Inquilab Logo Happiest Places to Work

عام معلومات (جی کے) اَور زبانوں کو بہتر کرنے کیلئے کمر کس لیں

Updated: May 12, 2023, 3:45 PM IST | Shahebaz khan | Mumbai

جنرل نالج جتنی زیادہ ہوگی، آپ میں لوگوں کو متاثر کرنے کی صلاحیت اتنی ہی زیادہ ہوگی، اگر آپ کی زبان بیان درست ہوگا، قواعد کی غلطی نہیں ہوگی تو آپ مسحور کن شخصیت کے مالک بن جائیں گے

Reading books, having healthy discussions with friends or family members about what you read, and memorizing information are habits that can increase your general knowledge.
کتابیں پڑھنا، جو پڑھا اس پر دوستوں یا گھر کے افراد کے ساتھ صحت مند گفتگو کرنا، اور معلومات کو ذہن نشین کرلینا، یہ وہ عادتیں ہیں جو آپ کے جنرل نالج میں اضافہ کرسکتی ہیں

انسانی جسم کا ایک قیمتی اثاثہ اس کا دماغ، اور دماغ کا صحیح استعمال ہے۔ یہ ہماری ذاتی اور فکری ترقی میں معاون ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ انسانی دماغ میں ۲ء۵؍ پیٹا بائٹس سے زیادہ ڈیٹا جمع ہوسکتا ہے، یعنی دماغ ہمارا طاقتور ترین اثاثہ ہے۔لیکن ایک عام انسان اپنی پوری زندگی میں اپنے دماغ میں چند گیگا بائٹس سے زیادہ معلومات جمع نہیں کرپاتا۔ تاہم، یہ کیسے ممکن ہو کہ انسان اپنے دماغ میں زیادہ سے زیادہ نالج جمع کرسکے؟ ماہرین کہتے ہیں کہ ابتدائی عمر میں چند صحت مند عادتیں اپنا کر انسان اپنے دماغ کو نہ صرف تیز کرسکتا ہے بلکہ اس میں کئی ٹیرا بائٹس تک کی معلومات بھی جمع کرسکتا ہے۔

کسی انسان کی شخصیت کا اندازہ مختلف موضوعات اور شعبوں میں حالات حاضرہ کے بارے میں، اس کی تازہ ترین عام معلومات (جنرل نالج یا جی کے) سے لگایا جا سکتا ہے۔ جی کے کی بنیاد پر اندازہ لگایا جاتا ہے کہ ایک شخص کتنا ذہین ہے، اور ایسے شخص سے ہر کوئی بات چیت کرنا چاہے گا اور اس سے مشورہ لینا بھی ضروری سمجھے گا۔ ایک طالب علم میں تعلیم کے مختلف شعبوں جیسے فنون لطیفہ، سائنس، کھیل، سیاست، ثقافت، فلم، طب، تاریخ، ریاضی وغیرہ میں معلومات کا ہونا بہت ضروری ہے۔ صحافی ہی کی طرح طالب علم کو بھی مختلف شعبوں کی نالج ہونی چاہئے تاکہ اس کا فائدہ اسے تعلیمی زندگی میں بھی ہو اور عملی زندگی میں بھی۔ 
 طلبہ کو کم از کم ان شعبوں کے بنیادی سوالات کی معلومات ہونی چاہئے: کرنٹ افیئرز، صحت، زباندانی، سائنس اور ٹیکنالوجی، اور فنون لطیفہ۔
جنرل نالج کیوں ضروری ہے؟
 جنرل نالج انسانی زندگی کا ایک اہم پہلو ہے۔ اگر آپ اپنے ارد گرد ہونے والی چیزوں کے بارے میں یا عام طور پر ہونے والی چیزوں کے بارے میں تھوڑا سا بھی نہیں جانتے ہیں تو آج کے مسابقتی دور میں آپ پیچھے رہ جائیں گے۔ ایسی صورت میں آپ اپنے آپ کو کسی صحت مند بحث کا حصہ نہیں بناسکیں گے، کسی واقعہ پر اظہار خیال نہیں کرسکیں گے حتیٰ کہ یہ سمجھنے سے بھی قاصر ہوں گے آخر لوگ کس بارے میں گفتگو کررہے ہیں۔ جی کے کے بغیر آپ معاشرے میں اپنی شناخت نہیں بناسکیں گے۔ اگر آپ کو معلومات نہیں ہوگی تو آپ یہ نہیں جان سکیں گے کہ آپ کیا بننا چاہتے ہیں، مناسب معلومات کے بغیر فیصلہ کرنا بہت مشکل ہے اور آپ کو دوسرے کے مشوروں پر انحصار کرنا پڑے گا۔ 
 واضح رہے کہ ان دنوں جنرل نالج پر مبنی ٹیسٹ تقریباً ہر انٹرویو کا حصہ ہے۔ جس شخص کا جی کے اچھا ہوتا ہے، وہ آسانی سے میدان فتح کرلیتا ہے۔ 
جنرل نالج کی اہمیت
  جی کے حالات کو بہتر طور پر سمجھنے اور ان کا تجزیہ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ یہ ہماری سوچ کے دروازے کھولتا ہے۔ جی کے آپ کو پراعتماد بناتا ہے۔ یہ آپ کو اسکول، یونیورسٹی اور دفتر میں ہونے والے مختلف جی کے کوئز کا حصہ بننے کے قابل بناتا ہے۔
 سب سے اہم بات یہ ہے کہ دنیا میں منعقد کئے جانے والے تمام مسابقتی امتحانات جیسے یو پی ایس سی، ایم پی ایس سی، نیٹ، جے ای ای ، سی ای ٹی وغیرہ میں جی کے پر مبنی سوالات پوچھے جاتے ہیں، اور ان کیلئے زیادہ نمبر مختص کئے جاتے ہیں۔ اسی طرح انٹرویو کے دوران، امیدواروں سے حالیہ واقعات کے بارے میں ان کے خیالات کے متعلق پوچھا جاتا ہے، جس کا جواب امیدوار صرف اس صورت میں دے سکتا ہے جب اس کے پاس نالج ہو۔ لہٰذا ایک طالب علم کے طور پر آپ کو اپنی معلومات بڑھانے کا کام جنگی پیمانے پر کرنا چاہئے۔
جی کے کے ساتھ زباندانی کا ٹیسٹ
 اسی طرح، آپ اردو، مراٹھی، ہندی اور انگریزی زبان پر کتنی مہارت رکھتے ہیں، اسے جانچنے کیلئے نیچے دیئے کیو آر کوڈز اسکین کیجئے۔ مختصر سا ایک ٹیسٹ دیجئے اور دیکھئے کہ آپ زبان پر کتنا عبور رکھتے ہیں۔

’’جی کے‘‘ (GK) کیلئے اس کالم میں دیئے 
گئے  پانچ طریقے یقیناً آپ کیلئے مددگار ہونگے

دورِ حاضر میں وہی طالب علم دیگر میں ممتاز ہوگا جس کی معلومات کا دائرہ وسیع ہوگا۔ ابتدائی عمر ہی 
سے آپ کو اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ جوں جوں آپ بڑی جماعتوں میں جائیں آپ کی معلومات میں لگاتار اضافہ ہوتا رہے۔

مطالعہ کی عادت پروان چڑھایئے

نصابی اور غیر نصابی کتابیں، بطور خاص جی کے کی کتابوں کا روزانہ مطالعہ کیجئے۔ کوشش کیجئے کہ آپ نے جو پڑھا ہے ، وہ یاد رہے۔ جن طلبہ کو مطالعہ کی عادت نہیں ہے، وہ روزانہ کم از کم ۳۰؍ منٹ کوئی بھی کتاب پڑھنے کی کوشش کیجئے۔ ۳۰؍ منٹ مشکل ہے تو ۱۵؍ منٹ پڑھئے۔

مختلف موضوعات پر گفتگو

کتابیں پڑھنا اہم ہے۔ تاہم، آپ معلومات کیلئے گوگل کا بھی سہارا لے سکتے ہیں مگر باتوں کو یادرکھنے کیلئے ضروری ہے کہ اس پر گفتگو بھی ہو۔ لہٰذا آپ جو کچھ پڑھیں، اس پر اپنے دوستوں یا گھر کے افراد کے ساتھ گفتگو کیجئے۔اس طرح آپ کے ذہن میں سوال کا جواب نقش ہوجائیگا۔

دنیا کا نقشہ

خالی اوقات میں گلوب یا دنیا کے نقشہ کو بغور دیکھئے۔ سمتوں کو سمجھنے کی کوشش کیجئے۔ گلوب پر کھینچے گئے خطوط کو غور سے دیکھئے۔ اپنے آپ سے سوال پوچھئے اور پھر اس کا جواب تلاش کیجئے۔ نقشے میں ممالک کی راجدھانی کا نام بھی درج ہوتا ہے، اسے یاد کرنے کی کوشش کیجئے۔

 کوئز شوز

کوئز شوز ہوں یا اسپورٹس چینل، خالی اوقات میں انہیں دیکھیں۔ کون بنے گا کروڑ پتی دیکھئے۔ اگر ٹی وی پر کوئی شو دستیاب نہیں ہے تو یوٹیوب کا سہارا لیجئے۔ اس پر آپ کو بے شمار کوئز شوز مل جائیں گے۔ انہیں غور سے دیکھئے اور سوالوں کے جواب یاد رکھنے کی کوشش کیجئے۔

 میوزیم کی سیر

چیزوں کو سیکھنے کا ایک اچھا طریقہ میوزیم اور تاریخی مقامات کی سیر بھی ہے۔ ان مقامات پر جایئے، مگر ساتھ ہی ایک کاپی اور قلم بھی لے جایئے۔ وہاں مختلف اشیاء کی اہم معلومات کو نوٹ کیجئے۔ جب کوئی چیز دیکھ کر سیکھیں گے تو وہ زیادہ آسانی سے یاد ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK