Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہر کام میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ’’ٹائم مینجمنٹ‘‘ کو لازمی بنالیں

Updated: December 10, 2019, 4:02 PM IST

جو وقت کا صحیح استعمال کرنا جانتا ہے اور اس کے مطابق ہر کام انجام دیتا ہے وہ نمایاں کامیابی حاصل کرتا ہے، دنیا میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں ہے جو اپنا ہر کام وقت پر پورا کرتے ہیں ، یہی افراد کامیاب کہلاتے ہیں اور دنیا بھر میں ان کی پزیرائی کی جاتی ہے۔

 ایک کامیاب زندگی گزرانے کیلئے ٹائم مینجمنٹ بہت ضروری ہے۔ جاگرن
ایک کامیاب زندگی گزرانے کیلئے ٹائم مینجمنٹ بہت ضروری ہے۔ جاگرن

ٹائم مینجمنٹ کیا ہے؟
 ’’ٹائم مینجمنٹ‘‘ منصوبہ بندی کا ایک منظم عمل ہے جس میں ایک شخص اس بات کا فیصلہ کرتا ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں کو مخصوص اوقات میں کس طرح تقسیم کرے۔ مثلاً، ایک شخص کے پاس ۱۶؍ گھنٹے ہیں، اس وقت میں اسے ۸؍ کام کرنے ہیں، اس نے ۸؍ کام کے حساب سے اپنے ۱۶؍ گھنٹوں کو تقسیم کرلیا اور پھر ہر کام کو دیئے جانے والے وقت کی مناسبت سے اپنا ہر کام انجام دیا۔ اس طرح اس کے تمام کام وقت پر مکمل ہوجائیں گے۔
 طلبہ کو چاہئے کہ وہ ابھی سے ٹائم مینجمنٹ کریں، اس کا فائدہ انہیں نہ صرف طالب علمی کی زندگی میں ہوگا بلکہ جب وہ عملی زندگی میں قدم رکھیں گے تو ہر کام وقت پر مکمل کرلینے پر دوسروں سے ممتاز رہیں گے۔ ٹائم مینجمنٹ کی صلاحیت آپ کو اسمارٹ بناتی ہے۔ اس طرح آپ کم وقت میں بہت سارا کام کرسکتے ہیں۔اگر آپ کو بہت سا کام کرنا ہے اور وقت کم ہے تو اپنی سرگرمیاں مقررہ وقت میں اس طرح تقسیم کریں کہ آپ کا ہر کام ڈیڈ لائن پر مکمل ہوجائے۔ اس طرح آپ شدید دباؤ کے حالات میں بھی اطمینان سے کام کرنے کے عادی ہوجائیں گے۔ اس سے آپ کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔

ٹائم مینجمنٹ کے فوائد
 ۔ دن میں صرف ۲۴؍ گھنٹے ہوتے ہیں،یعنی ہر شخص کے پاس اتنا ہی وقت ہوتا ہے۔ اب فیصلہ آپ کو کرنا ہے کہ آپ اس وقت کو اپنے کاموں کیلئے کس طرح تقسیم کرتے ہیں۔ اسی وقت میں زندگی کی دیگر ضروریات کے علاوہ آپ کو سونا ہے، اٹھنا ہے، اسکول جانا ہے، کھیلنا ہے اور پڑھائی کرنا ہے۔ نمایاں کامیابی حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ آپ وقت کو صحیح طریقے سے تقسیم کریں اور ہر کام وقت پر کریں۔ اس طرح آپ دیگر طلبہ کے مقابلے میں کم وقت میں بہت کچھ کر سکیں گے اور ہمیشہ دوسروں سے آگے رہیں گے۔
۔ ٹائم مینجمنٹ کے ذریعے آپ وقت کو کنٹرول کرتے ہیں، اس سے آپ کی توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ اگر یہ صلاحیت بہتر ہوتی ہے تو آپ کوئی بھی کام آسانی سے کرسکتے ہیں بلکہ مقررہ وقت سے پہلے کرسکتے ہیں۔
۔ اس سے فیصلہ کرنے کی قوت بڑھتی ہے۔ ٹائم مینجمنٹ کے دوران آپ میں دباؤ سے لڑنے کی طاقت پیدا ہوتی ہے۔ایسے میں اگر آپ کو کوئی فیصلہ کرنا ہو تو آپ وقت کی مناسبت سے صحیح فیصلہ کرسکتے ہیں۔
۔ ٹائم مینجمنٹ آپ کو ایک کامیاب زندگی گزارنے اور کامیاب کریئر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اس سے لوگوں کو بھی آپ پر اعتماد ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر آپ کے گھر میں کسی چیز کی ضرورت ہے تو آپ کی والدہ گھر کے اس فرد کو مارکیٹ بھیجیں گی جو کم وقت میں اچھا سامان لے کر آئے، فرض کیجئے کہ آپ یہ کام کرسکتے ہیں اس لئے گھر کے دیگر افراد پر آپ کو فوقیت دی جائے گی۔
۔ ٹائم مینجمنٹ سے دباؤ بھی کم ہوتا ہے کیونکہ آپ کو معلوم ہے کہ آپ کو کس وقت کون سا کام انجام دینا ہے۔
۔ ٹائم مینجمنٹ سے ڈسپلن پیدا ہوتی ہے۔ 

ٹائم مینجمنٹ پر کیا کہتی ہیں یہ شخصیات

ابراہم لنکن (امریکہ کے ۱۶؍ ویں صدر): اگر مجھے درخت کاٹنے کیلئے کہا گیا ، اور اس کیلئے صرف ۶؍ گھنٹے دیئے گئے تو میں ۴؍ گھنٹے کلہاڑی کی دھار تیز کرنے میں صرف کروں گا۔ یہی وقت کا صحیح استعمال ہے۔

تھامس ایڈیسن(موجد اور سائنسداں): انسان کے پاس صرف ایک ہی دولت ہے، اور وہ ہے وقت۔ اگر اس نے اسے گنوادیا تو ہار گیا اور اس کا صحیح استعمال کرلیا تو سب سے آگے بڑھ گیا۔

جم رون(امریکی بزنس مین، مصنف اور ترغیبی مقرر): وقت، دولت سے زیادہ قیمتی ہے۔ آپ زیادہ سے زیادہ پیسے کماسکتے ہیں، حتیٰ کہ امیر ترین شخص بن سکتے ہیں لیکن گزرا ہوا وقت کبھی نہیں لوٹا سکتے اور نہ ہی اضافی وقت کی مانگ کرسکتے ہیں کیونکہ ایک دن میں صرف ۲۴؍ گھنٹے ہوتے ہیں۔

اسٹیو جابس(ایپل کمپنی کے بانی): وقت محدود ہوتا ہے۔ خیال رہے کہ محض ۲۴؍ گھنٹے میں ایک دن ختم ہوجاتا ہے، اس لئے وقت کو ضائع نہ کریں۔ منظم زندگی گزارنے کیلئے وقت کا صحیح استعمال کریں۔ یہ آپ کوکامیاب بنائے گا۔

چارلس رچرڈس(دی سائیکولوجی آف ویلتھ کے مصنف) : کیلنڈر آپ کو دن اور سال کا حساب دیتا ہے جبکہ گھڑی آپ کو وقت کے بارے میں بتاتی ہے۔ ایک شخص کی کامیابی کا اندازہ کیلنڈر سے نہیں بلکہ وقت کو صحیح طریقے سے استعمال کرنے کی اس کی عادت سے لگایا جاسکتا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ کسی نے ۳۶۵؍ دن میں سے صرف ۷؍ دن صحیح کام کیا ہو جبکہ کسی نے پورے سال کام کیا ہو اور وقت کا صحیح استعمال کرکے دیگر افراد سے آگے نکل گیا ہو۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK