Inquilab Logo

ایشیا کپ کیلئے خواتین ٹیم کا اعلان، ہرمن کپتان مقرر

Updated: September 22, 2022, 1:35 PM IST | Agency | Mumbai

جیمائمہ کو فٹ ہونے پر ٹیم میں شامل کیا گیا۔ رچا گھوش بھی اسکواڈ میں

Harmanpreet Singh  .Picture:INN
ہرمن پریت سنگھ ۔ تصویر:آئی این این

 ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ  (بی سی سی آئی) نے بدھ کو خواتین کے ٹی۲۰؍ ایشیا کپ۲۰۲۲ءکیلئے اسکواڈ کا اعلان کیا، جس میں آل راؤنڈر جیمائمہ روڈریگیز کو شامل کیا گیا ہے۔ روڈریگیز کلائی کی انجری کے باعث دورۂ انگلینڈ سے باہر ہوگئی تھیں۔ وہ فی الحال بنگلور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ۳؍ ہفتے کی صحت یابی عمل  سے گزر رہی ہیں۔ روڈریگیز کے علاوہ انگلینڈ کے خلاف ٹی۲۰؍ سیریز۱۔۲؍ سے ہارنے والی ہندوستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ انگلینڈ سیریز میں آخری اوور کی شاندار بلے بازی سے متاثر کرنے والی رچا گھوش نے پہلی وکٹ کیپر کے طور پر ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھی۔ تانیہ بھاٹیہ، جو کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۲ء میں ہندوستان کی پہلی وکٹ کیپر تھیں، کو رچا کی ٹیم میں جگہ کی وجہ سے سمرن بہادر کے ساتھ اضافی کھلاڑیوں کی فہرست میں رکھا گیا ہے۔ انگلینڈ سیریز کے دوران اپنا ڈیبیو کرنے والی ٹاپ آرڈر بلے باز کرن پربھو نوگیرے نے ہرمن پریت کور کی قیادت والی ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔ میگھنا سنگھ اور رینوکا سنگھ ٹیم کے دو اہم سیمرس ہیں، جب کہ آل راؤنڈر پوجا وستراکر تیز گیند بازی کا تیسرا متبادل ہیں۔ سلیکٹرس نے اسکواڈ میں بائیں ہاتھ کے دو اسپنرس راجیشوری گائیکواڑ اور رادھا یادو کو شامل کیا ہے جب کہ آل راؤنڈر اسنیہہ رانا اور دپتی شرما دائیں ہاتھ کی اسپن گیندبازی کرسکتی  ہیں۔ ویمنز ایشیا کپ ۴؍سال کے وقفے کے بعد لوٹ رہی ہیں۔۷؍ ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ لیگ مرحلے میں ہر ٹیم ۶؍ میچ کھیلے گی جس کے بعد ٹاپ ۴؍ ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گی۔ ہرمن پریت کی ٹیم اپنی مہم کا آغاز یکم اکتوبر سے سری لنکا کے خلاف کرے گی۔ بالترتیب ۳؍ اکتوبر اور۴؍ اکتوبر کو ملائیشیا اور ڈیبیو کرنے والے متحدہ عرب امارات سے مقابلہ کرنے کے بعد ہندوستان کا مقابلہ۷؍ اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان سے ہوگا۔ ہندوستان۸؍ اکتوبر (بنگلہ دیش) اور۱۰؍ اکتوبر (تھائی لینڈ) کو ہونے والے میچوں کے ساتھ لیگ مرحلے کا اختتام کرے گا۔ تمام میچ سلہٹ میں ہوں گے، جہاں ہندوستان نے آخری بار۲۰۱۴ء میں ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے دوران کھیلا تھا۔ بنگلہ دیش ویمنز ایشیا کپ کی دفاعی چمپئن ہے، جس نے۲۰۱۸ء میں کوالالمپور میں ہندوستان کو آخری گیند پر شکست دی تھی۔ ہندوستانی اسکواڈاس طرح ہے : ہرمن پریت کور (کپتان)، اسمرتی مندھانا (نائب کپتان)، دپتی شرما، شیفالی ورما، جیمائما روڈریگیز، ایس میگھنا، رچا گھوش (ڈبلیو کے)، اسنیہہ رانا، دیالن ہیملتا، میگھنا سنگھ، رینوکا سنگھ، پوجا وستراکر، راجیشوری گائیکواڑ، رادھا یادو، کرن نوگیرے۔ اضافی کھلاڑیو ںمیں  تانیہ بھاٹیہ، سمرن بہادر کو شامل کیا گیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK