Updated: November 22, 2025, 2:37 PM IST
|
Agency
| Rawalpindi
پاکستان میں سہ فریقی ٹی ۔۲۰؍ سیریز میں سری لنکا کو ۹۵؍رنوں پر آل آؤٹ کر کے ۶۷؍رنوں سے میچ جیت لیا۔
زمبابوے نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو ہرادیا۔ تصویر:آئی این این
کپتان سکندر رضا کی شاندار بلے بازی اور تیز گیندباز بریڈ ایوانز کی شاندار بلے بازی کی بدولت زمبابوے نے سہ فریقی سیریز میں سری لنکا کو ۶۷؍ رنوں سے شکست دے کر اپنی سب سے بڑی ٹی۔۲۰؍ جیت حاصل کی۔ سری لنکا کا یہ سیریز کا پہلا میچ تھا اور ٹیم آخری گیند پر ۹۵؍رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ ایوانز نے۹؍ رن دے کر ۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔ زمبابوے کے تمام ۶؍ گیندباز کامیاب رہے۔یہ سری لنکا کے خلاف زمبابوے کی تیسری ٹی۔۲۰؍ جیت تھی اور اس فارمیٹ میں کسی فل رکن ٹیم کے خلاف ان کی اب تک کی سب سے بڑی جیت بھی تھی۔
اس سے قبل زمبابوے نے۸؍ وکٹوں پر۱۶۲؍ رن بنائے تھے۔ کپتان رضا نے ۳۲؍ گیندوں پر ۴۷؍رن بنائے جبکہ افتتاحی بلے باز برائن بینیٹ ۴۹؍ رن بنا کر مسلسل دوسری نصف سنچری بنانے سے محروم رہے۔ بینیٹ نے رضا کے ساتھ ۶۱؍ رنوں کی شراکت داری کی۔ زمبابوے نے آخری ۵؍اوور میں ۴۶؍ رن بنائے۔ جواب میں سری لنکا کے پاتھم نسانکا ۵؍ گیندوں پر کوئی رن بنائے بغیر لوٹ گئے اور کوسل پریرا بھی سستے میں آؤٹ ہو گئے۔ اس سے پاور پلے کے اندر سری لنکا کا سکور ۲۵؍رن پر ۲؍وکٹ ہو گیا۔ تاہم کپتان داسن شناکا (۳۴) سری لنکا کے ان ۲؍ کھلاڑیوں میں سے ایک تھے جنہوں نے دوہرا ہندسہ عبور کیا۔ اس شکست پر سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس جو کھلاڑی اور تجربہ ہے اس کو دیکھتے ہوئے ہمیں ایسی شکست کا سامنا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ سری لنکا کےلئے پاکستان کا محدود اوورز کا دورہ خراب گزر رہا ہے۔ سہ رخی سیریز سے پہلے پاکستان سے ون ڈے سیریز تین صفرسے ہار گئی تھی۔ سری لنکا کا اگلا میچ سنیچر کو پاکستان کے خلاف ہو گا۔