Inquilab Logo

جادوئی برتن

Updated: April 23, 2022, 10:51 AM IST | Dr. Iftikhar Anis Hamidi | Mumbai

عائشہ کے چاروں طرف کھیر ہی کھیرپھیلی پڑی تھی ۔ وہ کھیر کےباڑھ سے باہر نکلنے کے لئے ہاتھ پیر مار رہی تھی لیکن کھیر کے دلدل سے باہر نہیں نکل پارہی تھی۔ تب وہ اپنی ممی کو مدد کے لئے پکارتی ہے اور.....

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

عائشہ کے چاروں طرف کھیر ہی کھیرپھیلی پڑی تھی اور وہ اس میں بری طرح گھرچکی ہے۔ وہ جتنا کھیر سے باہرنکلناچاہتی کھیر کی دلدل اس کو اپنی گرفت میں لےرہی تھی۔ وہ کھیر کےباڑھ سے باہر نکلنے کے لئے ہاتھ پیر مار رہی تھی لیکن کھیر سے باہر نہیں نکل پارہی تھی۔ تب اس نے اپنی ممی کو مدد کیلئے پکارا، ’’ممی.... ممی! مجھےکھیر کی باڑھ سےباہرنکال لو۔‘‘ عائشہ کی زور سے ایک چیخ نکل گئی۔ ’’ارے! کیا ہوا؟ تم کتاب پڑھتے پڑھتے سو گئی تھیں، خواب میں ڈر گئی کیا؟‘‘ ممی نےعائشہ سے پوچھا۔ عائشہ نے جواب دیا ’’ہاں! مَیں انگریزی کی کہانی ’’میجک پوٹ‘‘ پڑھ رہی تھی جس میں رانی ایک غریب لڑکی تھی۔‘‘ عائشہ نے ممی کو وہ کہانی سنائی:
 بچپن میں رانی کے ماں باپ اور دادا دادی کا ہیضہ کی وجہ انتقال ہو گیا تھا۔ وہ کسی گاؤں میں اہنی بوڑھی نانی کے ساتھ ایک پرانی ٹوٹی پھوٹی جھوپڑی میں رہتی تھی۔ روزسویرے وہ دونوں جنگل میں جاکر پیڑوں سے گری سوکھی لکڑیاں چنتی تھیں اور گھر لاکر ان کو جلا کر کھانا تیار کرتیں۔ ان کو کافی محنت اور دقت ہوتی۔ ایک دن رانی کی نانی بیمار پڑ گئی اور وہ اکیلی جنگل میں لکڑیاں بیننے چلی گئی۔ جب وہ جنگل میں روز کی طرح پیڑوں سے گری سوکھی لکڑیاں اکٹھی کر رہی تھی تب اس کے پاس ایک اجنبی بوڑھی عورت آئی اور رانی سے بولی، ’’بیٹی! تم بہت غریب بے سہارہ اچھی لڑکی ہو، مَیں تمہاری مدد کرتی ہوں۔ تم کو ایک جادو کا برتن ’’میجک پوٹ‘‘ دیتی ہوں۔جب تم کو بھوک لگے تو اس برتن سے کہنا ’’کھیر بناؤ‘‘ تو یہ برتن کھیر بنا دے گا، پیٹ بھرکر کھانا۔ کھیر بن جانے کے بعد تم کہنا ’’روک جاؤ، کھیر بنانا بند کرو....‘‘ تویہ جادو کابرتن کھیر بنانا بند کردے گا۔‘‘
 شام کو رانی لکڑیوں کے ساتھ ساتھ وہ جادو کا برتن لے کر اپنے گھر پہنچی۔ اس نے اپنی بوڑھی نانی کو جادو کا برتن دکھاتےہوئے اس اجنبی عورت جو ایک جادوگرنی تھی، کی پوری کہانی شروع سے آخرتک سنا دی۔ پھر اس نے برتن کو ایک چولہے پر رکھا اور کہا، ’’اے برتن کھیر بناؤ، جلدی کھیر بناؤ۔‘‘ برتن میں سے زوردار گڑ گڑا ہٹ کی آواز شروع ہوئی اور کچھ ہی دیر بعد کھیر تیا رہوگئی۔
 تب رانی نے برتن سے کہا، ’’برتن رک جاؤ، کھیر بنانا بند کرو۔‘‘ اس جادوئی برتن نے کھیر بنانا بند کردیا۔
 روز رانی اسی طرح کھیر بناتی اور دونوں مل کر کھاتے، اس طرح ان دونوں کی زندگی بہت اچھی طرح گزرنے لگی۔ روز کی طرح ایک دن رانی جنگل میں لکڑیاں بیننے گئی تھی اس کی نانی گھر پر اکیلی تھی۔اس کی نانی کو کو بھوک لگی تھی۔ رانی کی نانی نے برتن سے کہا ، ’’کھیر بناؤ۔‘‘ برتن میں زور سے گڑگڑاہٹ شروع ہوئی اور کھیر تیا رہوگئی لیکن اس کی بوڑھی نانی برتن سے ’’رک جاؤ، کھیر بنانا بند کرو....‘‘ کہنا بھول گئی۔ کھیر بنتی رہی، بنتی رہی.... بنتی رہی.... اتنی کھیر بن گئی کہ برتن سے باہر آگئی اور چولہے سے ہوتی ہوئی گھر کے فرش پر فرش سے نکل کر گھر سے باہر۔ اب تو کھیر کو جدھر راستہ ملتا وہ ادھرہی بہتی تھی۔ گاؤں کے چوپال پر ہوتی ہوئی نہ جانے کہاں، کہاں اور کدھرکدھر بہتی جارہی تھی۔ کھیرکا بہنا بند نہیں ہورہا تھا۔ گاؤں والے پہلے تو کھیرکو دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔ وہ اپنے اپنے برتن لاکر کھیر جمع کرنے لگے۔دوپہر سے شام ہو گئی جادو کابرتن کھیر بنائےجارہاتھا۔
 لیکن جلد ہی کھیر لوگوں کے لئے مصیبت بن گئی کیونکہ اب تک گاؤں میں چاروں طرف کھیر ہی کھیر پھیل گئی تھی۔ گاؤں میں کھیرکی باڑھ آچکی تھی۔‘‘
 عائشہ نے ممی کو کتاب سے کہانی سناتے ہوئے کہا، ’’مجھے ایسا لگا کہ مَیں اس کھیر کی باڑھ میں پھنس گئی ہوں، کاش ہمارے پاس بھی کوئی جادوئی برتن ہوتا تو ہم کو کبھی کھیر کی کمی نہیں ہوتی....‘‘ ممی نے کہا، ’’پھر تم کہتی کہ علی بابا کا خزانہ تمہارا ہوتا اور الا دین کاچراغ بھی تمہارے پاس ہوتا اور تمہارےسارے کام وہ چراغ والا جن کر دیتا اور تم مالا مال ہوتی۔ دنیا بھر کی سارے دولت تمہارے پاس ہوتی۔ اور بغیرکسی محنت کے بغیر کسی کام کے سب عیش و آرام تمہارے ہوتے یا تم کہو گی کہ میرے پاس ایک جاوئی چھڑی ہو تی جس کو گھماتے ہی تمہارے سارے کام ہوجاتے مگر میری پیاری بیٹی ’’میجک‘‘ جادو یہ سب باتیں فرضی  اور بے بنیاد ہوتی ہیں۔ ایسی باتیں قصے کہانیوں میں ہوتا ہے۔  حقیقت میں محنت اورلگن سے کام کرنے والوں کے ہاتھ کامیابی لگتی ہے۔ اصل میں ’’میجک‘‘ محنت ہے۔‘‘ ممی نے پیار سے عائشہ کوسمجھا یا۔  ’’اچھا....! ایساہے۔‘‘ عائشہ نے کہا، ’’اب مَیں بھی محنت، لگن سے اور دل لگا کر گھر کا اور اسکول کاسارا کام وقت پر پورا کرلیا کروں گی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK