ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کی توقع کی جا رہی ہے۔واشنگٹن میں اس ہفتے کے اوائل میں گردش کرنے والی ایک یادداشت میں ایفیکٹو الٹروئزم کو ایک ایسی حاشیے کی تحریک کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو امریکہ کے عام نظریات سے ہم آہنگ نہیں ہے۔ ایکسیوس کے مطابق یہ دستاویز ٹرمپ کے ایک سیاسی مشیر نے تیار کی ہے جو وہائٹ ہاؤس کے لیے کام نہیں کرتا۔ دستاویز میں اس تحریک پر اس چیز کو تشکیل دینے میں مدد دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے جسے اس نے  اے آئی ڈوم پائپ لائن  قرار دیا ہے۔
یادداشت میں امودی کو ان شخصیات میں شامل کیا گیا ہے جنہوں نے ایفیکٹو الٹروئزم کے نیٹ ورک کی تشکیل میں مدد کی۔ اس میں ان کی بہن اور اینتھروپک کی صدر ڈینیئلا امودی اور ان کے شوہر کی اے آئی سیفٹی سے متعلق ایک فلاحی ادارے میں سابق وابستگی کی طرف بھی اشارہ کیا گیا ہے اور ان روابط کو  دی اینتھروپک ناٹ قرار دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے قریب ایک شخص نے ایکسیوس کو بتایا کہ امودی ایسی نظریاتی سوچ اور اختراع کے طریقہ کار کی نمائندگی کرتے ہیں جو ٹرمپ کے امریکہ فرسٹ  ایجنڈے سے متصادم ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ایشیائی کھیلوں میں دلپریت کے دو گول، ہندوستان کی جنوبی کوریاپر فتح

ایفیکٹو الٹروئزم ایک وسیع فلاحی تحریک ہے جو سماجی فائدے کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے شواہد اور دلیل کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ اس تحریک کے بعض حلقے اے آئی سیفٹی کے شعبے میں نمایاں طور پر سرگرم رہے ہیں، بالخصوص تیزی سے ترقی پذیر اور زیادہ طاقتور اے آئی نظاموں سے وابستہ طویل مدتی خطرات کے حوالے سے۔ اینتھروپک نے خود کو اس اصطلاح سے دور رکھنے کی کوشش کی ہے۔ ڈینیئلا امودی نے ۲۰۲۵ء کے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ خود کو اس اصطلاح سے منسلک نہیں سمجھتیں، جبکہ اینتھروپک کی ابتدائی ملازمہ امانڈا اسکِل نے کہا تھا کہ  ایفیکٹو الٹروئزم تنظیم کا موضوع نہیں ہے۔ ڈاریو امودی بھی مختلف انٹرویوز میں کہہ چکے ہیں کہ وہ اس تحریک کے رکن نہیں ہیں۔ یہ سیاسی تنازع واشنگٹن اور سلیکن ویلی میں اے آئی سیفٹی پر بڑھتی ہوئی بحث کے بعد سامنے آیا ہے۔ امودی نے زیادہ قابل اے آئی نظاموں سے متعلق خدشات کے پیش نظر ٹیکنالوجی کی ترقی کی رفتار سست کرنے کی حمایت کی ہے، جبکہ دیگر ٹیکنالوجی ایگزیکٹیوز نے اے آئی کے ممکنہ فوائد اور چین کے مقابلے میں امریکہ کی برتری برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹیو سیم آلٹ مین، گوگل ڈیپ مائنڈ کے چیئرمین ڈیمس ہاسابیس اور ایلون مسک نے بھی اے آئی ایجنٹس کے بیرونی نظاموں کے ساتھ تعامل یا ان میں نقب لگانے سے متعلق متعدد واقعات کے بعد اے آئی کی ترقی کے بعض پہلوؤں کو سست کرنے کی حمایت کی ہے۔ دوسری جانب اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ اور مائیکروسافٹ کے سی ای او ستیہ نڈیلا سمیت دیگر ایگزیکٹیوز نے ٹیکنالوجی کی معاشی اور سائنسی صلاحیتوں پر زور دیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:نانی کی فلم نے امریکہ میں ۱۴؍ لاکھ ڈالر کمائے، ہندوستان میں ۱۸؍ لاکھ ٹکٹ فروخت

ٹرمپ نے اے آئی کے تباہ کن خطرات سے متعلق انتباہ کو زیادہ اہمیت نہیں دی ہے۔ انہوں نے نئی پابندیوں کے مطالبات مسترد کرتے ہوئے اے آئی کے قابو سے باہر ہوجانے کے خدشات کو  دھوکہ   قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ چین سے آگے رہنے کے لیے امریکہ کو تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا۔ اے آئی سیفٹی اور اپنے ماڈلز کے فوجی استعمال سے متعلق اختلافات کے باعث اینتھروپک کے ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ تعلقات پہلے ہی کشیدہ رہے ہیں۔ پینٹاگون نے اس سے قبل کمپنی کو سپلائی چین رسک  قرار دیا تھا، تاہم انتظامیہ کے دیگر عہدیداروں نے کمپنی کے حوالے سے زیادہ مفاہمت آمیز موقف اختیار کیا ہے۔
کمپنی کو قدامت پسند حلقوں سے باہر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ٹیکنالوجی کے بعض سرمایہ کاروں اور ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ شخصیات نے ایفیکٹو الٹروئزم کے بعض پہلوؤں اور اے آئی سیفٹی پر اس کے اثر و رسوخ پر سوال اٹھائے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ اس تحریک کی مخالفت صرف ٹرمپ کے حامیوں تک محدود نہیں ہے۔ حالیہ تنقید نے امودی اور اینتھروپک کو اے آئی کی ترقی کی رفتار، حکومتی نگرانی کے کردار اور حفاظت اور چین کے ساتھ مسابقت کے درمیان توازن سے متعلق وسیع تر بحث کا حصہ بنا دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK