Inquilab Logo Happiest Places to Work

دودھ کا رَنگ سفید جبکہ مکھن کا زرد ہوتا ہے، کیوں؟

Updated: July 31, 2026, 9:01 PM IST | Mumbai

مکھن چونکہ تقریباً مکمل طور پر چکنائی پر مشتمل ہوتا ہے، اس لئے بیٹا کیروٹین اس میں زیادہ مرتکز ہو جاتا ہے اور مکھن کو زرد یا سنہری رنگ دے دیتا ہے۔

The amount of beta-carotene in milk increases, which makes butter more yellow. Photo: INN
دودھ میں بیٹا کیروٹین کی مقدار بڑھ جاتی ہے جس سے مکھن زیادہ زرد بنتا ہے۔ تصویر: آئی این این

دودھ اور مکھن ایک ہی ماخذ سے حاصل ہونے والی غذائیں ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر دودھ سفید جبکہ مکھن زرد یا سنہری رنگ کا دکھائی دیتا ہے۔ کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ ان دو چیزوں کی رنگت میں یہ فرق کیوں ہوتا ہے؟
دودھ سفید کیوں نظر آتا ہے؟
دودھ بنیادی طور پر پانی، چکنائی (Fat)، پروٹین، لیکٹوز (Lactose)، معدنیات اور وٹامنز پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس میں موجود دو اہم پروٹین، کیسین (Casein) اور وے پروٹین (Whey Proteins) نہایت باریک ذرات کی صورت میں دودھ میں منتشر ہوتے ہیں۔ جب روشنی دودھ پر پڑتی ہے تو یہ ذرات روشنی کی تقریباً تمام رنگوں کی شعاعوں کو یکساں طور پر بکھیر دیتے ہیں۔ چونکہ تمام رنگ تقریباً برابر مقدار میں منعکس ہوتے ہیں، اس لئے ہماری آنکھ دودھ کو سفید رنگ میں دیکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خالص دودھ کی بنیادی شناخت اس کا سفید رنگ ہے۔ 
مکھن زرد کیوں ہوتا ہے؟
مکھن بنیادی طور پر دودھ کی چکنائی سے تیار کیا جاتا ہے۔ اس چکنائی میں ایک قدرتی رنگ دار مادہ بیٹا کیروٹین موجود ہوتا ہے، جو گاجر، گھاس، مکئی اور دیگر پودوں میں پایا جاتا ہے۔ جب گائے یا بھینس گھاس اور سبز چارہ کھاتی ہے تو یہ بیٹا کیروٹین اس کے جسم میں جذب ہو کر دودھ کی چکنائی میں منتقل ہو جاتا ہے۔ مکھن چونکہ تقریباً مکمل طور پر چکنائی پر مشتمل ہوتا ہے، اس لئے بیٹا کیروٹین اس میں زیادہ مرتکز ہو جاتا ہے اور مکھن کو زرد یا سنہری رنگ دے دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: زیر تعمیرعمارتوں کے باہر ڈجیٹل ڈسپلے ہوتا ہے، کیوں؟

دودھ میں بیٹا کیروٹین ہونے کے باوجود وہ سفید کیوں؟
یہ ایک دلچسپ حقیقت ہے کہ دودھ میں بھی بیٹا کیروٹین موجود ہوتا ہے مگر اس کی مقدار کم ہوتی ہے اور دودھ میں موجود کیسین پروٹین کی سفیدی اس زردی کو تقریباً مکمل طور پر چھپا دیتی ہے۔ جب دودھ سے مکھن بنایا جاتا ہے تو پانی، پروٹین اور دیگر اجزاء الگ ہو جاتے ہیں جبکہ چکنائی اور اس میں موجود بیٹا کیروٹین ایک جگہ جمع ہو جاتے ہیں۔ مکھن ۸۰؍سے۸۵؍ فیصد تک چکنائی پر مشتمل ہوتا ہے اور اس میں کیروٹینز کی سطح دودھ کے مقابلے میں ۲۸؍ گنا زیادہ ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے مکھن میں زرد رنگ واضح ہو جاتا ہے۔ 
جانور کی خوراک کا اثر
مکھن کی زردی صرف جانور کی نسل پر منحصر نہیں ہوتی بلکہ اس کی خوراک بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اگر جانور تازہ سبز گھاس اور قدرتی چارہ کھائے تو اس کے دودھ میں بیٹا کیروٹین کی مقدار بڑھ جاتی ہے جس سے مکھن زیادہ زرد بنتا ہے۔ دوسری طرف اگر جانور خشک چارہ کھائے تو مکھن کا رنگ ہلکا یا تقریباً سفید رہ سکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK