Inquilab Logo

زمبا بوے نے یکروزہ کرکٹ کی دوسری بڑی کامیابی حاصل کرلی

Updated: June 27, 2023, 1:09 PM IST | Harare

ورلڈ کپ کوالیفائر کے میچ میں زمبابوے نے امریکہ کو ۳۰۴؍ رن سے شکست دےدی۔ کپتان سین ولیمز نے ۱۷۴؍ر ن کی شاندار اننگز کھیلی

Zimbabwe captain kane Williams is seen batting against USA
زمبابوے کے کپتان سین ولیمز امریکہ کے خلاف بلے بازی کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں

 کپتان سین ولیمز (۱۰۱؍ گیند،۱۷۴؍ رن) کی شاندار سنچری کے بعد گیند بازوں کی مشترکہ عمدہ کارکردگی کی بدولت زمبابوے نے ورلڈ کپ کوالیفائر کے گروپ اے کے یکطرفہ میچ میں پیر کو امریکہ پر۳۰۴؍ رن سے شکست دے دی۔
  زمبابوے نے ٹاس ہار کربلے بازی کرتے ہوئے ۵۰؍ اوورس میں۴۰۸؍ رن بنانے کے بعد امریکہ کو۲۵ء۱؍ اوورس میں۱۰۴؍ رن پر آؤٹ کر دیا۔ رن  کے لحاظ سے یہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں دوسری سب سے بڑی جیت ہےجبکہ سب سے بڑی جیت ہندوستان نے رواں سال سری لنکا کے خلاف (۳۱۷؍ رن) درج کی تھی۔ 
 ٹاس جیتنے کے باوجود امریکی ٹیم کوئی طاقت نہ دکھا سکی جبکہ گزشتہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دینے والی زمبابوے شروع سے ہی میچ پر حاوی رہی۔ انوسینٹ کائیا (۴۱؍ گیند،۳۲؍ رن) پہلے وکٹ کیلئے جویلورڈ گمبی کے ساتھ۵۶؍ رن کی شراکت کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کائیا کے آؤٹ ہونے کے بعد، ولیمز نے پچ پر قدم رکھا اور امریکہ کو کرکٹ کا سبق سکھایا۔ولیمز نے۱۰۱؍ گیندوں پر ۵؍ چھکوں اور۲۱؍ چوکوں کی مدد سے ۱۷۴؍ رن کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے گمبی (۱۰۳؍ گیند،۷۸؍ رن) کے ساتھ دوسرے وکٹ کیلئے ۱۶۰؍ رن کی شراکت  کی۔
 سکندر رضا (۲۷؍ گیند،۴۸؍ رن) اور ریان برل (۱۶؍گیند،۴۷؍ رن) نے بھی ولیمز کے ساتھ نصف سنچری شراکت کی، جس کی مدد سے زمبابوے ایک روزہ کرکٹ میں اپنے سب سے بڑے اسکور تک پہنچ سکا۔امریکی بلے بازی میزبان زمبابوے سے بالکل برعکس نظر آئی۔ اس ناقابل فراموش میچ میں امریکی ٹیم کے ۸؍ بلے باز ۱۰؍کا ہندسہ بھی نہ چھو سکے۔ ابھیشیک پراڈکر نے ۳۱؍ گیندوں پر سب سے زیادہ۲۴؍ رن بنائے جبکہ جسدیپ سنگھ نے۲۶؍ گیندوں پر۲۱؍ رن بنائے۔  زمبابوے کی جانب سے رچرڈ نگاروا اور سکندر رضا نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے  جبکہ بریڈ ایوانس، لیوک جونگوے اور ریان برل نے ایک ایک وکٹ لے کرامریکہ کو۱۰۴؍رن تک محدود کردیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK