Updated: April 30, 2026, 1:08 PM IST
|
Agency
| New Delhi
ونیش نے۸؍اگست۲۰۲۴ء کو ریٹائرمنٹ کا اعلان کیاتھا، پھر دسمبر میں ریٹائرمنٹ واپس لے لیا تھا، اب وہ رِنگ میں اترنے کیلئے تیار ہیں۔
ونیش پھوگاٹ۔ تصویر:ائی این این
ونیش پھوگاٹ۲۰؍ ماہ بعد ریسلنگ ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی۔ انہوں نے منگل کو اتر پردیش نیشنل اوپن رینکنگ ٹورنامنٹ کیلئے رجسٹریشن کرایا۔ ونیش نے ایکس پر ایک پوسٹ میں یہ معلومات شیئر کیں ۔ تاہم، ونیش نے پہلے الزام لگایا تھا کہ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا(ڈبلیو ایف آئی) انہیں ٹورنامنٹ میں شرکت سے روک رہی ہے ۔ ونیش نے سوشل میڈیا پر لکھا’’آج صبح میرا رجسٹریشن مکمل ہو گیا۔ لنک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے میں کل رجسٹر نہیں کر سکی۔ سب کے تعاون کا شکریہ۔‘‘
ونیش کے رجسٹریشن میں تاخیر کے بارے میں ڈبلیو ایف آئی نے کہا کہ پورٹل کے ساتھ ایک تکنیکی مسئلہ تھا ۔ اس سے نہ صرف ونیش بلکہ کئی دوسرے پہلوانوں کی رجسٹریشن روک دی گئی۔ بعد ازاں جب لنک دوبارہ کھلا تو اندراجات جمع کرائے گئے ۔ فیڈریشن نے کہا کہ ونیش کا رجسٹریشن پیر کی رات۱۰؍ بجکر۲۹؍ پر مکمل ہوا، جبکہ ونیش نے منگل کی صبح اپنی پوسٹ میں اس کا ذکر کیا۔
ونیش پھوگاٹ نے ۲۰۲۴ء پیرس اولمپکس میں۵۰؍ کلوگرام فری اسٹائل ریسلنگ کے زمرے میں حصہ لیا تھا۔ انہوں نے شاندار کارکردگی کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائی تھی لیکن باؤٹ سے پہلے ان کا وزن تقریباً۱۰۰؍ گرام زیادہ پایا گیا۔اس کے بعد اولمپک قوانین کے تحت انہیں ٹورنامنٹ سے نااہل قرار دے دیا گیا۔ اس سے مایوس ہوکر ونیش نے۸؍اگست کو ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ تاہم، انہوں نے دسمبر۲۰۲۴ء میں اپنا ریٹائرمنٹ واپس لے لیا تھا ۔ ونیش۱۰؍ سے۱۲؍مئی تک گونڈا میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں ۵۷؍کلوگرام زمرے میں حصہ لیں گی۔ اب ان کی نظریں آئندہ ایشین گیمز اور۲۰۲۸ء کے لاس اینجلس اولمپکس پر ہیں۔ ونیش۲۰۲۴ء کے ہریانہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر ایم ایل اے بھی منتخب ہوئی تھیں۔