Inquilab Logo

وژڈن آل ٹائم ون ڈے الیون میں کپل دیوشامل

Updated: December 23, 2020, 12:38 PM IST | Agency | London

کرکٹ کے بائبل کہے جانے والے وژڈن نےبین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی آل ٹائم بہترین رینکنگ کی بنیاد پر بہترین ون ڈے الیون ٹیم منتخب کی ہے جس میں واحد ہندوستانی کھلاڑی کے طور پر عالمی کپ فاتح کپتان کپل دیو کو جگہ ملی ہے جنہیں اس ٹیم کا کپتان بھی بنایا گیا ہے۔

Kapil Dev.Picture :INN
کپل دیو۔ تصویر:آئی این این

 کرکٹ کے بائبل کہے جانے والے وژڈن نےبین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی آل ٹائم بہترین رینکنگ کی بنیاد پر بہترین ون ڈے الیون  ٹیم منتخب کی ہے جس میں واحد ہندوستانی کھلاڑی کے طور پر عالمی کپ فاتح کپتان کپل دیو کو جگہ ملی ہے جنہیں اس ٹیم کا کپتان بھی بنایا گیا ہے۔  وژڈن نے آئی سی سی کی آل ٹائم رینکنگ کی بنیاد بناتے ہوئے بہترین ایک روزہ الیون کا انتخاب کیا ہے۔ اس الیون میں کھلاڑیوں کو آل ٹائم بہترین رینکنگ کی بنیاد پر جگہ دی گئی ہے۔ اس رینکنگ میں ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے، سب سے زیادہ رن بنانے والے اور سب سے زیادہ سنچری بنانے والے عظیم بلے باز سچن تینڈولکر کو جگہ نہیں ملی ہے۔ اس الیون میں واحد ہندوستان کے پہلے عالمی کپ فاتح کپل دیو ہیں جنہیں اس ٹیم کا کپتان بھی بنایا گیا ہے۔ کپل دیو آل راؤنڈر رینکنگ میں ۶۳۱؍ریٹنگ پوائنٹ کے ساتھ ۲۲؍ مارچ ۱۹۸۵ء کو نمبر ایک  پر رہے تھے۔ ہندوستان نے۱۹۸۳ء میں کپل کی کپتانی میں تاریخی لارڈس میدان پر دو مرتبہ کی عالمی چمپئن   ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر پہلی مرتبہ خطاب جیتا تھا۔  وژڈن کی آل ٹائم ون ڈے الیون میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں ویسٹ انڈیز کے ویوین رچرڈس، آسٹریلیا کے ڈین جونس، پاکستان کے ظہیر عباس، آسٹریلیا کے گریگ چیپل ، انگلینڈ کے ڈیوڈ گاور، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرس، جنوبی افریقہ کے شان پولاک، نیوزی لینڈ کے رچرڈ ہیڈلی، ویسٹ انڈیز کے جوئیل گارنر اور سری لنکا کے  متھیامرلی دھرن شامل ہیں۔ خطرناک بلے باز رچرڈس۹۳۵؍ ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ۲؍دسمبر۱۹۸۵ءکو نمبر ون بنے تھے جبکہ ایک روزہ کرکٹ کے فنیشر کہے جانے والے جونس۹۱۸؍ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ۹؍ مارچ۱۹۹۱ء کو ۵؍ویں نمبر پر تھے۔ ایشین بریڈمین کے نام سے معروف ظہیرعباس۹۳۱؍ پوائنٹس کے ساتھ ۲۰؍جون ۱۹۸۳ء کو دوسرے نمبر پر تھے۔ ٹاپ آرڈر بلے بازآسٹریلوی بلے باز چیپل  ۳؍ فروری ۱۹۸۱ء کو۹۲۱؍پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ، انگلینڈ کے بائیں ہاتھ کے اسٹائلش بلے باز گاور۹۱۹؍ پوائنٹ کے ساتھ۱۵؍ جون ۱۹۸۳ء کو چوتھے اور مسٹر ۳۶۰؍ڈگری کے نام سے مشہور جنوبی افریقہ کے بلےباز اے بی ڈی ویلیئرس ۹۰۲؍پوائنٹ کے ساتھ۲۴؍ مارچ ۲۰۱۵ء کو۹؍ویں نمبر پر تھے اور انہیں وکٹ کیپر کی جگہ دی گئی ہے۔پولاک ۱۴؍فروری ۲۰۰۷ء کو۹۱۷؍ ریٹنگ پوائنٹ کے ساتھ۱۴؍ فروری ۲۰۰۷ء کو تیسرے، ہیڈلی۹۲۳؍ پوائنٹ کے ساتھ۱۸؍ جون۱۹۸۳ء کو دوسرے ، گارنر۹۴۰؍ پوائنٹ کے ساتھ۱۷؍ اپریل ۱۹۸۵ء کو پہلے اور مرلی دھرن۹۱۳؍پوائنٹ کے ساتھ ۹؍ اپریل ۲۰۰۲ء  کو چوتھے نمبر پر رہے تھے۔ سچن تینڈولکرکی بہترین ریٹنگ ۸۸۷؍رہی تھی جو انہیں آل ٹائم رینکنگ میں۱۵؍ ویں نمبر پر رکھتی ہے۔ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی معمولی فرق سے اس الیون میں جگہ نہیں بناسکے۔ وراٹ۹۱۱؍ پوائنٹ کے ساتھ آل ٹائم رینکنگ میں چھٹے نمبر پر ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK