Inquilab Logo Happiest Places to Work

جب آشا بھوسلے اوربریٹ لی کی جوڑی نے کرکٹ اور موسیقی کے شائقین کو مسحور کر دیا تھا

Updated: April 12, 2026, 4:09 PM IST | Mumbai

آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولربریٹ لی کے ساتھ آشا بھوسلے نے’’یو آر دی وَن‘‘ گانا بھی گایا تھا۔ یہ گانا ہندی اور انگریزی دونوں زبانوں میں تھا۔ ہندی حصے آشا بھوسلے نے جبکہ انگریزی حصے بریٹ لی نے گائے تھے۔

Asha Bhosle And Brett Lee.Photo:INN
آشا بھوسلے اور بریٹ لی۔ تصویر:آئی این این

ہندی سنیما کی مشہور اور عظیم پلے بیک سنگرآشا بھوسلے  کا اتوار کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال   میں انتقال ہو گیا۔ وہ ۹۲؍ برس کی تھیں۔ موسیقی میں اپنے تجربات کے لیے جانی جانے والی آشا بھوسلے نے۲۰؍سے زائد زبانوں میں ۱۲؍ہزارسے زیادہ گانے گائے۔ موسیقی کے ساتھ ساتھ ان کا کرکٹ کی دنیا سے بھی گہرا تعلق رہا۔
 آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولربریٹ لی  کے ساتھ آشا بھوسلے نے’’یو آر دی وَن‘‘ گانا بھی گایا تھا۔ یہ گانا ہندی اور انگریزی دونوں زبانوں میں تھا۔ ہندی حصے آشا بھوسلے نے جبکہ انگریزی حصے بریٹ لی نے گائے تھے۔ یہ گانا آئی سی سی چمپئن ٹرافی ۲۰۰۶ء  کے دوران ریلیز ہوا تھا، اور اس کے بول خود بریٹ لی نے لکھے تھے۔
آشا بھوسلے کی دلکش آواز میں یہ گانا ہندوستان میں سپرہٹ ثابت ہوا اور آج بھی یوٹیوب پر موسیقی کے شائقین میں بے حد مقبول ہے۔ اس عظیم گلوکارہ کے مداحوں میں کرکٹ کے میدان میں بھگوان کا درجہ رکھنے والے سچن تینڈولکر بھی شامل ہیں۔ آشا بھوسلے اکثر سچن کو کرکٹ کا سب سے بڑا فنکار کہا کرتی تھیں، اور وہ کئی مواقع پر کرکٹ یا موسیقی کے پروگراموں میں ان کے ساتھ نظر آتی تھیں۔

یہ بھی پڑھئے:کیا ’’رامائن‘‘ کے فلمسازوں نے فلم میں واقعی اصلی سونا استعمال کیا ہے؟


 آشا بھوسلے کی طبیعت کچھ عرصے سے ناساز چل رہی تھی۔ حالت زیادہ بگڑنے پر انہیں ممبئی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کے انتقال کے بعد ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کی موت ملٹی آرگن فیلئر کی وجہ سے ہوئی۔ ان کے بیٹے آنند بھوسلے کے مطابق پیر کو صبح ۱۱؍ بجے سے دوپہر ۳؍ بجے تک آخری دیدار ہوں گے، اور شام ۴؍بجے  شیواجی پارک  میں سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھئے:کروڑوں کی جائیداد،آشا بھوسلے موسیقی کے ساتھ کاروبار میں بھی کامیاب رہیں

آشا بھوسلے کے مشہور گانوں میں  پیا تو اب تو آجا، دم مارو دم، یہ میرا دل، چرا لیا ہے تم نے، ان آنکھوں کی مستی کے، اور دل چیز کیا ہے شامل ہیں۔ فلمی دنیا اور موسیقی میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ اور پدم وبھوشن  ، قومی فلم ایوارڈ اور کئی فلم فیئر ایوارڈز سے نوازا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK