EPAPER
Updated: September 21, 2026, 5:51 PM IST | Mumbai
قریب کی چیزوں کی ظاہری حرکت زیادہ اور دور کی چیزوں کی کم محسوس ہوتی ہے۔
رات کے وقت جب ہم سفر کرتے ہیں تو آسمان پر چمکتا ہوا چاند بھی ہمیں یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وہ ہمارے ساتھ ساتھ چل رہا ہو۔ ہم آگے بڑھتے جاتے ہیں، مگر چاند تقریباً اسی جگہ دکھائی دیتا رہتا ہے، آخر ایسا کیوں ؟
چاند واقعی ہمارے ساتھ نہیں چلتا
چاند ہماری حرکت کے ساتھ نہیں چل رہا ہوتا۔ یہ دراصل ہماری آنکھوں کو نظر آنے والا ایک ظاہری اثر (Apparent Motion) ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ چاند کا زمین سے بہت زیادہ فاصلہ ہے۔ چاند زمین سے اوسطاً تقریباً۳؍ لاکھ۸۴؍ ہزار کلومیٹر دور ہے۔ اس کے مقابلے میں ہم جب سڑک پر چند سو میٹر یا چند کلومیٹر آگے بڑھتے ہیں تو چاند کے مقابلے میں ہماری جگہ میں ہونے والی تبدیلی انتہائی معمولی ہوتی ہے۔ اس لئے چاند کو دیکھنے کا ہمارا زاویہ بہت کم تبدیل ہوتا ہے۔ مثلاًاگر آپ اپنے سے چند قدم دور موجود کسی درخت کو دیکھتے ہوئے آگے بڑھیں تو درخت آپ کی نظر میں تیزی سے اپنی جگہ بدلتا محسوس ہوگا۔ لیکن اگر آپ بہت دور موجود کسی پہاڑ یا آسمان پر موجود چاند کو دیکھیں تو چند کلومیٹر آگے جانے کے باوجود اس کی ظاہری سمت میں بہت معمولی تبدیلی آئے گی۔
یہ بھی پڑھئے: امام حرم دنوں کی مناسبت سے بِشت پہنتے ہیں، کیوں؟
قریب کی چیزیں تیزی سے پیچھے جاتی محسوس ہوتی ہیں
اس مظہر کو سمجھنے کیلئے ایک آسان مثال گاڑی کا سفر ہے۔ جب آپ گاڑی میں بیٹھ کر سفر کرتے ہیں تو سڑک کے کنارے موجود درخت، کھمبے اور دکانیں بہت تیزی سے پیچھے جاتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ چیزیں آپ کے نسبتاً قریب ہوتی ہیں لیکن دور موجود پہاڑ بہت آہستہ حرکت کرتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں جبکہ بہت دور موجود چاند تقریباً ایک ہی جگہ پر نظر آتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گاڑی آگے بڑھنے کے باوجود چاند بھی ہمارے ساتھ چلتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔
ہمارازاویۂ نظر
اس میں زاویۂ نظر بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جب ہم کسی قریبی چیز کے مقابلے میں آگے بڑھتے ہیں تو اس چیز کو دیکھنے کا زاویہ تیزی سے تبدیل ہوتا ہے۔ اس کے برعکس دور موجود چاند کو دیکھنے کا زاویہ ہماری چند کلومیٹر کی حرکت سے تقریباً تبدیل نہیں ہوتا۔ اسی لئےہمیں یوں لگتا ہے کہ چاند ہماری سمت میں قائم ہے اور ہم جہاں بھی جائیں وہ بھی ساتھ موجود ہے۔ زاویۂ نظر اور ہماری اپنی حرکت مل کر بعض اوقات ایسا منظر پیدا کرتے ہیں جو حقیقت سے مختلف محسوس ہوتا ہے۔