انڈر۱۹؍ٹیم نے کنگارو ٹیم کو ان کے ہی گھر میں ۱۶۷؍رنوں سے ہراکر یکروزہ سیریز میں کلین سویپ کیا جبکہ انڈیا’اے‘ نے بیگی گرین ٹیم کولکھنؤ میں ۵؍وکٹوں سےپٹخنی دی۔
EPAPER
Updated: September 27, 2025, 1:52 PM IST | Agency | Brisbane
انڈر۱۹؍ٹیم نے کنگارو ٹیم کو ان کے ہی گھر میں ۱۶۷؍رنوں سے ہراکر یکروزہ سیریز میں کلین سویپ کیا جبکہ انڈیا’اے‘ نے بیگی گرین ٹیم کولکھنؤ میں ۵؍وکٹوں سےپٹخنی دی۔
ویدانت ترویدی (۸۶) اور راہل کمار (۶۲)کی نصف سنچریوں کے بعد کھلن پٹیل (۴؍ وکٹ) اور ادھو موہن (۳؍ وکٹ) کی مہلک گیندبازی کی بدولت ہندوستان کی انڈر۔۱۹؍ٹیم نے جمعہ کو تیسرے یکروزہ میں آسٹریلیا کو ۱۶۷؍رنوں سے شکست دی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے ۳؍ میچوں کی سیریز تین صفرسے جیت لی۔
۲۸۱؍کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا انڈر ۔۱۹؍کو ابتدائی دھچکا لگا جب کنشک چوہان نے پہلے ہی اوور میں ایلکس لی ینگ (۴) کو آؤٹ کر دیا۔ ادھو موہن نے اس کے بعد اسٹیون ہوگن (۹) اور کپتان ول ملاجچک (۱۵) کو آؤٹ کرکے آسٹریلیا کو دباؤ میں ڈال دیا۔ ٹام ہوگن نے ایلکس ٹرنر کے ساتھ چوتھے وکٹ کیلئے۵۰؍ رن جوڑ کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی۔
۲۰؍ویں اوور میں کنشک چوہان نے ایلکس ٹرنر (۳۲) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو بڑا دھچکا پہنچایا۔ ہندوستانی فیلڈرز نے پھر دباؤ ڈالا اور ٹام ہوگن (۲۸) کو رن آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کے بلے باز ہندوستانی بولنگ اٹیک کے سامنے زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکے اور ۲۸ء۳؍ اوور میں ۱۱۳؍رنوں پر سمٹ گئے۔ آسٹریلیا کے ۸؍ بلے باز دوہرے ہندسے تک پہنچنے میں ناکام رہے۔ ہندوستان کی جانب سے کھلن پٹیل نے ۷ء۳؍اوور میں ۲۶؍ رن دے کر ۴؍ وکٹیں حاصل کیں۔ ادھو موہن نے ۵؍ اوور میں ۲۶؍رن دے کر ۳؍ وکٹ لئے۔ کنشک چوہان نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے ہندوستان کی انڈر ۔۱۹؍ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ہندوستان کو پہلا جھٹکا دوسرے اوور میں لگا جب اس نے کپتان آیوش مہاترے (۴) کو کھو دیا۔ وہان ملہوترا جو بیٹنگ کیلئے آئے، نے ویبھو سوریہ ونشی کے ساتھ اننگز کو مستحکم کرتے ہوئے اسکور کو ۳۶؍تک پہنچا دیا۔ویدانت ترویدی نے ویہان ملہوترا کے ساتھ تیسرےوکٹ کیلئے ۶۹؍ رن جوڑے۔ ۲۱؍ویں اوور میں ول ملاجچک نے ویہان ملہوترا (۴۰) کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد راہل ملہوترا نے ویدانت ترویدی کیساتھ چوتھے وکٹ کیلئے ۱۰۱؍رنوں کی سنچری شراکت قائم کرکے ٹیم کیلئے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔
۳۸؍ویں اوور میں کیسی بارٹن نے ویدانت ترویدی کو آؤٹ کر دیا جو سنچری کے قریب تھے۔ ویدانت ترویدی نے ۹۲؍گیندوں میں ۸۶؍ رن بنائے جن میں۸؍ چوکے شامل تھے۔ ہرونش پنگالیا (۲۳) پانچویں وکٹ کے طور پرآؤٹ ہوئے۔ راہل کمار نے ۸۴؍گیندوں پر۶؍ چوکوں کی مدد سے ۶۲؍رن بنائے۔ ہندوستان نے مقررہ ۵۰؍اوور میں۹؍وکٹوں پر ۲۸۰؍رن بنائے۔
انڈیا’ اے‘ کی فتح، راہل اور سائی سدرشن کی شاندار سنچریاں
کے ایل راہل نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈیا ’اے‘ کیلئے ناٹ آؤٹ سنچری بنائی۔ تصویر: آئی این این
کے ایل راہل اور سائی سدرشن (۱۰۰) کی سنچریوں کی بدولت انڈیا’ اے‘ نے جمعہ کو دوسرے غیر سرکاری ٹیسٹ میں آسٹریلیا’ اے‘ کو ۵؍وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ کے چوتھے دن انڈیا’ اے‘ نے ۲؍ وکٹ پر ۱۶۹؍ رنوں سے آگے کھیل شروع کیا تھا۔ ٹیم کا تیسرا وکٹ مانو ستار (۵) کی صورت میں گرا۔کے ایل راہل، جو کل ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے تھے، پھر بلے بازی کیلئے آئے اور اپنی سنچری مکمل کی۔ سائی سدرشن نے ۱۷۲؍گیندوں پر ۹؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر ۱۰۰؍ رن بنائے۔ کپتان دھرو جریل نے راہل کیساتھ پانچویں وکٹ کیلئے۱۱۵؍ رن جوڑے ۔ انڈیا’ اے‘ نے ۹۳ء۳؍ اوور میں ۵؍ وکٹوں پر ۴۱۳؍رن بنا کر ۵؍ وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ کے ایل راہل نے ۲۱۰؍ گیندوں میں ۱۶؍چوکے اور ۴؍ چھکے مار کر ناٹ آؤٹ ۱۷۶؍رن بنائے تھے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں ۴۲۰؍اور دوسری میں۱۸۵؍رن بنائے تھ۔انڈیا نے پہلی اننگز میں۱۹۴؍رن ہی بنائے تھے۔