Updated: April 08, 2026, 2:01 PM IST
|
Agency
| Madrid
ریئل میڈرڈ کے اسٹار فارورڈ ونیسیس جونیئر نے بارسلونا کے نوجوان کھلاڑی لامین یمل کی جانب سے میچ کے دوران مسلم مخالف نعروں کی مذمت کرنے پر ان کی بھرپور حمایت کی ہے۔ برازیلین اسٹار کا کہنا ہے کہ فٹ بال کے میدانوں سے امتیازی سلوک کے خاتمے کے لئے کھلاڑیوں کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی ونیسیس جونیئر۔ تصویر:آئی این این
ریئل میڈرڈ کے اسٹار فارورڈ ونیسیس جونیئر نے بارسلونا کے نوجوان کھلاڑی لامین یمل کی جانب سے میچ کے دوران مسلم مخالف نعروں کی مذمت کرنے پر ان کی بھرپور حمایت کی ہے۔ برازیلین اسٹار کا کہنا ہے کہ فٹ بال کے میدانوں سے امتیازی سلوک کے خاتمے کے لئے کھلاڑیوں کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اسپین اور مصر کے درمیان ہونے والے دوستانہ میچ کے دوران ہسپانوی شائقین کی جانب سے نازیبا اور مسلم مخالف نعرے لگائے گئے تھے۔ بارسلونا کے مسلم کھلاڑی لامین یمل نے اس رویے کو ناقابلِ برداشت اور توہین آمیزقرار دیا تھا۔لامین یمل کا تعلق مراکش سے ہے۔
چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل میں بائرن میونخ کے خلاف میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ونیسیس نے کہا’’"یہ بہت اہم ہے کہ لامین یمل نے اس مسئلے پر آواز اٹھائی۔ ہم مشہور ہیں اور وسائل رکھتے ہیں، اس لئے ہم ان چیزوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں لیکن وہ غریب اور سیاہ فام لوگ جو روزانہ اس جدوجہد سے گزرتے ہیں، ان کے لئے آواز اٹھانا ہمارا فرض ہے۔‘‘
ونیسیس جونیئر، جو خود بھی کئی بار نسل پرستانہ جملوں کا نشانہ بن چکے ہیں، نے واضح کیا کہ وہ کسی ملک کو مجموعی طور پر نسل پرست نہیں کہہ رہے، لیکن ہر جگہ ایسے عناصر موجود ہیں جن کے خلاف لڑنا ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر موجودہ کھلاڑی متحد رہے تو مستقبل کی نسل کو ایسے حالات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔یاد رہے کہ لامین یمل نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ اسٹیڈیم میں اسلام مخالف نعرے سن کر انہیں شدید دکھ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کو تمسخر کا نشانہ بنانا جہالت اور نسل پرستی کی بدترین شکل ہے۔مجھے فخر ہے کہ میں مسلمان ہوں۔اور میں اس طرح کی نفرت انگیز باتیں برداشت نہیں کر سکتا۔