Inquilab Logo Happiest Places to Work

قسط ادا نہ کرنے پر ریکوری ایجنٹوں کے ہاتھوں صارف کی پٹائی

Updated: April 30, 2026, 1:39 PM IST | Agency | Pune

ویڈیو وائرل ہونے پر پونے پولیس کمشنر نے خود نوٹس لیا ، معاملہ درج ،بینکوںکیلئے سخت ہدایات جاری کیں۔

The Video Of The Incident Is Going Viral On Social Media.Photo:INN
سوشل میڈیا پر واقعے کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے- تصویر:آئی این این
پونے میں قرض کی وصولی کے نام پر ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ کریڈٹ کارڈ کی قسطیں ادا نہ کرنے کی پاداش میں ایک صارف کو سڑک پر روک کر وحشیانہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پونےپولیس کمشنر نے کود نوٹس لیا اورانڈس انڈ بینک کے تین ریکوری ایجنٹوں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ۔ ساتھ ہی  پولیس کمشنر نے اس معاملے میں سخت ہدایت بھی جاری کی ہیں۔
اطلاع کے مطابق سندیپ ہنومنت جمعدار کی طرف سے درج کروائی گئی شکایت کے مطابق جے سہاس کاسر، ونیت سہاس کاسر اور تنشک ہریش کھڈے نے قرض کی وصولی کے نام پر اسے دھمکی دی اور مار پیٹ کی۔اس مار پیٹ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے، جس میں ملزمین سڑک پر ہنومنت کی پٹائی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ جبکہ اس کے ساتھ موجود خاتون اسے بچانے کی کوشش کر رہی ہے اور پٹائی کرنے والوں سے مراٹھی میں التجا کر رہی ہے کہ’مارئیے مت، مارئیے مت‘ اس ویڈیو کے سامنے آنے پر عوام کے درمیان غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی تنقیدیں ہو رہی ہیں۔ 
اس واقعے کے بعد پونے کے پولیس کمشنر امیتیش کمار نے بینکوں اور مالیاتی اداروں کیلئے سخت ضابطوں کا اعلان کیا ہے۔  امتیش کمار کے مطابق ریکوری ایجنٹ کو مقرر کرنے سے پہلے ان کے مجرمانہ پس منظر کی جانچ کر لی جائے۔  جبری طو ر پر وصولی نہ کی جائے ، رات کو گھروں میں گھس کر ریکوری نہ کی جائے ، لوگوں کو سڑک پر روک کر قرض ادا کرنے کا مطالبہ نہ کیا جائے۔  پولیس کمشنر نےکہا ہےکہ بینک کی وصولی کے طریقے کا ہر سطح پر جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے عوام کو ہدایت دی کہ اگر کوئی ریکوری ایجنٹ ریکوری کے نام پر صارف کے ساتھ زور زبردستی کر رہا ہو یا دباؤ ڈال رہا ہو تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جائے۔ ایسے معاملات میں متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس طرح کے واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں اور ہر بار حکومت اور پولیس کی جانب سے سخت کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے لیکن قرض وصولی کا بینکوں کا اپنا طریقہ اب بھی جاری ہے۔ عدالت نے بھی بینکوں کی جانب سے قرض وصولی کیلئے تشدد کا راستہ اختیار کرنے پر سخت تنقید کی ہے ۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے پر ایک بار پھر یہ معاملہ زیر بحث ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK