Inquilab Logo

اولمپکس میںرنرز کے۶؍ناقابل تسخیر ریکارڈز

Updated: January 26, 2024, 2:00 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

پیرس ۲۰۲۴ء میں اولمپکس کا انعقاد ہونے والا ہے اور اس کیلئے سبھی ایتھلیٹ اور کھلاڑی محنت کررہے ہیں۔ سبھی کی کوشش ہوتی ہے کہ انہیں گولڈ میڈل نہیں تو کم سے کم ایک کانسہ کا ہی تمغہ مل جائے۔

Kenenisa Bekele. Photo: INN
کین نیسا بیکیلے۔ تصویر : آئی این این

پیرس ۲۰۲۴ء میں اولمپکس کا انعقاد ہونے والا ہے اور اس کیلئے سبھی ایتھلیٹ اور کھلاڑی محنت کررہے ہیں۔ سبھی کی کوشش ہوتی ہے کہ انہیں گولڈ میڈل نہیں تو کم سے کم ایک کانسہ کا ہی تمغہ مل جائے۔ اولمپکس میں یوں تو سبھی کھیل دلچسپ ہوتے ہیں لیکن شائقین سب سے زیادہ دلچسپی ایتھلیٹکس میں دکھاتے ہیں۔ ان کھیلوں کو دیکھنے کیلئے پورا اسٹیڈیم بھرا ہوتا ہےاور وہ ایتھلیٹ کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ ایتھلیٹکس کا جب بھی نام آتا ہے تو اس وقت یوسین بولٹ سبھی کو یاد آتے ہیں۔ یوسین بولٹ نے ایتھلیٹکس کو بلندی پر پہنچا دیا تھا کیونکہ انہیں دیکھنے کیلئے اولمپکس کا اسٹیڈیم بھرا رہتاتھا۔بہرحال ان کی غیرموجودگی کے باوجود شائقین اس کھیل کو اب بھی بہت پسند کرتے ہیں۔ پیرس میں بھی یوسین بولٹ کے وطن جمائیکا کے ایتھلیٹ اپنا جلوہ بکھیرنے کیلئے تیار ہوںگے۔ جمائیکا کے ایتھلیٹس کو امریکہ کے رنرس سے سخت مقابلہ ملتاہےاس لئے اولمپکس کو پسند کرنے والے ان دو ممالک کی حریفائی دیکھنے آتے ہیں۔
اولمپکس کی طویل دوڑمیں افریقی ممالک کا غلبہ ہوتاہے جن میں خصوصی طورپر ایتھوپیائی ایتھلیٹس پیش پیش ہوتے ہیں۔ ہم نے گزشتہ ہفتے اولمپکس کے ناقابل تسخیر ریکارڈس کے بارے میں بتایا تھا اس ہفتے ہم رننگ کے ۶؍مختلف زمروں کے اولمپکس ریکارڈس کی تفصیلات فراہم کررہے ہیں۔ 

۱۰۰؍میٹر کی دوڑ
اولمپکس کی سب سے دلچسپ دوڑ کو پورا کرنے کا ریکارڈ جمائیکا کے یوسین کے نام ہے جنہوں نے ۵؍اگست ۲۰۱۲ء میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ انہوںنے ۹ء۶۳؍ سیکنڈ میں ۱۰۰؍ میٹر کی دوڑ مکمل کرکے نیا اولمپکس ریکارڈ بنایا تھا۔ حالانکہ ورلڈ چمپئن شپ میں انہوں نے اس سے بھی کم وقت میں یہ دوڑ مکمل کی تھی۔ 

۲۰۰؍میٹر کی دوڑ
اس دوڑ میں بھی جمائیکا کے یوسین بولٹ نے ہی بازی ماری ہے۔ انہوں نے ۲۰۰؍ میٹر کی ہیٹ ۱۹ء۳۰؍ سیکنڈمیں مکمل کرکے اولمپکس کا ریکارڈ بنایا تھا۔ یہ کارنامہ انہوں نے بیجنگ میں ہونے والے اولمپکس میں انجام دیا تھا۔ ۲۰؍اگست ۲۰۰۸ء میںجمائیکا کے رنر نے ریکارڈ بناکر سبھی کو حیران کردیا تھا اور گولڈ میڈل پر قبضہ کیاتھا۔ 

۴۰۰؍میٹر کی دوڑ
اولمپکس کے ایتھلیٹکس میں ۴۰۰؍ میٹر کی دوڑ بھی دلچسپ ہوتی ہے اور اس میں بھی دنیا کے بہترین ایتھلیٹ حصہ لیتے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ایتھلیٹ ویڈ وین نی کرک نے برازیل میں ہونے والے اولمپکس میں یہ ریکارڈ بنایا تھا۔ ریو میں ۱۴؍اگست ۲۰۱۶ء میں انہوں نے ۴۳ء۰۳؍سیکنڈ میں ۴۰۰؍ میٹر کی ریس مکمل کی تھی۔ 

۸۰۰؍میٹر کی دوڑ
 لندن اولمپکس میں ۸۰۰؍میٹر کے مقابلے میں کینیا کے اسٹار رنر ڈیوڈ روڈیشا نے ریکارڈ بنایا تھا۔ ۹؍اگست ۲۰۱۲ء کو ہونے والی ۸۰۰؍ میٹر کی ریس کینیا کے رنر نے ۹۱:۴۰:۱؍ منٹ میں مکمل کرکے اولمپکس ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ لندن اولمپکس کیلئے کینیا کے رنر نے بہت محنت کی تھی اور اس کا پھل انہیں ریس میں مل گیاتھا۔ 

۱۵۰۰؍میٹر کی دوڑ
 ناروے سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ اور رنر جیکب انگے برائٹسین نے ۱۵۰۰؍میٹر کی دوڑ میں اولمپکس ریکارڈ بنایا تھا۔ وہ طویل دوڑ کیلئے مشہور ہیں اور انہوں نے ۷؍اگست ۲۰۲۱ء میں ۱۵۰۰؍ میٹر کی ریس ۳۲:۲۸: ۳؍منٹ میں مکمل کرکے ریکارڈ بنایا تھا۔ انہوں نے یہ کارنامہ ٹوکیو اولمپک ۲۰۲۰ء میں انجام دیا تھا۔ 

۵۰۰۰؍میٹر کی دوڑ
 طویل فاصلے کی دوڑ میں ایتھوپیائی رنر سب سے آگے ہوتے ہیں اور اولمپکس میں بھی ان کے ریکارڈ ہیں۔ ۵۰۰۰؍میٹر کی دوڑ میں ایتھوپیائی رنر کین نیسا بیکیلے نے ریکارڈ بنایا تھا۔ انہوںنے یہ ریس ۸۲:۵۷: ۱۲؍ منٹ مکمل کی تھی۔ ایتھوپیا کے ایتھلیٹ نے ۲۳؍ اگست ۲۰۰۸ء میں چین کے شہر بیجنگ میں اولمپکس ریکارڈ بنایا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK