Inquilab Logo

اب وقت ہے اعادہ کا کیونکہ امتحان میں زیادہ وقت باقی نہیں

Updated: January 24, 2020, 12:05 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

طلبہ اپنے روزمرہ کے کام میں اس قدر مصروف ہوتے ہیں کہ انہیں امتحانات کے قریب آنے کا احساس نہیں ہوپاتا۔ بیشتر طلبہ ایسے ہوتے ہیں جو پورا سال پڑھائی کرتے ہیں مگر سب سے ضروری کام ’’اعادہ‘‘ بھول جاتے ہیں ۔ خیال رہے کہ اعادہ کے کئی فائدے ہیں ۔ اس سے طالب علم کے اعتماد میں اضافہ اور ذہنی تناؤ میں کمی ہوتی ہے۔

علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

ایک مرتبہ ایک لکڑی کے تاجر نے ایک طاقتور لکڑہارے کی خدمات حاصل کیں ۔ چونکہ وہ اچھی تنخواہ دے رہا تھا اس لئے لکڑہارے نے بھی اس کی پیشکش قبول کرلی۔ وہ لکڑہارا بہت مشہور تھا اور چند گھنٹوں میں بہت سی لکڑیاں کاٹ لیتا تھا۔ اس نے تاجر کیلئے کام کرنا شروع کردیا۔
 پہلے دن اس نے ۱۸؍ درخت کاٹے، یہ دیکھ کر تاجر بہت خوش ہوا ۔ دوسرے دن لکڑہارے نے بہت محنت کی مگر صرف ۱۲؍ درخت ہی کاٹ سکا۔ تیسرے دن اس نے تہیہ کرلیا کہ آج وہ کم سے کم ۲۵؍ درخت کاٹے گا مگر ۱۰؍ درخت ہی کاٹ سکا۔ اس نے سوچا شاید اب وہ کمزور ہوگیا ہے۔ تاجر کے پاس جاتے وقت اسے کافی شرمندگی محسوس ہوئی۔ اس نے تاجر سے کہا ’’معاف کیجئے ! میں زیادہ لکڑیاں نہیں کاٹ سکا۔مجھے نہیں معلوم کہ میرے ساتھ کیا ہورہا ہے۔‘‘ تاجر نے اس سے سوال کیا ’’تم نے آخری مرتبہ اپنی کلہاڑی میں دھار کب لگوائی تھی؟‘‘ لکڑہارے نے جواب دیا ’’میں درخت کاٹنے میں اتنا مصروف تھا کہ مجھے کلہاڑی میں دھار لگانے کا وقت ہی نہیں ملا......‘‘
 چند طلبہ اپنی روزمرہ کے کام میں اتنے مصروف ہوتے ہیں کہ ان کا دھیان اعادہ کی جانب نہیں جاتا۔ وہ صرف پڑھائی کرتے ہیں تاکہ امتحان میں اچھے نمبروں سے کامیابی حاصل کرسکیں مگر اعادہ نہ کرنے کی وجہ سے وہ بہت سی چیزیں بھول جاتے ہیں ۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ صحیح طریقے سے اعادہ نہ کرنے کی وجہ سے ان کے نتائج اچھے نہیں آتے۔ اس طرح ان کی پوری کوشش ضائع ہوجاتی ہے۔ جب امتحانات میں وہ پرچے لکھتے ہیں تو انہیں یاد نہیں آتا کہ انہوں نے کیا پڑھا تھا۔ 
 بعض اوقات ایک چھوٹا سا ضابطہ یا لفظ یاد نہ آنے کی صورت میں بھی انہیں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پرچہ لکھتے وقت اگر وہ ضابطہ یا لفظ یاد نہیں ہوتا تو طالب علم ذہنی تناؤ کا شکار ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے اس کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے اور وہ ایسے سوالات بھی نہیں حل کرپاتا جو اُسے اچھے سے آتے ہیں ۔ امتحانات کے دوران ذہنی تناؤ سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ طلبہ اعادہ کیلئے مناسب وقت نکالیں ۔
اعادہ کا معنی کیا ہے؟
 اعادہ کا لغوی معنی ہے چیزوں کو دوبارہ پڑھنا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اعادہ کرنے سے قبل آپ کو تمام اسباق اچھے سے یاد ہوں اور آپ نے انہیں سمجھ لیا ہو۔ اسے انگریزی میں ’ریویژن کہا جاتا ہے۔ خیال رہے کہ اعادہ صرف دہرانے کا عمل ہوتا ہے۔ 
 آئندہ چند دنوں میں ایس ایس سی اور ایچ ایس سی کے امتحانات شروع ہوجائیں گے اسلئے اِن دونوں جماعتوں کے طلبہ کو تمام مصروفیت ترک کرکے فوری طور پر پڑھائی کی جانب متوجہ ہوجانا چاہئے اور تمام مضامین کا اعادہ کرنا چاہئے۔
اعادہ کے فوائد 
 اعادہ کا سب سے اہم فائدہ یہ ہے کہ یہ کچھ عرصہ پہلے پڑھے گئے اعداد وشمار، خاکے اور پڑھائی کے دیگر مشمولات کو یاد کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ اگر اعادہ صحیح طریقے سے کیا جائے تو اس سے طالب علم کی اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، ذہنی تناؤ کم ہوتا ہے اور وہ اچھی طریقے سے پرچہ لکھنے کیلئے اپنے آپ کو تیار کرلیتا ہے۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ اعادہ کے وقت طالب علم کی نظروں سے ایسی کئی چیزیں گزرتی ہیں جن کے بارے میں وہ بھول چکا ہوتا ہے یا پڑھائی کرتے وقت اس پر زیادہ دھیان نہیں دیا ہوتا۔یہ چیزیں کبھی کبھی بہت اہم ثابت ہوتی ہیں ۔ اگر طالب علم نے اعادہ نہیں کیا ہوتا تو اسے یہ کبھی نہیں معلوم پڑتا کہ اس نے ایک اہم نکتہ چھوڑ دیا ہے۔ 
اعادہ کیسے کریں ؟
پڑھائی کا پہلا اصول ہے، ایسی تمام چیزوں سے کنارہ کشی اختیار کرلی جائے جن سے ذہن منتشر ہوتا ہے، جیسے اسمارٹ فون، ٹی وی اور تقریبات وغیرہ۔ 
اعادہ کرنے سے پہلے اس کا منصوبہ بنالینا زیادہ بہتر ہوتا ہے اس لئے ٹائم ٹیبل بنائیں ۔ مثال کے طور پر ۲۰؍ دن کے اندر میں تمام مضامین کا اعادہ کروں گا۔ ٹائم ٹیبل میں یہ بھی درج ہو کہ کون سے مضمون اور اسباق کو کتنا وقت دیا جائے گا۔ ٹائم ٹیبل بنالینے سے مشکلات کم ہوجاتی ہیں ۔ 
ٹائم ٹیبل میں وقفہ کا وقت بھی نکالیں اور ہر مضمون کو خوب وقت دیں ۔
کسی ایسے مضمون کو زیادہ وقت ہرگز نہ دیں جو کافی آسان ہے۔اعادہ کے منصوبے میں ان مضامین کو پہلے جگہ دیں جو آپ کو مشکل محسوس ہوتے ہیں ۔اگر آپ نے ان مضامین کا پہلا اعادہ کرلیا تو ذہنی تناؤ کم ہوجائے گا اور آپ ’’ٹینشن فری‘‘ ہوجائیں گے۔
اس بات کا خیال رکھیں کہ مشکل مضامین کو آخر ی وقت کیلئے نہ رکھیں ورنہ بعد میں پریشانی ہوگی۔ 
اعادہ کرتے وقت نوٹس بنائیں 
 اعادہ کرتے وقت نوٹس بھی بنائے جاسکتے ہیں ۔ اعادہ کے دوران اگر آپ کو محسوس ہو کہ یہ نکتہ زیادہ اہم ہے تو اسے نوٹ کرلیں یا ہائی لائٹر کی مدد سے ہائی لائٹ کرلیں ۔ امتحانات کے وقت اگر آپ کو فوری طور پر کچھ دیکھنا ہوگا تو آپ کو ریفر کرنے میں آسانی ہوگی۔ 
صحت کا خیال رکھیں 
 اعادہ کرتے وقت اپنی صحت کا بھی خاص خیال رکھیں ۔ اگر طبیعت ٹھیک نہیں رہے گی تو پڑھائی اور اعادہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ پڑھائی کے متعلق تمام باتیں یاد رکھنے کیلئے جسم کے ساتھ دماغ کا بھی صحت مند ہونا ضروری ہے۔ اس لئے صحت کا خیال رکھیں ۔ نیند پوری کریں ، ذہن کو فریش کرنے کیلئے کچھ دیر دماغی گیم بھی کھیلیں ، ورزش کریں اور دوستوں اور فیملی کے ساتھ تھوڑا وقت بھی گزاریں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK