Inquilab Logo

ڈومبیولی: وزیر اعلیٰ نے ادھو ٹھاکرے کو تنقید کا نشانہ بنایا

Updated: April 23, 2024, 8:39 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

شری کانت شندے کے ترقیاتی کاموں پر مشتمل کتابچہ کا اجراء کرتے ہوئےایکناتھ شندے نے نام لئے بغیر سابق وزیر اعلیٰ کوفرضی شیر قراردیا۔ اپنے بیٹے کو تیسری بار کامیاب کرنے کےلئے ووٹروں سےاپیل کی۔

Chief Minister Eknath Shinde at the launch of the booklet. Photo: INN
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کتابچہ کا اجراء کے موقع پر۔ تصویر : آئی این این

’’کانگریس نے مسلمانوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا ہے جبکہ ہماری سرکار نے اقلیتوں کی ہمہ جہت ترقی کیلئے مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کا بجٹ ۳۰ ؍کروڑ  روپے سے بڑھا کر ۵۰۰؍ کروڑ روپے کردیا ہے۔‘‘ کلیان پارلیمانی حلقہ کے رکن پارلیمان شری کانت شندے کی ۱۰؍ سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کرنے کیلئے منعقد ایک پروگرام میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے مذکوہ بالا خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے ادھو ٹھاکرے کا نام لئے بغیر کہا کہ ’’کلیان اور ڈومبیولی میں کچھ جعلی شیر آئے تھے لیکن جب تک ایکناتھ شندے رنگ ماسٹر ہے، تب تک محض شیر کی کھال پہننے ہوئی کوئی بکری شیر نہیں بنے گی۔‘‘
 اتوار کی شب ڈومبیولی کے ساوتری بائی ناٹیہ گرہ میں کلیان پارلیمانی حلقہ کے ایم پی ڈاکٹر شری کانت شندے کے ترقیاتی کاموں پر مشتمل ایک کتابچہ کا اجراء وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں کیا گیا۔اس موقع پر ریاستی وزیر رویندر چوہان،ایم پی ڈاکٹر شری کانت شندے، ایم این ایس کے رکن اسمبلی راجو پاٹل، بالاجی کینیکر سمیت بی جےپی، شیوسینا اور این  سی پی کےکئی اعلیٰ لیڈران موجود تھے۔
 اپنے ۲۵؍ منٹ کے خطاب میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے ۱۵؍منٹ تک صرف ادھو ٹھاکرے کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے۔انہوں نے کہا کہ مغرور لوگوں کی وجہ سے ریاست کا زبردست نقصان ہوا ہے۔ اگر کوئی دلی جاکر مرکزی حکومت سے فنڈ کا مطالبہ کر رہا ہے تو اس میں غلط کیا ہے؟مرکز سے یا راج ٹھاکرے سے تعاون مانگنے میں کون سی شرم کی بات ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ادھو ٹھاکرے کو سخت سست بتاتے ہوئے کہا کہ کاہل لوگوں کی وجہ سے ریاست کی ترقی رکی ہوئی تھی۔ہماری حکومت کی تیز رفتاری دیکھ کر کچھ لوگوں نے اپنے گلے کے بلیٹ نکال لئے اور تیز تیز چلنے لگے۔اس موقع پر انہوں نے اپنے بیٹے شری کانت شندے کی خوب تعریف کرتے ہوئے انہیں کلیان پارلیمانی حلقہ سے تیسری مرتبہ کامیاب بنانے کی اپیل بھی کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK