بھیونڈی میں کانگریس کی ’ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ‘ مہم۔
EPAPER
Updated: October 27, 2026, 11:51 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
بھیونڈی میں کانگریس کی ’ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ‘ مہم۔
کانگریس کی ’ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ‘ مہم کے تحت بھیونڈی میں ۲۵؍اکتوبر تک مختلف علاقوں میں ووٹر بیداری چوپال منعقد کی گئیں۔ اب ۲۸؍اکتوبر سے بوتھ سطح پر ووٹر لسٹ کی جانچ اور شہریوں کو ان کے حق رائے دہی کے تعلق سے بیدار کرنے کی مہم شروع کی جائے گی۔ یہ اطلاع کانگریس کے بھیونڈی شہر صدر عابد منصف خان نے پریس کانفرنس میں دی۔انہوں نے بتایا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اور رکن پارلیمنٹ کے سی وینوگوپال کی ہدایت پر مہم کے پہلے مرحلے میں ۱۰؍سے ۲۰؍ اکتوبر تک ووٹر بیداری اور ووٹر لسٹ کی جانچ پر توجہ دی گئی تھی۔ دوسرے مرحلے میں ۲۵؍ اکتوبر تک شہر کے مختلف علاقوں اور بستیوں میں چوپال کے ذریعے شہریوں سے رابطہ قائم کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: کنسٹرکشن سائٹسپر فضائی آلودگی صفر! آڈٹ کا مطالبہ
۲۸؍اکتوبر سے بوتھ سطح پر مہم
عابد منصف خان کے مطابق۲۶؍اکتوبر کو کانگریس عہدیداران کی تال میل میٹنگ اور ۲۷؍ اکتوبر کو بوتھ لیول ایجنٹوں اور کارکنان کی تربیتی نشست منعقد کی جائے گی۔ اس کے بعد ۲۸؍ اکتوبر سے بوتھ سطح پر ووٹر لسٹ کی تصدیق اور ووٹر بیداری کا کام شروع ہوگا۔ اس مہم میں کانگریس کے بلاک صدور، پارٹی عہدیداران، یوتھ کانگریس، مہیلا کانگریس، سیوا دل اور سوشل میڈیا شعبے کے کارکنان حصہ لیں گے۔ووٹر لسٹ میں غلطیوں کی اصلاح پر زورمہم کے دوران شہریوں کو ووٹر لسٹ میں اپنے نام کی جانچ، غلط اندراجات کی نشاندہی اور ضروری اصلاحات کے طریقۂ کار سے واقف کرایا جائے گا۔ ووٹروں کی شکایات جمع کرکے متعلقہ انتخابی رجسٹریشن افسران تک پہنچانے اور ضابطے کے مطابق کارروائی میں بھی مدد کی جائے گی۔عابد منصف خان نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل ۳۲۶؍ اور بالغ رائے دہی کی اہمیت کو عام شہریوں تک پہنچانا اس مہم کا بنیادی مقصد ہے۔ کانگریس کی کوشش ہے کہ ہر اہل ووٹر ووٹر لسٹ میں اپنے نام کی تصدیق کرے اور اپنے حق رائے دہی کے تعلق سے بیدار رہے۔