Inquilab Logo

۶؍سابقہ ممالک جنہوں نے یوروکپ کھیلا تھا

Updated: April 20, 2024, 3:20 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

امسال فٹبال کے کھیل کا دوسرا سب سے بڑا ٹورنامنٹ یوروکپ ہونے والا ہے۔ جرمنی اس کی میزبانی کیلئے پوری طرح تیارہے اور جون میں یورپ کی ٹیمیں ایک دوسرے پر سبقت لےجاتے ہوئے خطاب پر قبضہ کرنا چاہیں گی۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

امسال فٹبال کے کھیل کا دوسرا سب سے بڑا ٹورنامنٹ یوروکپ ہونے والا ہے۔ جرمنی اس کی میزبانی کیلئے پوری طرح تیارہے اور جون میں یورپ کی ٹیمیں ایک دوسرے پر سبقت لےجاتے ہوئے خطاب پر قبضہ کرنا چاہیں گی۔ گزشتہ یورو کپ پر اٹلی نے قبضہ کیا تھا اور اٹلی اپنے خطاب کا دفاع کرے گا۔ 
 یو اے ایف اے جسے یوئیفا بھی کہا جاتاہے کی یورپی چمپئن شپ (یورو کپ ) بنیادی طورپر اسوسی ایشن فٹبال مقابلہ ہے جس کا مقابلہ یوئیفا کے ممبران کی سینئر مردوں کی قومی ٹیموں کے درمیان ہوتاہے ۔۱۹۶۰ء کے بعد سے ہر ۴؍ سال بعد منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں یورپ کے ممالک شرکت کرتے ہیں۔ اسے اصل میں یوئیفا یورپی نیشن کپ کہا جاتا تھا، اس کے بعد ۱۹۶۸ء میں اس کانام تبدیل کردیا گیاتھا۔ ۱۹۹۶ء کے ٹورنامنٹ سے شروع ہونے والی، مخصوص چمپئن شپ کو اکثر یورو کہا جاتا ہے۔
 پہلے ٹورنامنٹ میں داخل ہونے کے لئے میزبان ممالک کے علاوہ تمام ٹیمیں (جو خود بخود اہل ہو جاتی ہیں) کوالیفائنگ کے عمل میں مقابلہ کرتی ہیں۔ چمپئن شپ کے فاتحین کو مندرجہ ذیل فیفا کنفیڈریشن کپ میں حصہ لینے کا موقع ملتا ہے، لیکن وہ ایسا کرنے کی پابند نہیں ہیں۔ 
 اس بار بھی ۲۴؍ ٹیمیں یورو کپ کیلئے جدوجہد کرنے والی ہیںجن میں مضبوط ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ ان میں جرمنی، اسپین، کروشیا، فرانس ، انگلینڈ، پولینڈ ، نیدرلینڈس ، بلجیم اور پرتگال کانام قابل ذکر ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں سبھی فٹبال شائقین پرتگال کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کو کھیلتے ہوئے دیکھنا پسند کریں گے جن کی قیادت میں پرتگال ایک بار ۲۰۱۶ء میں چمپئن شپ جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔ لیکن ہم یہاں آپ کو یوروکپ کی ایسی ۶؍ ٹیموں کے بارے میں بتانا چاہتے ہیں جنہوں نے اس ٹورنامنٹ میں شرکت کی لیکن ان کے ممالک الگ ہونے کی وجہ سے وہ پھر کبھی اس چمپئن شپ میں شرکت نہیں کر سکیں۔ ان میں بڑی ٹیم مغربی جرمنی بھی ہے۔ 
 ان میں سے سب سے پہلا نام چیکو سلوواکیہ کانام آتاہے۔ اس ٹیم نے یوروکپ کے ۳؍ایڈیشن میں شرکت کی تھی۔ ۱۹۶۰ء تا ۱۹۸۰ء تک یہ ٹیم وجود میں رہی لیکن اس کے بعد یہ ٹیم دو حصوں میں تقسیم ہوگئی۔ ایک چیک ٹیم اور دوسری سلوواک ٹیم۔ آج یہ دونوں ٹیمیں الگ الگ سطح پر مختلف ٹورنامنٹس میں شرکت کرتی ہیں۔ اس بار سلوواکیہ اور چیک جمہوریہ ٹیموں نے یوروکپ ۲۰۲۴ء کیلئے کوالیفائی کیا ہے اور وہ ٹورنامنٹ کھیلیں گی۔ 
 یوگوسلاویہ کی فٹبال ٹیم کا ایک زمانے میں بہت نام تھا لیکن اب یہ ٹیم ختم ہوگئی ہے۔ اس کی جگہ سربیا کی ٹیم نے لے لی ہے اور اس کی دوسری ٹیم مونٹینگرو ہے۔ یوگوسلاویہ کے ۲؍  ٹکڑے ہونے کے بعد متذکرہ ۲؍ ٹیمیں وجود میں آئی تھیں۔ 
 سوویت یونین نے ۱۹۶۰ء سے ۱۹۸۸ء تک ۵؍مرتبہ یورو کپ میں شرکت کی تھی۔ سویت یونین کے ٹکڑے ہونے کے بعد روس کی قومی فٹبال ٹیم وجود میں آئی اور اس کے ساتھ ہی دیگر ممالک کی بھی ٹیمیں وجود میں آئیں۔ سوویت یونین کی ٹیم نے ۱۳؍ میچ کھیلے تھے اور اسے ۷؍ میں کامیابی ملی تھی۔ 
 سابقہ ممالک کی ٹیموں میں سب سے اہم نام مغربی جرمنی کا ہے جس نے یوروکپ کے ساتھ عالمی کپ پر بھی قبضہ کیا تھا۔ ۱۹۷۲ء تا ۱۹۸۸ء یہ ٹیم یورپ میں وجود میں رہی اور جب جرمنی متحد ہوا تو اسکا خاتمہ کردیا گیا۔ دیگر۲؍ ٹیمیں سی آئی ایس اور ایف آر یوگوسلاویہ کی تھیں جو بالترتیب ۱۹۹۲ء اور ۲۰۰۰ءمیں ختم ہوگئی تھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK