Inquilab Logo

پرتھوی کیلئے ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانا مشکل: ظہیر

Updated: December 20, 2020, 1:51 PM IST | Agency | New Delhi

پرتھوی شا ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ناکام رہے۔ لوکیش کو موقع ملنے کا امکان

Prithvi Shaw
پرتھوی شا

ہندوستانی ٹیم کے سابق تیز گیند بازظہیر خان نے کہا کہ آسٹریلیا کے  خلاف پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ناکام رہے پرتھوی شا کے لئے آگے کے میچوں میں ٹیم میں جگہ بنانا مشکل ہوگا۔
 آسٹریلیا کے  خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز کی دوسری گیند پر بولڈ ہونے والے شا دوسری اننگز میں بھی جلدہی  پویلین  چل دیئے۔ انہوں نے دوسری اننگز میں محض ۴؍گیندیں کھیلیں اور ایک بار پھر بولڈ ہوکر پویلیں کی راہ  لے لی۔پرتھوی شا کو آخری الیون میں آگے شامل کئے جانے پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔ ان کی جگہ فارم میں کھیلنے والے شبھمن گل اور لوکیش راہل کو ٹیم میں شامل  کئے جانے پر بحث تیز ہوگئی ہے۔
 ظہیر خان نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر سونی سکس سے کہا ’’میرے حساب سے جب آپ رن بناتے ہیں تو یہ آپ کے حق میں ہوتا ہے لیکن جب آپ مسلسل جلدی پویلین کا رخ کرتے ہیں تو ہر کوئی سوال اٹھانے لگتا ہے۔ یہی بین الاقوامی کرکٹ ہے۔ ہر کوئی آپ کی خامیاں نکال کر صرف تنقید کرنے کے موڈ میں ہے۔ کچھ ایسا ہی فی الحال پرتھوی شا کے ساتھ ہورہا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’میں اس بات سے پوری طرح متفق ہوں کہ پرتھوی شا کو آئندہ ٹیسٹ سے باہر رہنا پڑسکتا ہے۔ اس سیریز میں اب آگے جگہ بنانا ان کے لئے مشکل ہوسکتا ہے۔ اس طرح  کے اسکور بنانے اور کیچ چھوڑنے کے بعد ان کا آگے کھیلنا مشکل ہے۔‘‘
 خیال رہے کہ امسال ہونے والے آئی پی ایل میں بھی پرتھوی شا نے کوئی خاص کارکردگی کامظاہرہ نہیں کیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی آئی پی ایل کے فوراً بعد دُبئی سے آسٹریلیا آئے تھے ۔ حالانکہ پرتھوی کو پریکٹس کا فی موقع ملا تھا کیونکہ ہندوستان نے پہلے یکروزہ اور پھر ٹی ۲۰؍ سیریز کھیلی اس کے بعد ٹیسٹ سیریز کیلئے میدان پر اتری۔ پرتھوی نے آسٹریلیا اے کے ساتھ ہونے والے پریکٹس میچ میں بھی کوئی خاص رن نہیں بنائے۔ اب ایڈیلیڈ میں ٹیم انڈیا کی شرمناک شکست کے بعد ان کا اگلے میچ میں کھیلنا مشکل نظرآرہا ہے اور ظہیر کے مطابق لوکیش راہل اور شبھمن کو موقع مل سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK