• Sat, 21 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

لفٹ میں موبائل نیٹ ورک کمزور ہو جاتا ہے، کیوں؟

Updated: November 20, 2026, 4:21 PM IST | Taleemi Inuqilab | Mumbai

لفٹ کے اوپر یا نیچے جانے کے دوران موبائل کی پوزیشن بھی تبدیل ہوتی رہتی ہے۔

The metal walls of an elevator block radio waves, causing signals to weaken. Image: INN
لفٹ کی دھاتی دیواریں ریڈیو لہروں کو روکتی ہیں اور سگنلز کمزور ہو جاتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

جیسے ہی ہم کسی لفٹ میں داخل ہوتے ہیں، موبائل فون کے سگنل کمزور ہونے لگتے ہیں، انٹرنیٹ کی رفتار سست ہو جاتی ہے یا فون کال اچانک منقطع ہو جاتی ہے لیکن لفٹ سے باہر نکلتے ہی سگنل دوبارہ بحال ہو جاتا ہے۔ کیا آپ نے غور کیا کہ لفٹ میں موبائل کا نیٹ ورک کمزور کیوں ہوجا تا ہے؟

لفٹ کی دھاتی دیواریں سگنلز کو روکتی ہیں

موبائل فون ایک دوسرے سے رابطہ قائم کرنے کیلئے ریڈیو لہروں کا استعمال کرتے ہیں۔ یہ لہریں موبائل فون سے قریبی موبائل ٹاور تک اور ٹاور سے فون تک معلومات پہنچاتی ہیں لیکن لفٹ کی دیواریں عموماً فولاد یا دوسری دھاتوں سے بنی ہوتی ہیں جو ریڈیو لہروں کو گزرنے سے روک سکتی ہیں یا ان کی شدت کم کر سکتی ہیں۔دھات کی سطح پر پڑنے والی ریڈیو لہروں کا ایک حصہ منعکس ہو جاتا ہے جبکہ کچھ توانائی دھات میں جذب بھی ہو سکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں موبائل ٹاور سے آنے والے سگنلز کی طاقت لفٹ کے اندر کم ہو جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دھاتی دیواروں اور دروازوں والی لفٹ میں موبائل نیٹ ورک کا مسئلہ زیادہ نمایاں ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ۱۰؍ سیاسی اصطلاحات جن سے آپ کی واقفیت ضروری ہے!

عمارت کی موٹی دیواریں بھی سگنلز کم کرتی ہیں

موبائل سگنلز کی کمزوری کی وجہ صرف لفٹ کی دھاتی دیواریں نہیں ہوتیں بلکہ عمارت کا مجموعی ڈھانچا بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ بلند عمارتوں میں کنکریٹ کی موٹی دیواریں، فولادی سلاخیں، زیرِ زمین حصے اور لفٹ کے گرد موجود مضبوط شافٹ ریڈیو لہروں کیلئے رکاوٹ بن سکتے ہیں۔جب کوئی شخص کھلی جگہ یا کھڑکی کے قریب ہوتا ہے تو موبائل فون کو ٹاور سے آنے والے سگنلز نسبتاً آسانی سے مل سکتے ہیں۔ اس کے برعکس لفٹ کے اندر کئی تہوں پر مشتمل دیواریں اور عمارت کے دوسرے حصے سگنلز کو کمزور کر دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بعض اوقات لفٹ کے علاوہ تہہ خانے، پارکنگ ایریا اور اندرونی کمروں میں بھی نیٹ ورک کمزور ہو جاتا ہے۔

لفٹ کی حرکت سے نیٹ ورک پر اثر 

لفٹ کے اوپر یا نیچے جانے کے دوران موبائل فون کی پوزیشن مسلسل تبدیل ہوتی رہتی ہے۔ اس کے نتیجے میں فون اور موبائل ٹاور کے درمیان سگنلز کے پہنچنے کا راستہ بھی بدل سکتا ہے۔ کبھی سگنل نسبتاً بہتر پہنچتا ہے اور کبھی عمارت کا کوئی حصہ اس کے راستے میں آ جاتا ہے۔اس کے علاوہ ریڈیو لہریں دیواروں اور دھاتی سطحوں سے ٹکرا کر مختلف راستوں سے فون تک پہنچ سکتی ہیں۔ جب یہ لہریں آپس میں ملتی ہیں تو بعض مقامات پر سگنل مضبوط اور بعض پر کمزور ہو سکتا ہے۔ اس عمل کو ’ملٹی پاتھ فِیڈنگ‘ (Multipath Fading) کہا جاتا ہے۔واضح رہے کہ لفٹ میں نیٹ ورک بہتر بنانے کیلئے کچھ عملی اقدامات پر غور کیا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK