Inquilab Logo

عمران ملک کو اپنی گیند بازی کی رفتار کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کرنا چاہئے

Updated: May 26, 2023, 1:33 PM IST | New Delhi

عرفان پٹھان نے آئی پی ایل میں ناکام رہنے والے عمران ملک کے تعلق سے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ان کی لائن اور لینتھ ٹھیک ہوجائےگی

photo;INN
تصویر :آئی این این

 موجودہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل ) میں جہاں اس بار پھر کئی نوجوان کھلاڑیوں نے کافی متاثر کیا ہے اور رنکو سنگھ اور یشسوی جیسوال جیسے نوجوانوں نے گہری چھاپ چھوڑی ہے وہیں عمران ملک کی ناکامی اور انہیں کچھ میچوں میں آخری ۱۱؍میں شامل نہ کئے جانے سے مداحوں کے ساتھ عرفان پٹھان کو بھی حیران کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ عمران ملک پچھلے آئی پی ایل سیزن میں سنسنی بن کر سامنے آئے تھے اور اپنی تیز رفتار گیندبازی سے سب کو متاثر کیا تھا۔
  عمران ملک کو گزشتہ سال سن رائزرز حیدرآباد نے ۴؍کروڑ روپے میں ٹیم میں برقرار رکھا تھا۔ گزشتہ سال عمران کو ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں بھی جگہ ملی تھی لیکن اس سال عمران ملک نے صرف ۸؍ میچ کھیلے  ہیں۔اس ماہ کے شروع میں جب عمران ملک کو لکھنؤ کے خلاف گھر میں ٹیم سے باہر رکھاگیا تھا تو ٹیم انڈیا کے سابق تیز گیند باز عمران پٹھان نے ٹویٹ کر کے کہا تھا کہ ’’عمران کو حیدرآباد انتظامیہ نے ٹھیک سے کنٹرول نہیں کیا۔آئی پی ایل  میں سب سے تیز گیند باز کا ڈگ آؤٹ میں  بیٹھنا  مجھے پریشان کرتا ہے۔‘‘
 دریں اثنا عرفان پٹھان کے برعکس تجربہ کار سابق بلے باز وریندر سہواگ نے عمران کو  تنقید نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ اپنی ٹیم کے گیندبازی کوچ ڈیل اسٹین سے کچھ نہیں سیکھ رہے ہیں۔ ایسے میں سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ حیدرآباد کیمپ میں عمران ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ کیا عمران کو واقعی گیندوں کی لینتھ اور لائن پر کام کرنے کی ضرورت ہے؟
 اس پہلو پر مشورہ دیتے ہوئے عرفان پٹھان نے بات چیت کے دوران کہا کہ عمران کی صلاحیت کے حامل کسی بھی گیند باز کو اپنی رفتار سے سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے آپ دیکھیں گے کہ وہ گزشتہ ایڈیشن میں حیدرآباد کیلئے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیندباز تھے۔ اس کے بعد عمران  ٹیم انڈیا کے لئے کھیلے۔ ہم ایک ایسے گیند باز کی بات کر رہے ہیں جو ۱۵۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے  گیندبازی کرتا ہے اور ہم یہاں  لینتھ اور لائن  کے ساتھ چپکے ہوئے ہیں۔ عرفان پٹھان نے کہا کہ اگر آپ تیز گیند بازی کر رہے ہیں اور آپ اپنی قومی ٹیم کا اثاثہ ہیں تو  لینتھ اور لائن خود بخود آجاتی ہے۔ سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ بولر خاص طور پر تیز گیند نہ کرے اور اپنی لینتھ اور ڈائریکشن پر توجہ مرکوز کرے۔ میں کہوں گا کہ وقت گزرنے کے ساتھ لینتھ اور لائن خود بخود آ جاتی ہے۔ عمران ملک کو اپنی رفتار سے کبھی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔ اسے تیز گیندیں کرنا جاری رکھنی چائے۔ میرے ذہن میں بہت سی باتیں ہیں جن کے بارے میں میں ان سے نجی طور پر ملاقات کرکے بتاؤںگا۔فی الحال عمران کواپنی فٹنس اور گیندبازی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
 وہیں، منوج تیواری نے بھی اپنی بات رکھی اور کہا کہ عمران ملک کی گیندبازی کو لے کر زیادہ کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ انہوں نے زیادہ میچ نہیں کھیلے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ عمران ملک کو زیادہ مواقع نہ دئیے جانے کی وجہ سے ان کے اعتماد میں کمی آرہی ہے اور یہ بات اچھی نہیں ہے۔ منوج تیواری کا مزید کہنا تھا کہ `آپ کے پاس ڈیل اسٹین جیسا عظیم بولر ہے، جو بولنگ کوچ ہے، اگر آپ اسٹین کی لینتھ پکڑ لیتے ہیں تو اس بولر کو کچھ دیکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ عمران نے اگر اسٹین کی لینتھ کو سمجھ لیتے ہیں تو یہ اور بھی خطرناک ہوجائیں گے۔ تیواری نے عمران  ملک کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی لینتھ اور لائن پر توجہ  دیںاور اپنی گیندوں کو سادہ رکھیں پھر شاید وہ دوبارہ واپس آ سکیں گے۔ ویسے انہیں اپنی رفتار کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہئے۔وہ بلے بازوں کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK