EPAPER
Updated: July 09, 2021, 7:15 AM IST | Mumbai
آپ نے سنا ہوگا یا پھر تجربہ بھی کیا ہوگا کہ بعض افراد کی ایڑیوں میں اکثر درد رہتا ہے۔ خیال رہے کہ پاؤں اور ٹخنے ۲۶؍ ہڈیوں اور۳۳؍ جوڑوں سے بنتے ہیں ؟ جن میں ایڑی، پاؤں کی سب سے بڑی ہڈی ہے۔ایڑی میں درد یا تکلیف پاؤں کا سب سے عام مسئلہ ہے۔
آپ نے سنا ہوگا یا پھر تجربہ بھی کیا ہوگا کہ بعض افراد کی ایڑیوں میں اکثر درد رہتا ہے۔ خیال رہے کہ پاؤں اور ٹخنے ۲۶؍ ہڈیوں اور۳۳؍ جوڑوں سے بنتے ہیں ؟ جن میں ایڑی، پاؤں کی سب سے بڑی ہڈی ہے۔ایڑی میں درد یا تکلیف پاؤں کا سب سے عام مسئلہ ہے۔عام طور پر یہ درد، ایڑی کے اندر یا اس کے پیچھے ہوتا ہے جہاں پنڈلی سے ایڑی تک آنے والا طاقتور پٹھا ایڑی کی ہڈی سے جڑتا ہے، کئی بار یہ درد ایڑی کے سائیڈ میں بھی محسوس ہوتا ہے۔
اگر یہ درد ایڑی کے اندر ہو تو اسے’’پلانٹار فاسٹسٹس‘‘کہا جاتا ہے جو ایڑی میں درد کی ایک عام وجہ ہے۔ایڑی کے پیچھے ہونے والے درد کو’’ایکلیس ٹینڈینیٹس‘‘ کہا جاتا ہے۔اکثر اوقات یہ درد کسی چوٹ کا نتیجہ نہیں ہوتا جو شروع میں زیادہ نہیں ہوتا مگر اس کی شدت بڑھ جاتی ہے اور کئی بار ہلنا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔عام طور پر یہ درد بغیر علاج کے ہی ختم ہوجاتا ہے مگر کئی بار یہ برقرار رہتا ہے اور دائمی بھی بن جاتا ہے۔ایڑی کے نیچے ہونے والا درد عام طور پر بہت زیادہ دباؤ کا نتیجہ ہوتا ہے جس سے پاؤں کی جھلی کی بافتوں کو نقصان پہنچتا ہے اور درد اور اکڑن کی شکایت ہوتی ہے۔ایڑی کے پیچھے ہونے والا درد پنڈلی سے ایڑی تک آنے والے پٹھے کو پہنچنے والی چوٹ کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔ اسی طرح موچ بھی اس کی وجہ ہوسکتی ہے۔ کسی قسم کا فریکچر، جوڑوں میں پانی بھرجانے، جوڑوں کے امراض یا ہڈیوں کی کوئی بیماری بھی اس کی وجہ ہوسکتے ہیں ۔
ویسے تو ایڑی میں درد کی مکمل روک تھام تو ممکن نہیں مگر کچھ آسان نکات سے چوٹ اور درد سے بچنے کی کوشش ضرور کرسکتے ہیں جو درج ذیل ہیں :
مناسب فٹنگ والے جوتوں کا استعمال جو پاؤں کو سپورٹ فراہم کریں ۔
جسمانی سرگرمی کے لیے درست جوتوں کا انتخاب۔
ورزش سے قبل مسلز کو اسٹریچ کریں ۔
جسمانی سرگرمیوں کے دوران رفتارکا خیالرکھیں ۔
صحت بخش غذا کا استعمال کریں ۔
تھکاوٹ یا مسلز میں تکلیف پر آرام ضرور کریں ۔
صحت مند جسمانی وزن کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں ۔
اگر ایڑی میں درد ہے تو کچھ طریقوں سے آپ اسے کم کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں :
جتنا ہوسکے آرام کریں ، روزانہ۲؍ بار ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ کیلئے برف سے سینکیں ، عام درد کش ادویات کا استعمال کریں ، ایسے جوتے پہنیں جو زیادہ ٹائٹ نہ ہوں ، اورایڑی کو زمین پر رکھنے کی بجائے اوپر اٹھا کر رکھیں ۔
اگر آپ کو اکثر ایڑی میں تکلیف ہوتی ہے تو ممکنہ طور پر سب سے پہلے گھریلو نسخوں کو آزمائیں ، جیسے آرام کریں ۔ تاہم، اگر یہ درد۲؍ سے ۳؍ ہفتوں میں بہتر نہیں ہوتا تو ڈاکٹر سے رجوع کرلینا چاہئے۔علاوہ ازیں ، شدید درد ہونے، اچانک درد شروع ہونے پر، ایڑی میں سرخی نظر آنے پر، ایڑی میں سوجن آنے پر، بہت زیادہ درد کے باعث چلنے سے قاصر ہوجانے پر، ڈاکٹر سے رجوع کریں ۔
ایڑی کا درد چلنے پھرنے سے معذور کرسکتا ہے اور روزمرہ کی سرگرمیاں متاثر ہوسکتی ہیں ۔ چلنے کا انداز متاثر ہوسکتا ہے، اگر ایسا ہو تو جسمانی توازن بگڑ سکتا ہے اور گرنے کا خطرہ بڑھتا ہے۔