• Sun, 21 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انڈر۔۱۹؍ایشیا کپ فائنل: ہندوستان اور پاکستان خطاب کےلئےآمنے سامنے

Updated: December 21, 2025, 4:01 PM IST | Agency | Dubai

ہندوستانی ٹیم اتوار کو آئی سی سی اکیڈمی میں ہونے والے انڈر۔۱۹؍ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے  خطاب اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گی۔

India`s U-19 cricket team has reached the final of the Asia Cup without losing a single match. Picture: INN
ہندوستان کی انڈر۔۱۹؍ کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ میں بغیر کوئی میچ گنوائے فائنل تک کا سفر کیا ہے۔ تصویر: آئی این این
ہندوستانی ٹیم اتوار کو آئی سی سی اکیڈمی میں ہونے والے انڈر۔۱۹؍ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے  خطاب اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گی۔ آیوش مہاترے کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم گروپ’ اے‘ کے تمام میچ جیت کر پاکستان سے آگے ٹاپ پوزیشن پر رہی۔ پاکستان کو گروپ مرحلے میں واحد شکست ہندوستان کے ہاتھوں ہوئی تھی جس میں اسے گزشتہ اتوار کو ۹۰؍ رنوں سے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ہندوستان نے جمعہ کو سیمی فائنل میں بھی یہی تسلسل برقرار رکھا اور سری لنکا کو۸؍ وکٹوں سے شکست دی۔ دوسری طرف پاکستان نے دفاعی چمپئن بنگلہ دیش کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔
 ہندوستان کا اب تک کا سفر
فائنل تک ہندوستان کا سفر آل راؤنڈ کارکردگی پر مبنی رہا ، جس میں بلے بازوں اور گیند بازوں نے مل کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔  ہندوستان کی بیٹنگ شاندار رہی ہے اور ٹیم نے ۲؍ بار ۴۰۰؍ سے زیادہ کا اسکور بنایا ہے۔ اس ۵۰؍ اوور کے ٹورنامنٹ میں کئی نئی صلاحیتیں سامنے آئی ہیں، جن میں ۱۷؍سالہ وکٹ کیپر بلے باز ابھگیان کنڈو بھی شامل ہیں۔ نوجوان کھلاڑی ویبھو سوریہ ونشی نے متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے خلاف پہلے میچ میں ۹۵؍گیندوں پر ۱۷۱؍ رن بنا کر ہندوستان کو ۴۳۳؍رنوں تک پہنچایا۔ وہیں کنڈو نے ملائیشیا کے خلاف ۱۲۵؍ گیندوں پر ناقابلِ شکست ۲۰۹؍رن بنا کر ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کرایا۔ وہ یوتھ ون ڈے میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔یہ جوڑی پاکستان کی بولنگ لائن اپ کے خلاف ایک اور شاندار مظاہرہ کرنا چاہے گی۔ جب بھی ٹیم انڈیا کا ٹاپ آرڈر لڑکھڑایا ہے مڈل آرڈر کے بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ حیدرآباد کے ایرون جارج نے لگاتار ۳؍ نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کو سنبھالا ہے۔ انہوںنے۱۰۰؍سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ سے رن بنائے ہیں۔ ان کے ساتھ بائیں ہاتھ کے بلے باز ووہان ملہوترا اور آل راؤنڈر کنشک چوہان نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ چوہان نے ۴؍میچوں میں۶؍وکٹیں بھی لی ہیں۔گیند بازی میں ہندوستان کی قیادت تیز گیند باز دیپیش دیویندرن کر رہے ہیں، جو پاکستان کے عبدالسبحان کے ساتھ ٹورنامنٹ میں ۱۱؍ وکٹیں لے کر مشترکہ طور پر ٹاپ پر ہیں۔ دیپیش نے پاکستان کے خلاف گروپ مرحلے میں ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کر دیا تھا، جس میں ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر سمیر منہاس کا وکٹ بھی شامل تھا۔
وہیںپاکستان کی سب سے بڑی طاقت ان کی تیز گیند بازی ہے، جس میں سبحان، محمد صائم اور علی رضا شامل ہیں۔اسپن کے شعبے میں نقاب شفیق اور احمد حسین  ویرائٹی لاتے ہیں۔پاکستان کے لئے بلے بازی تشویش کا باعث ہے کیونکہ فرحان یوسف کی قیادت میں ٹیم مسلسل بہتر کارکردگی دکھانے میں جدوجہد کر رہی ہے۔
ستمبر میں ہندوستان کی سینئر ٹیم نے ایشیا کپ ٹی۔۲۰؍ جیتنے کے دوران پاکستان کو ۳؍ بار شکست دی تھی۔ جونیئر ٹیم بھی اسی سلسلے کو برقرار رکھنے کی امید کرے گی۔گزشتہ مقابلوں کی طرح دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان ہاتھ نہ ملانے کی پالیسی پر عمل کئے جانے کی توقع ہے۔ پاکستان ۲۰۱۲ء میں ایک بار ایشیا کپ کا چمپئن رہ چکا ہے اور اس کے بعد سے ۲؍ بار رنر اپ رہا ہے۔ اب وہ بڑے اسٹیج پر ہندوستان کے خلاف ہار کے سلسلے کو ختم کرنے کیلئے بے تاب ہوگا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK