ہر سال ۷؍ جولائی کو چاکلیٹ ڈے منایا جاتا ہے۔چاکلیٹ اور چاکلیٹ ڈے کے متعلق کئی باتیں ایسی ہیں جو کافی دلچسپ ہیں،اس مضمون میں انہیں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: July 07, 2023, 5:52 PM IST | Mumbai
ہر سال ۷؍ جولائی کو چاکلیٹ ڈے منایا جاتا ہے۔چاکلیٹ اور چاکلیٹ ڈے کے متعلق کئی باتیں ایسی ہیں جو کافی دلچسپ ہیں،اس مضمون میں انہیں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
ہر سال۷؍ جولائی کو چاکلیٹ کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن چاکلیٹ سے بنی ہر قسم کی اشیاکیلئے بھی مختص ہے جن میں چاکلیٹ مِلک، ہاٹ چاکلیٹ، چاکلیٹ کینڈی،چاکلیٹ کیک اور براؤنیز وغیرہ شامل ہیں۔
چاکلیٹ ڈے کی مختصر تاریخ
یہ دن ۱۵۵۰ء میں یورپ میں چاکلیٹ کی پہلی بار آمد کی یادگار کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اسے منانے کا آغاز ۲۰۰۹ء میں ہوا تھا ۔
چاکلیٹ کی مشہور اقسام
چاکلیٹ کی کئی اقسام دنیا بھر میں مشہور ہیں جن میں خالص، غیر میٹھی چاکلیٹ(بیکنگ چاکلیٹ) اور آج کل استعمال ہونے والی زیادہ تر چاکلیٹ میٹھی چاکلیٹ کی شکل میں ہے جو زیادہ مقبول ہے۔ چاکلیٹ کی دوسری قسمیں بیکنگ اور کنفیکشنری میں استعمال ہوتی ہیں۔ ان میں بیکنگ چاکلیٹ ، کوورچر چاکلیٹ (کوٹنگ کیلئے استعمال ہوتی ہے)، کمپاؤنڈ چاکلیٹ (ایک کم قیمت والا متبادل) اور ماڈلنگ چاکلیٹ شامل ہیں۔ ماڈلنگ چاکلیٹ ایک چاکلیٹ پیسٹ ہے جو چاکلیٹ کو پگھلا کر اسے مکئی اور گلوکوز یا گولڈن سیرپ کے ساتھ ملا کر بنایا جاتا ہے۔
چاکلیٹ کیسے حاصل کیا جاتا ہے؟
چاکلیٹ اصل میں ایک پودے’ کوکوا ‘کے بیجوں کو بھون اور پھر پیس کر حاصل کیا جاتا ہے۔ کوکو اکا ہر درخت تقریباً ۲۵۰۰؍پھلیاں پیدا کرتا ہے۔ایک پاؤنڈ(تقریبا ۵۰۰؍ گرام) چاکلیٹ بنانے میں ۴۰۰؍ کوکوا پھلیوں کا استعمال ہوتا ہے۔اس کا اصل وطن وسطی امریکہ ہے لیکن پیداوار کے لحاظ سے مغربی افریقہ اس کا اہم خطہ ہے۔
چاکلیٹ ڈے: کب کہاں؟
عالمی سطح پر ۷؍ جولائی کو چاکلیٹ ڈے منایاجاتا ہے مگر بعض ممالک اپنے طور پر اس کا انعقاد کرتے ہیںجیسے کہ ریاستہائے متحدہ میں ۲۸؍ اکتوبر کو نیشنل چاکلیٹ ڈے منایا جاتا ہے۔ یو ایس نیشنل کنفیکشنرز اسوسی ایشن نے۱۳؍ ستمبر کو بین الاقوامی چاکلیٹ ڈے کے طور پر درج کیا ہے۔ گھانا، کوکوا کا دوسرا سب سے بڑا پروڈیوسر ہے،جو۱۴؍ فروری کو چاکلیٹ ڈے مناتا ہے۔ لاتویا میں چاکلیٹ کا عالمی دن۱۱؍ جولائی کو منایا جاتا ہے۔اس کے علاوہ نیشنل ملک چاکلیٹ ڈے، نیشنل وہائٹ چاکلیٹ ڈے اور نیشنل کوکوا ڈے کا بھی اہتمام مختلف تاریخوں میں کیا جاتا ہے۔
چاکلیٹ بنانے والی کچھ مشہور کمپنیاں
موجودہ دور کی کئی چاکلیٹ کمپنیوں نے ۱۹؍ ویں اور۲۰؍ ویں صدی کے اوائل میں کام کرنا شروع کیا۔مشہور چاکلیٹ کمپنی ’ کیڈبری ‘کا آغاز انگلینڈ میں ۱۸۶۸ء میں ہواتھا۔ ’ نیسلے‘ کا آغاز ۱۸۶۰ءکی دہائی میں ہوا تھا اوراب یہ دنیا کے سب سے بڑے فوڈ گروپ میں سے ایک ہے۔ ’مارس رگلی کنفیکشنری‘ ، امریکہ ،دنیا کی سب سے بڑی چاکلیٹ کمپنیوں کے چارٹ میں سرفہرست ہے جس کا قیام ۱۹۱۱ء میں عمل میں آیا تھا ۔