Inquilab Logo

خواتین ٹی ۲۰؍ عالمی کپ:کیا جنوبی افریقہ آج ’چوکرس‘ کا داغ مٹا سکے گا؟

Updated: February 26, 2023, 9:13 AM IST | new Delhi

فائنل میں میزبان جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کا مقابلہ۔ دونوں ٹیمیں خطاب جیتنے کیلئے تیار

South Africa
جنوبی افریقہ

جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم نے جمعہ کی رات  تاریخ رقم کی۔ انگلینڈ کو شکست دے کر جنوبی افریقہ کی ٹیم ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گئی۔ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار جنوبی افریقہ کی ٹیم کسی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ وہ خطاب سے صرف ایک قدم دور ہے۔ اس کے پاس برسوں کی خشک سالی کو ختم کرنے کا موقع ہے۔ اس کے پاس خود پر چوکرس کا ٹیگ ہٹانے کا موقع ہے۔ تاہم یہ سب اس کیلئے اتنا آسان نہیں ہوگا کیونکہ جنوبی افریقہ کے سامنے ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی کامیاب ترین ٹیم آسٹریلیا کا چیلنج ہے جس نے سیمی فائنل میں ہندوستان کو۵؍ رن سے شکست دی تھی۔
 خیال رہے کہ خطابی مقابلہ اتوار کو جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ آسٹریلیا نے اس ورلڈ کپ میں اب تک اپنے تمام میچ جیتے ہیں۔ وہ گروپ میں ٹاپ پر تھی۔ اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کو گروپ مرحلے میں۲؍ میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑاتھا۔ ایسے میں میزبان کیلئے اس چیلنج پر قابو پانا آسان نہیں ہوگا۔ جنوبی افریقی ٹیم کو سیمی فائنل کے مقابلے فائنل میں زیادہ طاقت لگانے کی ضرورت ہے۔
فائنل کھیلنے والا تیسرا میزبان
  جنوبی افریقہ گھریلو میدان کا فائدہ حاصل کر سکتا ہے۔ جنوبی افریقہ ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے والا تیسرا میزبان ہے اور یہ بھی دلچسپ ہے کہ اب تک فائنل کھیلنے والی ہر میزبان عالمی چمپئن  بنی ہے۔یہ کارنامہ ۲۰۰۹ء میں انگلینڈ اور۲۰۲۰ء میں آسٹریلیانے انجام دیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے سفر کی بات کریں تو آسٹریلیا کا پلڑا زیادہ بھاری ہے۔ آسٹریلیا نے اپنی مہم کا آغاز نیوزی لینڈ کو۹۵؍ رن سے شکست دے کر کیا۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کو۸؍ وکٹ سے، سری لنکا کو۱۰؍ وکٹ سے، جنوبی افریقہ کو۶؍ وکٹ سے اور ہندوستان  کو ۵؍ رن سے شکست ہوئی۔
جنوبی افریقہ کو۲؍ میچوں میں شکست  ہوئی ہے
  جنوبی افریقہ کو اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں ۳؍رن  سے ہار کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ اگلے میچ میں اچھا کھیلتے ہوئےمیزبان ٹیم نے نیوزی لینڈ کو ۶۵؍ رن سے شکست دی، لیکن تیسرے میچ میں ہی اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ملی۔ اس کے بعد میزبان ٹیم نے بنگلہ دیش کو۱۰؍ وکٹ اور پھر انگلینڈ کو۶؍ رن سے ہرا دیا۔ 
فائنل میں بلے کی جنگ
 فائنل میں بلے کی زبردست جنگ ہوگی۔ بیتھ مونی، میگ لیننگ اور ایشلے گارڈنر کے بلے سے رن آ رہے ہیں۔ ایلیس پیری بھلے ہی ابھی بلے کے ساتھ نہ چل سکی ہوں لیکن فائنل میں وہ جنوبی افریقہ کیلئے مشکلات کھڑی کر سکتی ہیں۔ سیمی فائنل میں انہوں نے فیلڈنگ سے ٹیم کی جیت میں بڑا کردار ادا کیا۔ جنوبی افریقہ کیلئے لورا وولوار ڈی  اور تاجمین برٹس کے بلے سے رن آ رہے ہیں۔ ماریجن کیپ بلے اور گیند دونوں سے بھاری ہونے کیلئے تیار ہیں۔ آسٹریلیا کیلئے شبنم اسماعیل کو ڈیتھ اوورس میں سنبھالنا مشکل ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK