• Fri, 06 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایئر کرافٹ ڈیزائنر ایگور سکورسکی نے ہیلی کاپٹر ایجاد کیا تھا

Updated: September 15, 2023, 3:33 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

کریئر آفیسر بننے کے ارادے سے انہوں نے نیول اکیڈمی میں داخلہ لیا مگر جلد ہی استعفیٰ دے دیا اور شعبہ انجینئرنگ میں داخل ہوگئے۔

Igor Sikorsky retired in 1957 as the engineering manager of his company. Photo: INN
ایگور سکورسکی ۱۹۵۷ءمیں اپنی کمپنی کے انجینئرنگ منیجر کی حیثیت سے ریٹائرڈ ہوئے تھے۔ تصویر:آئی این این

ایگور سکورسکی(Igor Sikorsky) ہوائی جہاز کے ڈیزائنر اور ہیلی کاپٹر کے موجد کے طور پر مشہور ہیں ۔ ان کی پیدائش ۲۵؍ مئی ۱۸۸۹ء کو روسی سلطنت، کیف (اب یوکرین کا حصہ ہے) میں ہوئی تھی۔وہ اپنے بھائی بہنوں میں سب سے چھوٹے تھے ۔ سکورسکی کے والد ایون الیکسیوچ سکورسکی،سینٹ ولادیمیر یونیورسٹی میں فزیشن اور نفسیات کے پروفیسر تھے ۔ان کی والدہ ماریہ اسٹیفانونا ڈاکٹر تھیں مگر انہوں نے کبھی پریکٹس نہیں کی۔۱۹۰۰ء میں،۱۱؍ سال کی عمر میں، وہ اپنے والد کے ساتھ جرمنی چلےگئے جہاں انہوں نےنیچرل سائنس میں دلچسپی لینی شروع کی ۔گھر واپس آنے کے بعد،ان کی والدہ نے ماڈل فلائنگ مشینوں کے ساتھ تجربہ کرنے میں اپنے بیٹے کی ابتدائی دلچسپی کو ابھارا۔ جب ایگور سکورسکی ۱۲؍ سال کے تھے تو انہوں نے ربڑ سے چلنے والا ایک چھوٹا ہیلی کاپٹر بنایا تھا جو ہوا میں اٹھ سکتا تھا۔
 ایگور سکورسکی نے۱۹۰۳ء میں ۱۴؍ سال کی عمر کریئر آفیسر بننے کے ارادے سے سینٹ پیٹرزبرگ کی نیول اکیڈمی میں داخلہ لیا۔لیکن انجینئرنگ میں ان کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث۱۹۰۶ء میں انہوں نے سروس سے استعفیٰ دےدیا۔ انہوں نے ۱۹۰۷ء کیف پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ کے میکینکل کالج میں داخلہ لیا ۔ایک کامیاب تعلیمی سال کے بعد سکورسکی ۱۹۰۸ء میں اپنے والد کے ساتھ دوبارہ جرمنی روانہ ہوگئے جہاں انہوں نے رائٹ برادران کے فلائر اور فرڈینینڈ وان زیپلن کے فضائی جہازوں کے کارناموں کے متعلق سیکھا۔ 
 ۱۹۱۴ءمیں پہلی جنگ عظیم کے آغاز تک، کیف میں سکورسکی کا ہوائی جہاز کی تحقیق اور پروڈکشن بزنس پھل پھول رہا تھا۔ان کی فیکٹری نے جنگ کے دوران بمبار طیارے بنائے۔  ۱۹۱۷ءمیں روسی انقلاب کے بعد ایگور سیکورسکی ۱۹۱۸ء کے اوائل میں اپنے وطن سے فرار ہو گئے۔ روس سے نکلنے کے بعد وہ فرانس چلے گئے جہاں انہیں ایک نئے اور زیادہ طاقتور Muromets قسم کے ہوائی جہاز کے ڈیزائن کیلئے ایک معاہدے کی پیشکش کی گئی۔ لیکن نومبر۱۹۱۸ء میں پہلی جنگ عظیم ختم ہو گئی اور فرانسیسی حکومت نے فوجی احکامات پر سبسڈی دینا بند کر دیا، جس کے بعد انہوں نے امریکہ جانے کا فیصلہ کیا۔ ۲۴؍مارچ۱۹۱۹ء کو وہ فرانس سے سمندری جہاز کے ذریعہ روانہ ہوئے اور ۶؍ دن بعد نیویارک شہر پہنچے۔
 امریکہ میں، سکورسکی نے سب سے پہلے اسکول ٹیچر اور لیکچرار کے طور پر کام کیا اور ساتھ ہی وہ ہوا بازی کی صنعت میں بھی کام کرنے کا موقع تلاش کرتے رہے۔ ۱۹۲۳ء میں، سکورسکی نے روزویلٹ، نیویارک میں سکورسکی مینوفیکچرنگ کمپنی کی بنیاد رکھی۔ ۱۹۲۸ءمیں سکورسکی کو امریکہ کی شہریت مل گئی اور سکورسکی مینوفیکچرنگ کمپنی ۱۹۲۹ء میں اسٹریٹفورڈ، کنیکٹی کٹ منتقل ہوگئی اور یہ اسی سال جولائی میں یونائیٹڈ ایئر کرافٹ اینڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کا حصہ بن گئی۔
 ۱۹۳۹ءمیں سکورسکی نے Vought-Sikorsky VS-300 کو ڈیزائن کیا اور کامیابی سے اڑایا۔یہ پہلا قابل عمل امریکی ہیلی کاپٹر تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ’ سکورسکی آر۴‘ کے ڈیزائن میں ترمیم کی جو۱۹۴۲ء میں دنیا کا پہلا بڑے پیمانے پر تیار ہونے والا ہیلی کاپٹر بن گیا۔ایگور سکورسکی کو بین الاقوامی سطح پر کئی اعزازات سے نوازا گیا تھا۔ان کا انتقال ۲۶؍ اکتوبر ۱۹۷۲ء کو امریکہ میں ہوا تھا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK