Inquilab Logo Happiest Places to Work

یونائٹیڈ کا میچ ڈرا، ٹوٹنہم ہاٹسپر، روما اور آرسنل کی فتح

Updated: March 13, 2021, 1:23 PM IST | Agency

یوروپا لیگ میں میلان اوریونائٹیڈکا میچ ایک ایک گول سے ڈرا ۔ آرسنل نے اولمپیاکوس کو،روما نے شاختر کو اور ٹوٹنہم نے ڈائنامو کوہرا دیا

Europa League - Pic : INN
یوروپا لیگ ۔ تصویر : آئی این این

 یوئیفا یوروپا لیگ کے راؤنڈ۱۶؍کے میچ میں یونائٹیڈ نے اچھی شروعات کی تھی لیکن اے سی میلان کے سائمن کیر نے انجری ٹائم میں برابری کا گول کرکے یونائٹیڈ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ یونائٹیڈ کے نوجوان کھلاڑی اماد ديالو نے میچ کے دوسرے ہاف میں پہلا گول کرکے اسکور صفر۔ ایک کردیا۔ میچ کے آخری وقت تک ایسا لگ رہا تھا کہ یہ میچ یونائٹیڈ صفر ۔ ایک سے جیت جائے گا لیکن فُل ٹائم کے بعد انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں اے سی میلان کے کھلاڑی سائمن کیر نے سیری اے کے کلب کیلئے برابری کا گول کیا ۔ اس گول سے اے سی میلان کو فائدہ ہواہےاور وہ اپنے گھریلو میدان پر یونائٹیڈ کو شکست دینے کی قوت رکھتاہے۔ 
اولمپیاکوس اور آرسنل کا مقابلہ
 راؤنڈ۱۶؍کے پہلے مرحلے کے میچ میں اولمپیاکوس کو اپنے ہی گھرپر آرسنل کے ہاتھوں ایک۔۳؍ سے شکست ہوئی۔ اولمپیاکوس کیلئے اگلے راؤنڈ میں داخلہ تقریباً مشکل ہے کیونکہ اسے اگلے مرحلے کے میچ میں آرسنل کو اس کے ہی میدان پر زیادہ گول کے فرق سے شکست دینا ہوگا۔میچ میں پہلا گول آرسنل کی جانب سے مارٹن اوڈیگارڈ نے ۳۴؍ویں منٹ میں کیا۔ ہاف میں یونان کے کلب کی جانب سے برابری کا گول یوسف العربی نے ۵۸؍ویں منٹ میں کیا۔ ۸۰؍ویں منٹ میں برتری کا گول  گیبرئیل نے ویلین کی مدد سے کیا۔ اس کے بعد ۸۵؍ویں منٹ میں آرسنل کی جانب سے  محمد ایلنینی نے کیا ۔ اس طرح انگلینڈ کے فٹبال کلب نے یہ میچ ایک۔۳؍ سے جیت لیا۔ 
ٹوٹنہم ہاٹسپر اور  ڈائنامو زاغریب کا میچ
 ٹوٹنہم نے اپنے گھریلو میدان پر اچھی کارکردگی کرتے ہوئے حریف ٹیم کے خلاف ۲؍گول کئے اور کوئی گول نہیں کھایا۔ میچ کے ہیرو ہیری کین رہے جنہوں نے ۲؍گول کئے۔ راؤنڈ ۱۶؍ کا اگلا مرحلہ اب ڈائنامو کے میدان پر ہوگا۔ ۲۵؍ویں منٹ میں ہیری کین نے ایرک لامیلا کی مدد سے ٹیم کا پہلاگول کیا اور اسکور صفر۔ ایک کر دیا۔ ۷۰؍ویں منٹ میں ہیری کین نے ایک اور گول کرکے اپنی ٹیم کی جیت کو یقینی کر دیا۔حالانکہ ڈائنامو اپنے گھریلو میدان پر خطرناک ثابت ہوسکتی ہے جہاں لندن کے کلب کو اپنے دفاع کو مضبوط رکھنا ہوگا۔ اس میچ میں ڈائنا مو کے کھلاڑی صرف کوشش کرتے رہے تھے اورٹوٹنہم کے دفاعی کھلاڑیوں نے انہیں گول کرنے نہیں دیا۔ 
روما اور شاختر ڈونیٹسک کا مقابلہ 
 اٹلی کے فٹبال کلب روما نے یوروپا لیگ کے راؤنڈ ۱۶؍ کے فرسٹ لیگ کے میچ میں شاختر کو صفر۔۳؍ سے شکست دے دی۔ میچ کا پہلا گول لورینزو  پلیگرینی نے ۲۳؍ویں منٹ میں کیا۔ ان کی معاونت پیڈرو راڈریگیز نے کی۔ میچ کے دوسرے ہاف میں روما کے کھلاڑیوں نے شاختر کے گول پر مسلسل حملے کئے اوراسے پیچھے دھکیل دیا۔ ۷۳؍ویں منٹ میں اسٹیفن الشاراوی نے بوریا مایورال کی مدد سے ٹیم کا دوسراگول کیا۔اس گول  کے ۵؍منٹ بعد ہی روما کی جانب سے ایک اورگول ہوا اور وہ گیانلوکا مانسینی نے کیا۔ انہوں نے برائن کرسٹینٹ کی مدد سے ٹیم کا اہم گول کیا اور اپنی ٹیم کی صفر۔۳؍ سے کامیابی میں اہم رول اداکیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK