Updated: January 28, 2026, 5:07 PM IST
|
Agency
| Baroda
ممبئی انڈینس کے ۱۹۹؍ رنوں کے جواب میںآر سی بی ۱۸۴؍ رن بناسکی، سیوربرنٹ کی سنچری ،بنگلورکی ریچا گھوش کی بھی متاثر کن بلے بازی۔
نٹالی سیوربرنٹ نے ۵۷؍ گیندوں میں سنچری بنائی۔ تصویر:پی ٹی آئی
ممبئی انڈینزکی نٹالی سیور برنٹ نے ویمنس پریمیر لیگ(ڈبلیو پی ایل)کی تاریخ میں پہلی سنچری اسکور کی۔ پیر کو بڑودہ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ممبئی نے۱۹۹؍ رن بنائے۔ سیور برنٹ نے۱۰۰؍ اور ہیلی میتھیوز نے۵۶؍ رن بنائے۔ ہیلی نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں ۔ بنگلور نے مقابلہ کیا لیکن وہ صرف۱۸۴؍تک پہنچ سکی۔
ہیلی اور برنٹ کے درمیان سنچری شراکت داری
کوٹامبی اسٹیڈیم میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئےممبئی نے تیسرے اوور میں سجیون سجنا کا وکٹ گنوادیا۔ وہ صرف۷؍ رن بنا سکی۔ اس کے بعد ہیلی میتھیوز نے نٹالی سیور برنٹ کے ساتھ سنچری شراکت داری کی۔ ہیلی۳۹؍ گیندوں پر۵۶؍رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔کپتان ہرمن پریت کور۲۰؍ اور امنجوت کور ۴؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ امیلیا کیر نے ایک اور برنٹ۱۰۰؍رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ٹیم نے۴؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۹۹؍رن بنائے۔ بنگلور کی جانب سے لورین بیل نے۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلور کی خراب شروعات
۲۰۰؍ کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آر سی بی کی شروعات بے حد خراب رہی ۔ ٹیم نے ۳۵؍ رن پر۵؍ وکٹیں گنوا دیں۔ گریس ہیرس(۱۵)، کپتان اسمرتی مندھانا(۶)، جارجیا وول (۹)، گوتمی نائک(۱) اور رادھا یادو کھاتہ کھولےبغیرآؤٹ ہوئیں۔اس موقع پر لگ رہا تھا کہ آر سی بی ۷۰؍سے۸۰؍ رنوں پر سمٹ جائے گی مگر اس کے بعد وکٹ کیپر ریچا گھوش نے نادین ڈی کلرک کے ساتھ مل کر ٹیم کو آگے بڑھایا۔ ڈی کلرک۲۸؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ اروندھتی ریڈی صرف۱۴؍ رنز ہی بنا سکیں، جب کہ سیالی ساٹگھرے اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکیں۔ ریچا نے ففٹی بنا کر ٹیم کو ہدف کے قریب لانے کی کوشش کی لیکن ٹیم فتح سے بہت پیچھے رہ گئی۔
ریچا گھوش کی شاندار بلے بازی
ریچا گھوش نے ۵۰؍ گیندوںپر شاندار ۹۰؍ رن بنا ئے۔ ان کی اننگ میں ۱۰؍چوکے اور ۶؍ سکسرشامل تھے۔ وہ سنچری سے چوک گئیںلیکن ایک وقت لگ رہا تھا کہ وہ تنہا ٹیم کو بھنور سے نکالنے میں کامیاب ہوجائیں گی لیکن دوسرے سرے سے وکٹ لگاتار گرتے رہے ۔ شریانکا پاٹل نے۵؍ گیندوں پر۱۲؍ رن بنائے۔ ممبئی کی جانب سے ہیلی میتھیوز کے علاوہ شبنم اسماعیل اور امیلیا کیر نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ امنجوت کور نے ایک وکٹ لیا۔
ممبئی کی تیسری جیت
بنگلور کو شکست دے کر ممبئی نے۷؍میچوں میں اپنی تیسری جیت درج کی۔ ٹیم۴؍ میچ ہار چکی ہے تاہم۶؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔آر سی بی کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ٹیم نے پہلے ہی اپنی ابتدائی ۵؍ فتوحات سے۱۰؍ پوائنٹس کے ساتھ پلے آف میں جگہ حاصل کر لی ہے۔