Updated: October 06, 2025, 2:01 PM IST
| İstanbul
ترکی کی نشانہ بازی کی ٹیم نے استنبول میں منعقدہ یورپی چمپئنز لیگ آف ایئر ویپنز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تین طلائی تمغے جیت لئے۔ تجربہ کار شوٹر یوسف دیکچ کی قیادت میں ترکی نے مردوں اور خواتین دونوں کی ٹیموں میں کامیابی حاصل کر کے ایونٹ پر مکمل غلبہ قائم کیا۔
یوسف دیکچ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے۔ تصویر: ایکس۔
ترکی کی قومی نشانہ بازی کی ٹیم نے استنبول میں منعقدہ ’’یورپی چمپئنز لیگ آف ایئر ویپنز‘‘ میں تین طلائی تمغے جیت کر شاندار کامیابی حاصل کی۔ تجربہ کار شوٹر یوسف دیکچ، جو پیرس۲۰۲۴ء اولمپکس میں اپنے منفرد انداز کی وجہ سے عالمی سطح پر مشہور ہوئے تھے، ایک بار پھر ترکی کی کامیابی کے مرکزی کردار بنے۔ دیکچ نے مصطفیٰ عنان کے ساتھ مل کر مردوں کے۱۰؍ میٹر ایئر پسٹل ٹیم کے فائنل میں جرمنی کے کرسچن رائٹس اور پال فروہلش کوصفر ۲؍ سے شکست دے کر ترکی کیلئے طلائی تمغہ حاصل کیا۔
دیکچ کی قیادت میں گولڈ میڈلز
فائنل کے بعد دیکچ نے فتح اور اپنے ملک میں مقابلہ کرنے کے موقع پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا:’’یورپی چمپئنز لیگ ایک خاص پلیٹ فارم ہے جو صرف بہترین ایتھلیٹس کیلئے مخصوص ہے۔ اپنے ملک کی نمائندگی گھر کے شائقین کے سامنے کرنا، خاص طور پر جب یہ ٹورنامنٹ پہلی بار استنبول میں منعقد ہوا، میرے لئےبہت بڑا اعزاز ہے۔ یہاں طلائی تمغہ جیتنا میرے لئے خوشی کا باعث ہے، اور یہ قاہرہ میں نومبر میں ہونے والی ورلڈ چمپئن شپ کی تیاری بھی ہے، جہاں میرا ہدف ایک اور تمغہ جیتنا ہے۔ ‘‘ترکی کی کامیابی خواتین کے مقابلوں میں بھی جاری رہی۔ ۱۰؍ میٹر ایئر رائفل ٹیم ایونٹ میں داملا کوسے اور الیف برفین التون نے ناروے کو شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔ اسی طرح، ایسرا بوزابالی اور شیوال ایلائیدہ ترہان نے۱۰؍ میٹر ایئر پسٹل ٹیم کے فائنل میں فرانس کو ہرایا اور سونے کا تمغہ جیتا۔ ان فتوحات کے ساتھ، ترکی نے تمام تینوں ٹیم مقابلوں میں طلائی تمغے حاصل کئے۔
جب یوسف دنیا بھر میں وائرل ہوئے تھے

یوسف دیکچ پیرس اولمپکس ۲۰۲۴ء میں ۔ تصویر: آئی این این
یوسف دیکچ بین الاقوامی سطح پر اس وقت مشہور ہوئے جب انہوں نے پیرس۲۰۲۴ء اولمپکس میں مکسڈ۱۰؍ میٹر ایئر پسٹل ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ ان کا منفرد انداز بغیر کسی اضافی سپورٹ آلات کے صرف اپنی درست نشانے کی مہارت پر انحصار کرنا انٹرنیٹ پر وائرل ہوگیا۔ ان کی ویڈیوز دنیا بھر میں شیئر کی گئیں، حتیٰ کہ معروف صنعت کار ایلون مسک نے بھی ان کے کلپس شیئر کئے۔ اس توجہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکچ نے کہا کہ ان کا طریقہ نظم و ضبط کے ساتھ مہارت کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی:’’میں ہمیشہ اپنے توازن اور توجہ پر بھروسہ کرنے پر یقین رکھتا ہوں، نہ کہ آلات پر انحصار کرنے پر۔ یہ میرے لئے قدرتی محسوس ہوتا ہے، اور مجھے خوشی ہے کہ دنیا بھر کے لوگوں نے اولمپکس کے دوران یہ دیکھا۔ ‘‘