وکٹوریہ مبوکو نے نیشنل بینک ٹورنامنٹ میں ناؤمی اوساکا کیخلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطاب پر قبضہ جمایا،بین شیلٹن نےمردوں کاسنگلز ٹائٹل اپنے نام کیا۔
EPAPER
Updated: August 09, 2025, 2:56 PM IST | Agency | Montreal
وکٹوریہ مبوکو نے نیشنل بینک ٹورنامنٹ میں ناؤمی اوساکا کیخلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطاب پر قبضہ جمایا،بین شیلٹن نےمردوں کاسنگلز ٹائٹل اپنے نام کیا۔
کینیڈا کی وکٹوریہ مبوکو نے ڈبلیو ٹی اے ٹور میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے شاندار جیت کے ساتھ خطاب پر قبضہ جما لیا ۔ فائنل میں انہوں نے ناؤمی اوساکا کو ۳؍ سیٹوں کے مقابلے میں شکست دے کر نیشنل بینک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا خطاب اپنے نام کیا۔ ۱۸؍ سالہ کھلاڑی نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد زبردست واپسی کی اور ۴؍ بار کی گرینڈ سلیم چمپئن اوساکا کو۶۔۲،۴۔۶،۱۔۶؍سے ہرا کر اپنا پہلا ڈبلیو ٹی اے ٹور خطاب جیت لیا۔
نوجوان کھلاڑی وکٹوریہ مبوکونے تجربہ کار اوساکا کے سامنے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد بھی حوصلہ نہیں ہارا اور سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے واپسی کی۔ ۲۔۶؍سے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد انہوں نے اگلے ۲؍سیٹ اپنے نام کرلئے۔ دوسرے سیٹ میں انہوں نے اوساکا کو ۴۔۶؍ سے ہرایا۔ اگلے سیٹ میں وکٹوریہ اور بھی زیادہ جارحانہ انداز میں میدان میں اتریں اور مخالف کھلاڑی کو غلطیاں کرنے پر مجبور کیا اور ۱۔۶؍کے بڑے فرق سے سیٹ جیت کر خطاب پر قبضہ جما لیا۔
ورلڈ رینکنگ میں بڑی چھلانگ
اس جیت سے کینیڈا کی وکٹوریہ مبوکوکو عالمی درجہ بندی میں زبردست فائدہ ہونے والا ہے۔ فائنل میں اوساکا کو شکست دینے کے بعد وہ ۸۵؍ویں سے ۲۵؍ویں نمبر پر پہنچ جائیں گی۔ وکٹوریہ اوپن ایرا میں یہ خطاب جیتنے والی کینیڈا کی تیسری کھلاڑی بن گئی ہیں۔ ان سے پہلے ۱۹۶۹ءمیں فے اربن اور ۲۰۱۹ء میں بیانکا اینڈریسکُو نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں وائلڈ کارڈ کے ذریعے جگہ بنانے والی وکٹوریہ کو پورے میچ کے دوران شائقین کی بھرپور حمایت حاصل رہی۔ اوساکا نے میچ پوائنٹ پر جیسے ہی شاٹ نیٹ پر مارا تو وکٹوریہ گھٹنوں کے بل بیٹھ گئیں اور شائقین خوشی سے جھوم اٹھے۔وکٹوریہ وائلڈ کارڈ کے ذریعے جگہ بنانے والی تیسری ایسی کھلاڑی ہیں جنہوں نے ڈبلیو ٹی اے ۱۰۰۰؍کا خطاب جیتا۔ ان سے پہلے ۲۰۱۱ءمیں سنسناٹی میں ماریہ شاراپووا اور ۲۰۱۹ءمیں انڈین ویلز میں اینڈریسکُو نے یہ خطاب حاصل کیا تھا۔
بین شیلٹن نے کھاچانو و کو ہراکر خطاب جیت لیا
مردوں کے سنگلز فائنل میں امریکہ کے بین شیلٹن نے اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے نیشنل بینک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے طور پر اپنے کریئر کا تیسرا اور سب سے بڑا خطاب جیتا۔انہوں نے فائنل میں روس کے ۱۱؍ویں سیڈڈ کیرن کھاچانوو کو۶۔۷،۶۔۴،۷۔۶؍سے شکست دی۔
۲۲؍سالہ شیلٹن ۲۰۰۳ءمیں اینڈی روڈک کے بعد ماسٹرز ۱۰۰۰؍ ہارڈ کورٹ مقابلہ جیتنے والے امریکہ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔شیلٹن نے ۲۰۲۳ءمیں ٹوکیو میں ہارڈ کورٹ پر اور پچھلے سال ہاؤسٹن میں کلے کورٹ پر بھی فتح حاصل کی تھی۔ اس جیت سے شیلٹن عالمی رینکنگ میں اپنے کریئر کے بہترین چھٹے نمبر پر پہنچ جائیں گے۔
دریں اثناءمردوں کے ڈبلز فائنل میں جولین کیش اور لائیڈ گلاسپُل نے جو سیلس بری اور نیل اسکوپ سکی کو۶۔۳، ۶۔۷، ۱۳۔۱۱؍ سے ہرایا۔