Inquilab Logo Happiest Places to Work

یو ایس اوپن: انجری کے باوجود کارلوس الکاراز کی شاندار کارکردگی

Updated: August 30, 2025, 4:12 PM IST | New York

اسپینی اسٹار کارلوس الکاراز نے یو ایس اوپن۲۰۲۵ء کے تیسرے راؤنڈ میں میڈیکل ٹائم آؤٹ لینے کے بعد بھی اٹلی کے لوسیانو ڈارڈیری کو شکست دے کر چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنالی ہے، انجری کے باوجود ان کی کارکردگی شاندار رہی اور اب ان کا مقابلہ فرانس کے آرتھر رنڈرکنچ سے ہوگا۔

Carlos Alcaraz.Photo:INN
کارلوس الکاراز۔ تصویر:آئی این این

اسپین کے ٹینس اسٹار اور۲۰۲۲ء کے یو ایس اوپن  چمپئن کارلوس الکاراز نے نیویارک میں جاری یو ایس اوپن۲۰۲۵ء کے تیسرے راؤنڈ میں اٹلی کے لوسیانو ڈارڈیری کو۲۔۶، ۴۔۶، ۰۔۶؍سے شکست دے کر چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔ میچ کے دوران الکاراز کو اپنی دائیں ران میں تکلیف محسوس ہوئی جس کی وجہ سے انہوں نے میڈیکل ٹائم آؤٹ کیا تاہم اس دوران ان کی کارکردگی متاثر نہیں ہوئی اور وہ مضبوطی سے میچ جیت کر آگے بڑھنے میں کامیاب رہے۔

  میڈیکل ٹائم آؤٹ ختم ہونے کے دوران فزیو تھراپی
 کارلوس الکاراز کو اپنی دائیں ران میں درد محسوس ہوا جب وہ دوسرے سیٹ میں۲۔۶، ۴۔۵؍ سے آگے تھے جس کی وجہ سے انہیں فزیوتھراپسٹ کی مدد لینی پڑی۔ فزیوتھراپسٹ کورٹ پر آئے اور ان کی ران کا علاج کیا اور چند منٹوں کے بعد الکاراز بالکل فٹ نظر آئے۔ اس کے بعد انہوں نے دوسرا سیٹ۴۔۶؍ اور تیسرا سیٹ ۰۔۶؍سے جیت لیا۔  
فرٹز، منارینو اور ٹاؤن سینڈ آخری۱۶؍ میں پہنچے
 عالمی نمبر چار ٹیلر فرٹز، فرانس کے ایڈرین منارینو اور امریکی خاتون ٹینس کھلاڑی ٹیلر ٹاؤن سینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے میچ جیت کر یو ایس اوپن کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
جمعہ کی رات لوئس آرمسٹرانگ اسٹیڈیم میں تقریباً۳؍ گھنٹے تک جاری رہنے والے میچ میں ٹیلر فرٹز نے سوئس کوالیفائر جیروم کم پر۶۔۷، ۶۔۷، ۴۔۶، ۴۔۶؍ سے کامیابی  حاصل کی۔ فرٹز کا اگلے راؤنڈ میں چیک جمہوریہ  کے ٹامس مچاک سے مقابلہ ہوگا۔
میچ کے بعد فرٹز نے کہا کہ ’’یہ آسان نہیں تھا۔ جیروم بغیر کسی خوف کے کھیلے اور مجھے کڑی ٹکر دی، خاص طور پر پہلے ۲؍ سیٹوں میں۔ میں نے صرف جارحانہ رہنے اور اپنی سروس پر بھروسہ کرنے پر توجہ دی۔ نیویارک کے شائقین نے میری بہت حوصلہ افزائی کی جب مجھے ضرورت تھی۔‘‘ ایک اور میچ میں یو ایس اوپن میں چھٹے سیڈ امریکی بین شیلٹن کی مہم اس وقت مایوس کن طور پر ختم ہوئی جب وہ فرانس کے ایڈرین مینارینو کے خلاف تیسرے راؤنڈ کے میچ کے دوران چوٹ لگنے کے باعث میچ سے دستبردار ہو گئے۔ اس وقت میچ دو دو سیٹوں سے برابر تھا۔
اس ماہ کے شروع میں ٹورنٹو میں اپنا پہلا اے ٹی پی ماسٹرس ۱۰۰۰؍ ٹائٹل جیتنے والے شیلٹن نے چوتھے سیٹ کے اوائل میں ہی  بائیں کندھے میں شدید درد ہونے لگا۔ میڈیکل ٹائم آؤٹ اور کئی واضح پریشانی کی علامات کے بعد۲۲؍ سالہ کھلاڑی نے ۴؍سیٹوں میں  شکست تسلیم کرلی۔ شیلٹن کے کریئر میں پہلی بار انہوں نے ٹور کی سطح پر ایسا کیا ہے۔ ویمنز سنگلز میچ میں ٹیلر ٹاؤن سینڈ نے نڈر ٹینس کا شاندار مظاہرہ کیا اور عالمی نمبر ۵؍ روسی کھلاڑی میرا اینڈریوا کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ آرتھر ایشے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں، امریکن ٹاؤن سینڈ نے اینڈریوا کو۵۔۷، ۲۔۶؍سے ہرا کر۲۰۱۹ء کے بعد پہلی بار یو ایس اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں داخلہ لیا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK