Inquilab Logo Happiest Places to Work

عالمی کپ کی کامیابی نے زیادہ کامیابیوں کی بھوک بڑھا دی: جیمیمہ

Updated: August 12, 2026, 9:05 PM IST | Mumbai

ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کی بلے باز جیمیمہ روڈریگز کا کہنا ہے کہ خواتین کے کرکٹ عالمی کپ میں تاریخی کامیابی نے ٹیم کے اندر مزید فتوحات کی خواہش پیدا کردی ہے اور اب ٹیم کی نظریں پہلی خواتین چیمپئن ٹرافی پر ہیں۔

Jemimah Rodrigues.Photo:X
جیمیمہ روڈریگز-تصویر:ایکس

 ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کی بلے باز جیمیمہ روڈریگز کا کہنا ہے کہ خواتین کے کرکٹ عالمی کپ میں تاریخی کامیابی نے ٹیم کے اندر مزید فتوحات کی خواہش پیدا کردی ہے اور اب ٹیم کی نظریں پہلی خواتین چیمپئن ٹرافی پر ہیں۔ ہندوستان نے گزشتہ سال اپنی سرزمین پر پہلی مرتبہ خواتین کا عالمی کپ جیتا تھا۔ جیمیمہ کے مطابق بڑی بین الاقوامی ٹرافی جیتنے کے تجربے نے ٹیم کے عزائم مزید بلند کردیئے ہیں اور اب وہ ایک اور ٹرافی اپنے نام کرنا چاہتی ہے۔
 جیمیمہ نے جیو اسٹار سے کہاکہ ’’ہم نے ایک مرتبہ کامیابی کا ذائقہ چکھ لیاہے اور ہمیں معلوم ہے کہ سرفہرست رہنے کا احساس کیسا ہوتا ہے۔ جتنا زیادہ آپ اس کا ذائقہ چکھتے ہیں، اتنا ہی زیادہ وہاں رہنے کی خواہش ہوتی ہے۔ ہماری ٹیم اسی سمت کام کر رہی ہے۔ چیمپئن ٹرافی بہت خاص ہوگی، کیونکہ خواتین کرکٹ میں یہ پہلی مرتبہ منعقد ہوگی اور میں بھی پہلی بار اس کا حصہ بنوں گی۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ ٹیم کی سوچ میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور ہمیشہ کی طرح توجہ ٹیم کو کامیابی دلانے پر مرکوز رہے گی۔

ہندوستان کا اگلا بڑا امتحان دسمبر میں جنوبی افریقہ کا مشکل دورہ ہوگا، جس کے بعد ٹیم کی تمام تر توجہ چیمپئن ٹرافی پر مرکوز ہوجائے گی۔سات میچوں کے اس دورے کا آغاز ۹؍ دسمبر سے گکیبرہا میں واحد ٹیسٹ سے ہوگا۔ اس کے بعد ۱۶؍ دسمبر سے تین ون ڈے اور ۲۶؍ دسمبر سے تین ٹی۲۰؍ بین الاقوامی میچ کھیلے جائیں گے۔اس سیریز میں ہندوستان کو ایک بار پھر جنوبی افریقہ کا سامنا ہوگا، جسے اس نے گزشتہ سال عالمی کپ کے فائنل میں شکست دی تھی۔

یہ بھی پڑھئے:جنت زُبیرنے ممبئی کے خوبصورت اور پرتعیش مکان کی جھلک مداحوں کو دکھائی

جیمیمہ نے کہاکہ یہ سیریز یقیناً بہت دلچسپ ہوگی۔ دونوں ٹیمیں بہت اچھا کھیل رہی ہیں۔ حالیہ عرصے میں دونوں کے درمیان اچھی رقابت رہی ہے اور ہم نے جنوبی افریقہ کے خلاف کافی میچ کھیلے ہیں۔ دنیا کی دو بہترین ٹیموں کا جنوبی افریقہ میں آمنے سامنے ہونا ایک بڑا چیلنج ہوگا اور ہم اس کے لیے پرجوش ہیں۔  جیمیمہ کو آخری بار دی ہنڈریڈ ۲۰۲۶ء میں سدرن بریو کی جانب سے کھیلتے دیکھا گیا تھا۔ انہوں نے چھ میچوں میں  ۱۴۳؍ رنز بنائے اور ٹیم کو پلے آف میںہ پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھئے:بابر اعظم دوبارہ ٹاپ ۱۰؍ میں، پاکستان کے تین کھلاڑیوں کی رینکنگ میں نمایاں بہتری

۲۵؍ سالہ جیمیمہ نے ٹورنامنٹ میں دو مرتبہ پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا، تاہم ہیمسٹرنگ انجری کے باعث انہیں اپنا سیزن درمیان میں ہی ختم کرنا پڑا۔ اب ان کی فوری توجہ مکمل صحت یابی اور میدان میں واپسی پر ہے جبکہ ہندوستان کے مصروف بین الاقوامی شیڈول میں پہلی خواتین چیمپئن ٹرافی سے قبل انہیں اپنی فارم اور فٹنس ثابت کرنے کے کئی مواقع ملیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK