Inquilab Logo Happiest Places to Work

رنبیر کپور کی فلم ’’رامائن‘‘ کی پہلی جھلک جاری، مداحوں میں زبردست جوش و خروش

Updated: July 03, 2025, 3:43 PM IST | Mumbai

نتیش تیواری کی زیر ہدایت بننے والی فلم ’’رامائن‘‘ کی پہلی جھلک منظرِ عام پر آ گئی ہے جس نے مداحوں میں زبردست جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔ رنبیر کپور، سائی پَلّوی، یش اور سنی دیول جیسے بڑے فنکاروں پر مشتمل یہ فلم ایک عظیم دیومالائی داستان کو جدید سینما کی زبان میں پیش کرے گی۔

Poster for "Ramayana." Photo: INN.
’’رامائن‘‘ کا پوسٹر۔ تصویر: آئی این این۔

نتیش تیواری کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلم ’’رامائن‘‘کی پہلی جھلک جاری کر دی گئی ہے جسے دیکھنے کے بعد مداح پرجوش ہیں۔ رنبیر کپور، سائی پَلّوی، یش، سنی دیول اور روی دوبے جیسے بڑے ستاروں پر مشتمل یہ فلم شاندار منظرناموں اور بصری حسن کا شاہکار ثابت ہونے والی ہے۔ فلم کی پہلی جھلک کو ہر طرف سے محبت اور پذیرائی مل رہی ہے۔ مداحوں نے ویڈیو سے اپنے تاثرات شیئر کئے کچھ نے رنبیر کپور کے روپ کی تعریف کی، تو کچھ پسِ منظر میں بجنے والے موسیقی کے سحر میں کھو گئے۔ 

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس ‘‘ پر ایک صارف نے ٹیزر کے بارے میں لکھا:’’تاریخ کی عظیم ترین فلم، عظیم ترین اداکار کے ذریعے، عظیم ترین مہاکاوی پر مبنی۔ ہیش ٹیگ رامائن۔ یہ پہلی بالی و وڈ فلم ہوگی جو ۱۰؍ ہزار کروڑ کا ہندسہ عبور کرے گی۔ یاد رکھنا میرے الفاظ!‘‘
ایک اور صارف نے لکھا:’’رنبیر کپور بطور شری رام۔ یہ ہائپ بالکل سچی ہے!‘‘
تیسرے صارف نے کہا:’’رنبیر کپور ’رامائن‘ کے ذریعے عالمی سنیما پر راج کرنے آ رہے ہیں !‘‘
ایک اور صارف نے موسیقار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا: ’’ہنس زمر واقعی ایک جادوگر ہے، کیا شاندار بیک گراؤنڈ میوزک دیا ہے!! رونگٹے کھڑے ہو گئے!‘‘

فلم کے آغاز کا جشن ہندوستان کے نو بڑے شہروں میں ایک ساتھ اسکریننگز کے ذریعے منایا گیا اور اس کے ساتھ نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر بھی فلم کی خاص نمائش کی گئی جو اس منصوبے کے عالمی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ فلم ایک دیومالائی دور میں ترتیب دی گئی ہے جہاں برہما، وشنو اور شو کی آفاقی تثلیث نظامِ کائنات کو چلاتی ہے۔ کہانی راون پر مرکوز ہے جو ایک غیر متوقع راکشس بچے کے طور پر جنم لیتا ہے اور کائناتی توازن کیلئے خطرہ بن جاتا ہے۔ اس توازن کو بحال کرنے کیلئے، وشنو بھگوان شری رام کے روپ میں زمین پر اوتار لیتے ہیں جس کے بعد ایک عظیم الشان تصادم کی بنیاد رکھی جاتی ہے۔ 

فلم کو نامت ملہوترہ نے پروڈیوس کیا ہے اور یش اس کے شریک پروڈیوسر ہیں۔ فلم کو پرائم فوکس اسٹوڈیوز اور مانسٹر مائنڈ کریئیشنز کے اشتراک سے بنایا جا رہا ہے، جبکہ اس میں ڈی نیگ (DNEG) جو آٹھ مرتبہ آسکر ایوارڈ جیتنے والا وی ایف ایکس اسٹوڈیو ہے کے خصوصی اثرات شامل ہوں گے۔ پہلا حصہ دیوالی ۲۰۲۶ء میں عالمی سطح پر ریلیز کیا جائے گا، جبکہ دوسرا حصہ دیوالی ۲۰۲۷ء میں ریلیز ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK