• Tue, 23 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گرانٹ روڈ : پرائیویٹ اسپتال میں بھیانک آتشزدگی

Updated: December 22, 2025, 10:51 PM IST | Mumbai

مریضوں ،ڈاکٹروں اور دیگر عملے سمیت ۲۵۰؍ افراد کوباہرنکالا گیا۔۲؍ دن میں آگ لگنے کے ۴؍ واقعات ۔ ایک دن قبل اندھیری ، قلابہ اور کرلا میں حادثات میں ۵؍ افراد زخمی ہوئے تھے

Firefighters trying to put out a fire at Bhatia Hospital
بھاٹیہ اسپتال میں فائرمین آگ بجھانے کی کوشش کرتے ہوئے

گرانٹ روڈ میں پیر کی سہ پہر   ایک  پرائیویٹ اسپتال میں اچانک  آگ لگ گئی  جس کی وجہ سے مریضوں، ڈاکٹروں اور اسپتال کے عملے سمیت تقریبا ڈھائی سوافراد کواسپتال سے  عارضی طور پر ہٹادیا گیا۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔۲؍ دن میں آتشزدگی کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔ایک دن قبل اندھیری ، قلابہ اور کرلا  علاقے میں آگ لگنے کے واقعات ہوئے جن میں ۵؍ افراد زخمی ہوئے۔ ان میں سے ۳؍ کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
  میونسپل افسران کے مطابق گرانٹ روڈ کے بھاٹیہ اسپتال کے ایم آر آئی - سی ٹی اسکین  یونٹ میں آگ دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے لگی۔  اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ وہاں پہنچ گیا۔ اس نے کہا کہ آگ  ایم آر آئی -سی ٹی  یونٹ کے اندر بجلی کی تاروں اور تنصیبات تک محدود رہی۔احتیاطاً مریضوں، ڈاکٹروں اور   دیگرعملے   سمیت تقریباً ۲۵۰؍ افراد کواسپتال کے احاطے سے باہرنکال لیا گیا تاکہ ان کوکوئی نقصان نہ پہنچے ۔حکام نے بتایا کہ فائربریگیڈ نے صورتحال پر قابو پالیا ہے اور دوپہر۳؍ بجے تک آگ کو بجھادیا گیا۔فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
 قبل ازیں اندھیری مشرق میں واقع رمابائی امبیڈکر نگر    میں اتوار کی صبح تقریباً۷ ؍ بجے گراؤنڈ پلس ایک منزلہ چال میں  آگ لگ گئی  جس سے گھر کا سامان جل گیا۔  ا طلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ نے وہاں پہنچ کر تقریباً آدھے گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا۔ اس حادثہ میں ۳؍افراد شدید جھلس گئے۔  وینا پردیپ بھوئی (۵۰) ۹۵؍ تا ۹۸؍ فیصد جھلس گئی ہیں اور وہ تشویشناک حالت میں ہے۔۷۰؍ سالہ نام دیو کاشی ناتھ سکپال ۲۰، ۲۵؍فیصد جھلس گئے ہیں  جبکہ ۶۸؍سالہ لکشمی نام دیو سکپال۳۰، ۳۲؍ فیصد جھلس گئے ہیں۔تینوں کو کستوربا اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
 اسی طرح اتوار ہی کو سہ پہر میں قلابہ کے ایک سوشل کچن میں آگ لگ گئی جس میں۲؍ افراد جھلس گئے ۔ فائر بریگیڈ   کے مطابق آگ باورچی خانے کی چمنی اور چار منزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر بجلی کی تاروں سے شروع ہوئی اور کچن کے  علاقے میں پھیل گئی۔ فائربریگیڈ نے۲۰؍ منٹ میں آگ پر قابو پالیا۔اس حادثہ میں باورچی خانے کے عملے میں شامل سنیل سنگھ (۲۸) اور سبرت بارائی (۳۵) جھلس  گئےجنہیں سینٹ جارج اسپتال   میںداخل کرایا گیا ہے۔
 اتوار کی رات ۹؍ بجےکرلا مشرق میں نہرو نگر روڈ پر۱۰؍ منزلہ رہائشی عمارت میں آگ گراؤنڈ فلور پر بجلی کی وائرنگ سے شروع ہوئی اور پہلی منزل تک پھیل گئی جس کے بعد احتیاطاً  مکینوں کو عمارت سے نکالا گیا۔فائر بریگیڈ، پولیس اور ایمبولنس کی ٹیمیں وہاں پہنچ گئیں اور آگ پر ایک گھنٹے کے اندر قابو پالیا  ۔  اس حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK