• Sat, 21 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسپیم فولڈر کی آپ بیتی

Updated: November 20, 2026, 3:37 PM IST | Fatima Sheikh | Mumbai

میرا نام’’ اسپیم فولڈر‘‘(Spam folder) ہے! جی ہاں، وہی اسپیم فولڈر جسے آپ روزانہ نظر انداز کرتے ہیں اور جس کی یاد صرف اس وقت آتی ہے جب کوئی ضروری ای میل آپ کی نظروں سے اوجھل ہوجاتا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

میرا نام’’ اسپیم فولڈر‘‘(Spam folder) ہے! جی ہاں، وہی اسپیم فولڈر جسے آپ روزانہ نظر انداز کرتے ہیں اور جس کی یاد صرف اس وقت آتی ہے جب کوئی ضروری ای میل آپ کی نظروں سے اوجھل ہوجاتا ہے۔ میں آپ کے ای میل اکاؤنٹ کے ایک کونے میں خاموشی سے پڑا رہتا ہوں۔لیکن دوستو! میری خاموشی کو میری کمزوری مت سمجھئے۔ میرے اندر بھی ایک پوری دنیا آباد ہے جہاں جعلی انعامات، کروڑ پتی بنانے والے پیغامات، غیر ضروری اشتہارات اور عجیب و غریب دعوے دن رات جمع ہوتے رہتے ہیں۔ذرا ماضی کے دریچے کھولئے!۱۹۶۹ء میں’ ARPANET‘ نامی کمپیوٹر نیٹ ورک وجود میں آیا جس نے جدید انٹرنیٹ کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پھر۱۹۷۱ء میں رے ٹاملنسن نے ایک کمپیوٹر سے دوسرے کمپیوٹر تک الیکٹرونک پیغام بھیجنے کا نظام متعارف کرایا۔ یوں ای میل کی دنیا کا سفر شروع ہوا۔ اس وقت کون جانتا تھا کہ ایک دن ای میلز کی ایسی بھرمار ہوگی کہ میری بھی ضرورت پڑ جائے گی پھر۳؍ مئی۱۹۷۸ء کو میرے پردادا گیری تھورک (Gary Thuerk) نے ایک ایسا کارنامہ انجام دیا جس نے تاریخ بدل دی۔ انہوں نے تقریباً’ 400 ARPANET ‘صارفین کو ایک ساتھ تشہیری ای میل بھیج دیئے۔ اس زمانے میں نیٹ ورک کے صارفین کی تعداد تقریباً۲۶۰۰؍ تھی۔ گویا ایک ہی پیغام نے بڑی تعداد کے لوگوں کو پریشان کردیا! لوگوں نے خوب شکایتیں کیں، مگر اسپیم کا تیر کمان سے نکل چکا تھا۔
 
یہ بھی پڑھئے:ہورس ویلز:مشہور امریکی ڈینٹسٹ اورخدمتگار
 
وقت گزرتا گیا اور۱۹۹۰ء کی دہائی میں ای میل عام لوگوں تک پہنچنے لگے۔ ہاٹ میل (Hotmail) جیسی سروسیزنے ای میل کے استعمال کو مزید مقبول بنایا۔ پھر میری ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہونے لگا۔ کبھی مجھے جنک فولڈر کہا گیا، کبھی اسپیم فولڈر۔ میری ڈیوٹی تھی کہ مشکوک اور غیر ضروری پیغامات کو اِن باکس سے دور رکھوں۔شروع شروع میں میرا کام آسان تھا۔ پھر۲۰۰۲ء میں پال گراہم نے ’’A Plan for Spam‘‘ کے نام سے ایک اہم مضمون لکھا، جس میں’ Bayesian‘ طریقے کے ذریعے اسپیم کی شناخت کا تصور پیش کیا۔ اب صرف الفاظ گننے کے بجائے پیغام کے مجموعی انداز اور امکانات کو سمجھنے کی کوشش ہونے لگی۔۲۰۰۴ءمیں جی میل متعارف ہوا اور ای میل کی دنیا میں ایک نیا دور شروع ہوا۔ اسپیم کی شناخت کیلئے مزید بہتر فلٹرز اور خودکار نظام استعمال ہونے لگے۔ آج میں مصنوعی ذہانت (اے آئی)کے دور میں کھڑا ہوں۔ پیغامات پہلے سے زیادہ چالاک ہوگئے ہیں۔ اس لئے صارفین سے گزارش ہے کہ نامعلوم لنکس پر کلک نہ کریں، ذاتی معلومات کسی مشکوک پیغام میں نہ دیں اور مفت انعامات کے لالچ میں نہ آئیں۔
کالم نگار جےایم سی ٹی پالی ٹیکنک، ناسک میں کمپیوٹر انجینئرنگ کی سال سوم کی طالبہ ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK