Inquilab Logo Happiest Places to Work

وراٹ اورروہت اندرونی سیاست کا شکار ہوگئے: کرسن

Updated: August 16, 2025, 6:44 PM IST | New Delhi

سابق فاسٹ بولر کرسن گھاوری نے بڑا بیان دیا ہے۔ کرسن گھاوری کے مطابق روہت شرما اور وراٹ کوہلی کو ٹیسٹ ٹیم سے باہر کیا جا سکتا تھا۔ گھاوری نے کہا کہ روہت اور کوہلی خود ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنا نہیں چاہتے تھے، لیکن حالات اور بی سی سی آئی کے رویے نے انہیں یہ قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔

Virat and Rohit.Photo:INN
وراٹ کوہلی اور روہت شرما۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان  کے تجربہ کار کھلاڑیوں روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اچانک فیصلے سے ہر کوئی حیران رہ گیا تھا۔ دونوں نے دورۂ انگلینڈ سے قبل ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ انگلینڈ کے دورے کے لیے ٹیم انڈیا کی ٹیسٹ ٹیم کے اعلان سے کچھ دن پہلے روہت نے سوشل میڈیا پر ریڈ بال کرکٹ سے ریٹائرڈ ہونے کے بارے میں بتایا۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد وراٹ کوہلی نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ان دونوں سابق کھلاڑیوں کے ریٹائرڈ  ہونے کے فیصلوں کے پیچھے کئی وجوہات ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے:محمد صلاح اور چیسا نے لیورپول کو شرمندگی سے بچایا

حال ہی میں سابق فاسٹ بولر کرسن گھاوری نے ایک بڑا بیان دیا ہے۔  ان  کے مطابق روہت اور کوہلی کو ٹیسٹ ٹیم سے باہر کیا جا سکتا تھا۔ وکی لالوانی شو میں  کوہلی کے اچانک ٹیسٹ ریٹائرمنٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر کرسن گھاوری نے کہا کہ یہ ایک معمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہلی اگلے چند سال آرام سے ہندوستان کے لیے کھیل سکتے تھے، لیکن ایسا لگتا ہے کہ کسی چیز نے انھیں ریٹائرڈ ہونے پر مجبور کر دیا ہے۔ گھاوری نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ جب کوہلی ریٹائرڈ ہوئے تو بی سی سی آئی نے انھیں باعزت  ریٹائرڈ  نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ایسے عظیم کھلاڑی جنہوں نے بی سی سی آئی، ہندوستانی کرکٹ اور کروڑوں شائقین کے لیے بہت کچھ کیا ہے، انہیں احترام کے ساتھ شاندار الوداع کیا جانا چاہیے تھا۔ 
 گھاوری نے چونکا دینے والا دعویٰ کیا کہ روہت اور کوہلی ٹیم کے اندر چل رہی سیاست کا شکار ہو گئے۔ گھاوری نے کہاکہ بی سی سی آئی کے اندر کی سیاست کو سمجھنا آسان نہیں ہے۔ میرے خیال میں یہی وجہ ہے کہ دونوں نے وقت سے پہلے ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا۔ روہت شرما کو بھی شاید اشاروں میں کہہ دیا گیا تھا کہ اب رخصتی کا وقت آگیا ہے۔ گھاوری نے مزید کہاکہ  روہت اور کوہلی خود ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنا نہیں چاہتے تھے، لیکن حالات اور بی سی سی آئی کے رویے نے انہیں یہ قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔ ان کے مطابق یہ سب ٹیم کی اندرونی سیاست کا حصہ تھا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK