Inquilab Logo Happiest Places to Work

بارش کا موسم: گروسری کی دیکھ بھال یوں کریں

Updated: July 03, 2025, 3:22 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

اس موسم میں دالیں، آٹا، مسالے اور نمکین جیسی چیزیں نمی جذب کرکے باسی یا چپ چپی ہوسکتی ہیں۔ ایسے میں ضروری ہے کہ گروسری آئٹمز کو صحیح طریقے سے اسٹور کیا جائے تاکہ ان کا ذائقہ، غذائیت اور تازگی برقرار رہے۔ تھوڑی سی سمجھداری اور چند نسخے آپ کے گروسری آئٹمز کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

Store grocery items in a glass jar to protect them from moisture. Photo: INN
گروسری آٹئمز کو نمی سے بچانے کیلئے انہیں کانچ کے جار میں رکھیں۔ تصویر: آئی این این

خاتون خانہ کسی بھی صورت میں اپنے باورچی خانے کو نظر انداز نہیں کرسکتی۔ اس کی کوشش ہوتی ہے کہ صفائی ستھرائی سے لے کر تمام چیزوں کی دستیابی تک اس کے باورچی خانے میں کوئی بھی کسر باقی نہ رہے۔ لیکن بارش کے موسم میں خاتون خانہ کو یہ پریشانی لاحق ہوتی ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء خراب نہ ہوجائے۔ دراصل بارش کے موسم میں نمی دیواروں اور کپڑوں کے ساتھ ساتھ باورچی خانے کی الماریوں میں بھی خاموشی سے اپنا گھر بنا لیتی ہے۔ کئی بار ہمیں پتہ بھی نہیں چلتا اور کھانے پینے کی چیزوں میں سیلن، پھپھوند یا کیڑے لگ جاتے ہیں۔ کچھ گروسری آئٹمز ایسے ہوتے ہیں جو اس موسم میں سب سے پہلے خراب ہوتے ہیں۔ ان میں پھپھوند لگ جاتا ہے اور ان کا ذائقہ اور رنگ بدلنے لگتا ہے۔
 اس موسم میں دالیں، آٹا، مسالے اور نمکین جیسی چیزیں نمی جذب کرکے باسی یا چپ چپی ہوسکتی ہیں۔ ایسے میں ضروری ہے کہ گروسری آئٹمز کو صحیح طریقے سے اسٹور کیا جائے تاکہ ان کا ذائقہ، غذائیت اور تازگی برقرار رہے۔ تھوڑی سی سمجھداری اور چند نسخے آپ کے گروسری آئٹمز کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
 گروسری آئٹمز کی دیکھ بھال ایک اہم کام ہے۔ سب سے پہلے ہماری کوشش یہ ہونی چاہئے کہ اس موسم میں کوئی بھی سامان زیادہ تعداد میں خرید کر نہ لائیں۔ آپ صرف ایک ہفتے کا سامان خرید کر اسٹور کرسکتی ہیں۔ سامان لانے کے بعد چیزوں کو اچھی طرح دیکھ بھال کر ہی انہیں ڈبوں میں رکھیں۔ کبھی کبھی بعض چیزوں میں پہلے سے کیڑے لگے ہوتے ہیں جس سے وہ جلد خراب ہوجاتے ہیں۔ ذیل میں گروسری آئٹمز کی دیکھ بھال کے چند طریقے بتائے جا رہے ہیں:

جلد خراب ہونے والے گروسری آئٹمز
٭بریڈ: ۳؍ سے ۴؍ دن میں ہی نمی سے پھپھوند لگ سکتی ہے۔
٭آٹا: اگر نمی پہنچ جائے تو کیڑے اور گھن لگ سکتے ہیں۔
٭چاول: اگر دھیان نہ دیا جائے تو کیڑے اور گھن لگ سکتے ہیں۔
٭بیسن: ہفتوں میں گھن لگ سکتا ہے۔
٭مونگ پھلی: اگر نمی لگ جائے تو پھپھوند لگ سکتی ہے۔
٭دال: بند ڈبوں میں بھی پھپھوند لگ سکتی ہے۔
٭مسالے: نمی سے بو اور رنگ تبدیل ہوسکتا ہے۔
٭خشک میوہ جات: نمی سے چپچپے ہوجاتے ہیں اور بو بھی آنے لگتی ہے۔
٭چینی اور نمک: نمی سے گیلے اور جمنے لگتے ہیں۔
٭پیاز اور لہسن: سڑ جاتے ہیں اور بدبو آتی ہے۔
٭بسکٹس اور اسنیکس: بہت جلد نرم اور باسی ہوجاتے ہیں۔

گروسری آئٹمز: نمی سے بچانے کے طریقے
٭آٹے میں ثابت لال مرچ یا تیز پات ڈال کر ہوا بند ڈبے میں رکھیں۔
٭چاول میں نیم کی پتیاں یا ثابت لہسن کی کلیاں ڈالیں۔
٭دالوں کو دھوپ میں سکھا کر کنٹینر میں لونگ یا تیز پات کے ساتھ اسٹور کریں۔
٭بریڈ کو فریج میں نہ رکھیں۔ چھوٹے پیکٹ لائیں اور ۲؍ دن میں استعمال کرلیں۔
٭نمک اور چینی میں چاول کے چند دانے ڈال کر کانچ کے جار میں رکھیں۔
٭مسالوں کو دھوپ میں اچھی طرح سکھا کر ہوا بند ڈبے میں لونگ ڈال کر اسٹور کریں۔ انہیں ڈیپ فریزر میں بھی رکھ سکتے ہیں۔
٭پیاز اور لہسن کو جوٹ یا نیٹ بیگ میں رکھ کر ہوا دار جگہ پر ٹانگیں۔
٭چائے، کافی اور بسکٹس کو جیپ لاک بیگ یا ٹین کے ڈبوں میں رکھیں۔
٭دودھ اور دیگر ڈیری پروڈکٹس کو بازار سے لانے کے فوراً بعد فریج میں رکھیں اور ایکسپائری ڈیٹ بھی چیک کریں اور اس کے مطابق استعمال کریں۔

کچن کی صفائی اس طرح کریں
٭ہفتے میں ایک بار الماری، دراز اور کنٹینر کو خالی کرکے صاف کریں۔
٭اینٹی سیپٹک یا سرکہ والے پانی سے شیلف اور سلیب پونچھیں۔
٭گیس اسٹو اور برنر کو ہفتے میں ایک بار برش سے رگڑ کر صاف کریں۔
٭فریج کو ۱۰؍ دن میں ایک بار ڈیپ فراسٹ کرکے اندر سے سکھائیں۔
٭مسالے اور اناج کے ڈبوں کو کھول کر نمی یا پھپھوندی چیک کریں۔
٭سنک اور نالی کو ہفتے میں ۲؍ بار بیکنگ سوڈا یا گرم پانی سے صاف کریں۔
٭اسکرب اور اسفنج کو ہر ہفتے دھوپ میں سکھائیں۔
٭کھانا ہمیشہ ڈھانک کر رکھیں۔
٭روزانہ کچرے کی بالٹی خالی کریں اور دھو کر سکھائیں۔
٭سلیکا جیل کے پیکٹس یا نمک کی کٹوری باورچی خانے کی الماری میں رکھیں، یہ نمی اپنے اندر جذب کر لیتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK