Inquilab Logo

ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو۳۷؍رن سے شکست دے دی

Updated: February 14, 2024, 11:15 AM IST | Agency | Perth

آسٹریلیا کا ٹی ۲۰؍ سیریز میں کلین سویپ کا خواب ٹوٹ گیا۔ میزبان ٹیم نے سیریز پر ۱۔۲؍سے قبضہ کرلیا۔

Andre Russell and Sheriff Rutherford. Photo: INN
آندرے رسل اور شیرفین رُدرفورڈ۔ تصویر : آئی این این

آندرے رسل (۲۹؍ گیندوں پر۷۱؍ رن) اور شیرفین رُدرفورڈ (ناٹ آؤٹ۶۷؍رن) کے درمیان چھٹے وکٹ کیلئے ۱۳۹؍ رن کی ریکارڈ شراکت کی مدد سے ویسٹ انڈیز نے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ۲۰؍ میچ میں منگل کوآسٹریلیا کی ٹیم کو۳۷؍ رن سے شکست دے دی۔ 
 ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے ۶؍ وکٹوں پر۲۲۰؍ رن بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم ۵؍ وکٹ پر۱۸۳؍ رن ہی بنا سکی۔ رسل اور رُدرفورڈ کے درمیان یہ ٹی ۲۰؍ کی تاریخ میں کیریبین جوڑی کے درمیان چھٹے وکٹ کے لئے کی گئی سب سے بڑی شراکت تھی جس کی وجہ سے آسٹریلیا کا ٹی ۲۰؍ سیریز میں ویسٹ انڈیز کا کلین سویپ کرنے کا خواب ٹوٹ گیا۔ 
ایک وقت ویسٹ انڈیز کے ۵؍ وکٹ ۷۹؍ رن پر گر چکے تھے اور مہمان ٹیم کے ۱۷۰؍ رن کے قریب ہدف کی امید تھی لیکن رسل نے کریز پر آتے ہی کنگارو گیندبازوں پر حملہ کر دیا۔ انہیں دوسرے کنارے پر رُدر فورڈ کا بھرپور ساتھ ملا۔ دونوں بلے بازوں کی دھماکہ خیز کارکردگی نے میزبان کیمپ میں ہلچل مچا دی۔ رسل نے ۲۹؍ گیندوں کی اپنی مختصر لیکن طوفانی اننگز کے دوران ۷؍ چھکے اور ۴؍ چوکے لگائے جبکہ ردرفورڈ نے ۴۰؍گیندوں پر ۵؍ چوکے اور ۵؍ فلک بوس چھکے لگائے اور حریف ٹیم پر دباؤ ڈالا۔ 
 آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر(۸۱؍رن) نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا لیکن دوسرے سرے پر متوقع تعاون نہ ہونے کی وجہ سے میزبان ٹیم کیلئے ہدف طویل ہوتا گیا جس کی وجہ سے بالآخر اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اگرچہ آخر کے اوورس میں ٹم ڈیوڈ (ناٹ آؤٹ ۴۱؍رن) نے ۴؍ چھکوں کے ساتھ طوفانی بلے بازی کا مظاہرہ کیا، لیکن یہ ٹیم کو فتح کی دہلیز تک لے جانے کیلئے نا کافی تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK