Inquilab Logo

دانت پیلے ہوجاتے ہیں ، کیوں ؟

Updated: September 24, 2021, 7:00 AM IST | Mumbai

دنیا کا ہر شخص چاہتا ہے کہ اس کے دانتوں کا رنگ سفید ہو، اور جب وہ مسکرائے یا ہنسے تو اس کے سفید موتیوں جیسے دانت سامنے والے کو متاثر کریں ۔

Symbolic image. Photo: INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

دنیا کا ہر شخص چاہتا ہے کہ اس کے دانتوں کا رنگ سفید ہو، اور جب وہ مسکرائے یا ہنسے تو اس کے سفید موتیوں جیسے دانت سامنے والے کو متاثر کریں ۔ چمکتے سفید دانت نہ صرف خوش ذوقی کی علامت ہیں بلکہ انسانی نفسیات پر بھی اس کے گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔لیکن قدرتی طور پر تمام افراد کے دانت سفید نہیں ہوتے۔
 جرنل کونسل برائے کالج آف ڈینٹسٹ، اسپین کے ڈاکٹر آسکر کاسترو کے مطابق ’’ہر شخص کے دانتوں کی رنگت اس کی اپنی ہوتی ہے۔ پیدائش کے وقت جین میں موجود اہم عنصر دانتوں کی رنگت کو واضح کرتے ہیں ۔ بعض اوقات پیدائشی بیماریوں کے سبب دانتوں کی رنگت تبدیل ہوجاتی ہے۔ ان سے انیمل یا دانتوں کی مینا کاری میں نقص پیدا ہوتا ہے اور دانت پیلے یا بعض اوقات بھورے ہو جاتے ہیں ۔یہ موروثی بیماری ہے جو والدین سے بچوں میں منتقل ہوتی ہے۔‘‘ ماہرین کے مطابق تھارائیڈ ہارمونز میں مسائل بھی دانتوں کی رنگت پر اثر انداز ہوتے ہیں ۔ اس سے دانتوں پر کوئی دھبہ آ جاتا ہے اور اُن کا رنگ بدل جاتا ہے۔
 بعض خوراک اور مشروبات میں رنگ ہوتے ہیں جو دانتوں کی سطح پر موجود باریک سوراخوں میں داخل ہوجاتے ہیں ، جیسے کافی یا چائے۔
 رنگوں والے مشروبات جیسے کوکا کولا یا اس جیسے دیگر سافٹ ڈرنکس کے علاوہ سبز چائے (گرین ٹی) میں بھی پگمینٹس ہوتے ہیں جو دانت کو پیلے کردیتے ہیں ۔
 ماہرین نے بتایا ہے کہ بعض مقامات کا پانی بھی دانتوں کو پیلا کر سکتا ہے۔ پانی میں فلورائیڈ کی وافر مقدار سے دانتوں پر داغ آجاتے ہیں ۔ اکثر ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض مصنوعات جیسے ماؤتھ واش کے استعمال سے بھی دانت پیلے ہو سکتے ہیں ۔ دانت میں فیلنگ بھی اُس کی رنگت پر اثرانداز ہوتی ہے۔ دانت کے اندر موجود پٹھے کو ختم کر دینے سے بھی اُس کی رنگت ماند پڑ جاتی ہے۔ علاوہ ازیں ، منہ میں خون کے رساؤ سے سے دانت کی رنگت متاثر ہوتی ہے۔
 عمر میں اضافہ بھی دانتوں پر اثرانداز ہوتا ہے۔ جیسے جیسے عمر بڑھتی ہے دانت پیلے ہونے لگتے ہیں ۔ماہرین کے مطابق عمر کے ساتھ دانت پیلا ہونا معمول کی بات ہے کیونکہ پیدائش کے بعد ایسے کئی عوامل ہوتے ہیں جو دانتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں لیکن یہ بھی اہم ہے کہ ہم اُن کا خیال کیسے رکھتے ہیں اور انہیں کتنا صاف رکھتے ہیں ۔
 تاہم، دنیا میں ایسی غذائیں بھی جن میں قدرتی طور پر رنگوں کو کاٹنے یا اینٹی آکسیڈینٹ پگمنٹس ہوتے ہیں ، جیسے گاجر، ٹماٹر یا پالک وغیرہ۔ دانتوں کی مکمل صفائی بہت ضروری ہے۔ دانتوں کی مناسب دیکھ بھال اور پگمنٹس والی خوراک کے استعمال میں کمی سے انہیں محفوظ رکھ سکتے ہیں ۔
 کئی گھریلو ٹوٹکے بھی دانتوں کو محفوظ بنانے اور سفید رکھنے میں مددگار ہیں لیکن اگر آپ پیلے پڑتے دانتوں کی وجوہات جاننا چاہتے تو کسی ماہر سے ضرور مشورہ کریں ۔ ماہرین نے یہ بھی کہا ہے کہ دانتوں کی رنگت کو سفید کرنے والے بیشتر ٹوتھ پیسٹ میں بنفشہ ذرات موجود ہوتے ہیں جو دانت میں سرایت کر جاتے ہیں ، اور چند برسوں میں ان کی وجہ سے دانت پیلے پڑنے لگتے ہیں ۔ اس لئے ایسی چیزوں کے استعمال سے بچیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK