Inquilab Logo

کبھی سوچا نہیں تھا کہ ملک کیلئے ۱۰۰؍ٹیسٹ میچ کھیلوں گا

Updated: March 04, 2022, 12:20 PM IST | Agency | Mohali

ٹیم انڈیا کے سابق کپتان وراٹ کوہلی نے اس سنگ میٖل پر پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا

Virat Kohli .Picture:INN
وراٹ کوہلی ۔تصویر: آئی این این

سابق کپتان وراٹ کوہلی نے جمعرات کو کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ ۱۰۰؍ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔وراٹ کوہلی نے بی سی سی آئی کے ٹویٹر ہینڈل پر اپ لوڈ ایک ویڈیو پیغام میں کہا’’یہ ایک طویل سفر رہا ہے۔ شکر گزار ہوں کہ میں اسے ۱۰۰؍ ٹیسٹ میچوں تک پہنچانے میں کامیاب رہا ۔‘‘سابق کپتان نے کہا’’میں کبھی بھی یہ سوچ کر بڑا نہیں ہوا کہ مجھے کم رن بنانے ہیں۔  میرے ذہن میں ہمیشہ بڑی اننگز کھیلنے کی بات رہتی تھی۔ میں فرسٹ کلاس کی سطح تک پہنچنے سے پہلے جونیئر کرکٹ میں ۷۔۸؍ڈبل سنچریاں بنا چکا تھا۔ میری توجہ ہمیشہ طویل وقت تک بلے بازی کرنے پر مرکوز رہتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کوہلی نے اب تک ۹۹؍ ٹیسٹ میچوں میں ۲۷؍ سنچریاں اور ۲۸؍نصف سنچریوں سمیت۷؍ہزار۹۶۲؍ رن بنائے ہیں۔ انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں ۸؍ہزاررن مکمل کرنے کے لئے ۳۸؍رن درکار ہیں۔ وہ جمعہ کو یہاں پنجاب کرکٹ اسوسی ایشن کے آئی ایس بندرا اسٹیڈیم میں اپنا ۱۰۰؍واں ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔
  ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وراٹ کوہلی کے جمعہ کو یہاں ۱۰۰؍ویں ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم جیت کیلئے کھیلے گی۔ وراٹ کوہلی نے اپنے اب تک کے شاندار کرکٹ کریئر میں کئی سنگ میل حاصل کئے ہیں اور وہ جمعہ کو موہالی کے پنجاب کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم میں اپنے آپ کو پروقار سطح پر پائیں گے، جب وہ ۱۰۰؍ ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ہندوستان کے ۱۲؍ویں  اور دنیا کے  ۷۰؍ ویں کھلاڑی بن جائیں گے۔ ان سے پہلے سچن تینڈوولکر، راہل دراوڈ، وی  ایس لکشمن، انل کمبلے، کپل دیو، سنیل گاوسکر، دلیپ وینگسرکر، سورو گنگولی، ایشانت شرما، ہربھجن سنگھ اور وریندر سہواگ ۱۰۰؍سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔ وراٹ کیلئے اس لمحے کو یادگار بنانے کیلئے  پی سی اے نے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔  چنڈی گڑھ کے مختلف مقامات پر کوہلی کو مبارکباد دینے والے بڑے بڑے بورڈ لگائے ہیں۔ اس کے علاوہ آئی ایس بندرا کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی کوہلی کو مبارکباد کے پیغامات والے بینرز لگائے گئے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ پی سی اے کی جانب سے وراٹ کو ایک سلور شیلڈ بھی بطور یادگار پیش کی جائے گی۔۷۰؍کی اہمیت  وراٹ کوہلی اب تک بین الاقوامی کرکٹ میں  ۷۰؍سنچریاں بنا چکے ہیں۔خاص بات یہ ہے کہ گزشتہ۷۰؍بین الاقوامی اننگز میں کوہلی کوئی سنچری نہیں بنا سکے ہیں۔ اور اس سے بھی دلچسپ بات یہ ہے کہ وراٹ کوہلی ۱۰۰؍ٹیسٹ میچ کھیلنے والے دنیا کے ۷۰؍ویں کھلاڑی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK