Updated: July 15, 2026, 9:04 PM IST
| New York
فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے سیمی فائنل میں بدھ کو اٹلانٹا کے مرسڈیز بینز اسٹیڈیم میں ہونے والے انگلینڈ اور ارجنٹائنا کے درمیان مقابلے کو سیکوریٹی کے لحاظ سے ٹورنامنٹ کا سب سے حساس میچ قرار دیا گیا ہے۔ اسی وجہ سےایف بی آئی، فیفا اوراٹلانٹا پولیس نے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔
ارجنٹائنا کے مداح۔ تصویر:ایکس
فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے سیمی فائنل میں بدھ کو اٹلانٹا کے مرسڈیز بینز اسٹیڈیم میں ہونے والے انگلینڈ اور ارجنٹائنا کے درمیان مقابلے کو سیکوریٹی کے لحاظ سے ٹورنامنٹ کا سب سے حساس میچ قرار دیا گیا ہے۔ اسی وجہ سےایف بی آئی، فیفا اوراٹلانٹا پولیس نے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:اسپین کی فتح کا خفیہ نسخہ ؟ ایرانی کباب سے متعلق دلچسپ دعویٰ
رپورٹس کے مطابق، ایف بی آئی، فیفا اور اٹلانٹا پولیس کے اعلیٰ حکام نے میچ سے قبل مشترکہ اجلاس منعقد کر کے سیکوریٹی پلان کا جائزہ لیا۔ اگرچہ حکام نے کسی مخصوص خطرے کی نشاندہی نہیں کی، تاہم ان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور جذباتی رقابت کے باعث شائقین کے درمیان انفرادی جھڑپوں کا خدشہ موجود ہے۔احتیاطی تدابیر کے طور پر انگلینڈ اور ارجنٹائنا کے شائقین کو اسٹیڈیم میں الگ الگ داخلی راستوں سے داخل کیا جائے گا۔ تاہم اسٹیڈیم کے اندر باضابطہ طور پر انہیں الگ نہیں بٹھایا جائے گا، کیونکہ ٹکٹوں کی بڑی تعداد ری سیل پلیٹ فارمز کے ذریعے فروخت ہو چکی ہے، جس کے باعث نشستوں کی مکمل علیحدگی ممکن نہیں رہی۔ اٹلانٹا پولیس نے اسٹیڈیم، دونوں ٹیموں کے ہوٹلوں اور شہر کے اہم عوامی مقامات پر بھی اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔ پولیس کے بیان میں کہا گیا’’جیسے ہی اٹلانٹا فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے، شہریوں اور شائقین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اضافی اہلکار اور وسائل پہلے ہی تعینات کر دیے گئے ہیں۔
صرف فٹبال نہیں، ایک تاریخی رقابت
انگلینڈ اور ارجنٹائنا کے درمیان دشمنی صرف کھیل تک محدود نہیں بلکہ اس کے پس منظر میں کئی دہائیوں پر محیط سیاسی اور تاریخی عوامل بھی شامل ہیں۔۱۹۸۶ء کے ورلڈ کپ میں ڈیاگو میراڈونا کے متنازع ہینڈ آف گاڈ گول نے اس رقابت کو مزید شدت دی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان ماضی کے سیاسی تنازعات بھی اس کشیدگی کا حصہ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:فلم ’’الفا‘‘ میں بوبی دیول کے ڈی ایجنگ نے توجہ حاصل کی
غیر معمولی اہمیت کا سیمی فائنل
میدان میں ایک جانب لیونل میسی ارجنٹائنا کو ایک اور ورلڈ کپ فائنل تک پہنچانے کی کوشش کریں گے جبکہ دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم ۶۰؍ سال بعد عالمی ٹائٹل جیتنے کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے میدان میں اترے گی۔تاہم منتظمین کے لیے یہ مقابلہ صرف فٹبال کا نہیں بلکہ تاریخ، سیاست اور شدید جذباتی رقابت کا امتزاج ہے، اسی لیے اس میچ کے لیے سیکوریٹی منصوبہ بندی کئی روز پہلے شروع کر دی گئی تھی اور میچ کے اختتام کے بعد بھی سخت حفاظتی انتظامات برقرار رہیں گے۔