Inquilab Logo

یوروپا لیگ میں یونائٹیڈ نے شیریف کو شکست دی ، روما کی بھی فتح

Updated: October 29, 2022, 1:10 PM IST | Agency | Manchester

یونائٹیڈ نے شیریف کو صفر۔۳؍سے شکست دی۔ یونائٹیڈ کی جانب سے کرسٹیانو رونالڈو نے بھی ایک گول کیا۔ روما نے ہیلسنکی کو ۱۔۲؍ گول سے ہراد یا

Cristiano Ronaldo .Picture:INN
کرسٹیانو رونالڈو ۔ تصویر:آئی این این

یوئیفایوروپا لیگ میں مانچسٹر یونائٹیڈ اور روما فٹبال کلب نےاپنے اپنے میچ جیت کر ۳۔۳؍ پوائنٹس حاصل کئے۔ مانچسٹر یونائٹیڈ نے شیریف ایف سی ٹیم کو صفر۔۳؍ گول سے شکست دے دی۔ اس میچ میں کرسٹیانو رونالڈو نے بھی ایک گول کیا۔ دوسری طرف اٹلی کے کلب روما نے ہیلسنکی نے ایک۔۲؍ گول سے کامیابی حاصل کرلی۔ دونوں کو ۳۔۳؍پوائنٹس ملے۔ مانچسٹر یونائٹیڈ فٹبال کلب کی ٹیم پریمیر لیگ میں جدوجہد کرتی ہوئی نظرآرہی ہے اور اس کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیارونالڈو گول کرنے سے قاصر تھے اور ان پر مسلسل تنقید ہورہی تھی۔  تاہم  انہوں نے جمعرات کی دیر رات ہونے والے میچ میں  ایک گول کرکے سبھی کو خاموش کروا دیا۔  یونائٹیڈ فٹبال کلب کا مقابلہ شیریف فٹبال کلب سے ہوا۔ میچ کا پہلا گول  بہت تاخیر سے ہوا۔ ۴۴؍ویں منٹ میں ڈی ڈیلوٹ نے کرسٹین ایرکسن کی مدد سے ٹیم کا پہلا گول کیا۔ میچ کے  دوسرے ہاف میں یونائٹیڈ کی جانب سے ۲؍ گول ہوئے۔ پہلا گول مارکس رشفورڈ نے ۶۵؍ویں منٹ میں کیا۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد لیوک شا نے کی۔ میچ کے ۸۱؍ ویں منٹ میں پرتگال سے تعلق رکھنے والے مانچسٹر یونائٹیڈ کے اسٹار کھلاڑی رونالڈو نے اہم گول کرکے اپنی ٹیم کا اسکور صفر۔۳؍ کردیا۔ اس گول کے بعد کوئی اورگول نہیں ہوا  اور یونائٹیڈ نے میچ صفر۔۳؍ گول سے جیت لیا۔میچ کے بعد رونالڈو نے کہاکہ کافی وقت کے بعد میں نے گول کیا ہے۔ یہ گول کرنے کے بعد مجھے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم اگلے مقابلوں میں بھی ایسے ہی کارکردگی پیش کریں گے اور حریف ٹیموں پر اپنا دبدبہ قائم کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیں گے۔  یوروپا لیگ کے گروپ سی کے میچ میں روما فٹبال کلب نے ہیلسنکی کو اس کے ہی میدان پر شکست دی۔ روما کیلئے ایک گول ٹی ابراہم نے کیا اور ایک اون گول ہوا جو ہیلسنکی کے کھلاڑی اے ہوسکونین نے کیا۔  ہیلسنکی کی جانب سے واحد گول پی ہیت میج نے کیا۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد ابوبکر نے کی۔ میچ کے بعد ٹی ابراہم نے کہا کہ  ہمارے لئے سبھی میچ اہم ہیں اور سبھی میچوں میں کامیابی حاصل کرنا  چاہتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK