Inquilab Logo

نمک حلال

Updated: May 07, 2022, 11:44 AM IST | Mohammad Mazhar Al Huda | Mumbai

ایک چور نے ایک دولت مند آدمی کے گھر میں سیندھ لگائی اور بہت سے قیمتی جواہرات اٹھا لئے۔

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

ایک چور نے ایک دولت مند آدمی کے گھر میں سیندھ لگائی اور بہت سے قیمتی جواہرات اٹھا لئے۔ یکایک ایک ریزے پر اس کی نظر پڑی جو الماس کی طرح چمک رہا تھا اس نے اس اندھیری رات میں اس کو شب چراغ موتی سمجھ کر جانچ کے واسطے اپنے منہ میں رکھا تو معلوم ہوا کہ نمک ہے۔ اسی وقت اس نے مال چھوڑ دیا اور وہاں سے خالی ہاتھ گھر چلا گیا۔ صبح کے وقت جب خزانچیوں نے امیر آدمیوں سے کہا ’’رات کو خزانے میں چور آئے تھے۔ سارے ماں و اسباب کو اٹھایا، لیکن پھر خالی ہاتھ اس کو چھوڑ کر چلے گئے۔ ہم لوگوں نے اچھی طرح سے دیکھ لیا ہے سب چیزیں موجود ہیں۔‘‘ امیر کو یہ سن کر تعجب ہوا۔ اس نے حکم دیا کہ اس چور کو حاضر کیا جائے۔ اگر وہ مال چھوڑ کر جانے کی وجہ بتا دے گا تو اس کا قصور معاف کر دیا جائیگا۔ چور امیر کے دربار میں حاضر ہوا۔ امیر نے اس سے پوچھا ’’تو مال کیوں نہ لے گیا؟‘‘ چور نے جواب دیا ’’میں نے ایک چیز چمکتی دیکھی تھی اسے زبان پر رکھا تو معلوم ہوا کہ نمک ہے۔ جب میں نے حضور کا نمک کھا لیا تو مجھ پر سو بار لعنت اگر مَیں آپ کے یہاں چوری کروں اور نمک کا حق نہ بجا لاؤں، کیونکہ نمک کھانا اور پھر چوری کرنا کمینوں کا کام ہے۔‘‘ امیر اس کے اس جواب سے بہت خوش ہوا اور دولت سے اس کو مالا مال کر دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK