Inquilab Logo

آسٹریلیا کا ۳؍سال میں ۵؍ٹرافیزپر قبضہ

Updated: February 16, 2024, 3:36 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

آسٹریلیا نے گزشتہ ۳؍سال میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ۵؍ٹرافیز پر قبضہ کیاہے۔ ایک بار پھر آسٹریلیانے کرکٹ میں خود کو پاور ہاؤس ثابت کرنا شروع کردیاہے۔

Australia Team. Photo: INN
آسٹریلیا کی ٹیم۔ تصویر : آئی این این

آسٹریلیا نے گزشتہ ۳؍سال میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ۵؍ٹرافیز پر قبضہ کیاہے۔ ایک بار پھر آسٹریلیانے کرکٹ میں خود کو پاور ہاؤس ثابت کرنا شروع کردیاہے۔ امسال ہونے والے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں بھی اس کے جیتنے کے امکانات زیاد ہ ہیں کیونکہ اس کی ٹی ۲۰؍ٹیم اس سال ہونے والے ٹی ۲۰؍ مقابلوں میں بھی کامیابی حاصل کر رہی ہے۔گزشتہ ہفتے اس کی انڈر ۱۹؍ ٹیم نے ورلڈ کپ میں ہندوستان کی انڈر ۱۹؍ ٹیم کو شکست دی تھی۔
 آسٹریلیا کی کامیابی کا سلسلہ ۲۰۲۲ء میں شروع ہوا تھا، اس کی خواتین کرکٹ ٹیم نے یکروزہ ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس ورلڈ کپ کے فائنل میں زردجرسی پہننے والی خواتین ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دے کر ۷؍ویں خطاب اپنے نام کیا تھا۔ اس کے بعد خواتین کی ہی ٹیم نے مسلسل دوسرا آئی سی سی ٹورنامنٹ میں گزشتہ سال جیتا تھا۔ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں اس ٹیم نے جنوبی افریقہ کو مات دی تھی اور چھٹی بار خطاب پر قبضہ کیا تھا۔ خواتین کی ٹیم نے مسلسل ۲؍ کامیابیاں حاصل کیں اور اپنے ملک کا نام روشن کیا۔ 
 خواتین کے جیت کے اس سلسلے کو مردوں نے بھی جاری رکھا۔ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہلی بار داخل ہونے والی آسٹریلوی ٹیم نے ہندوستان کو شکست فاش دی تھی۔ پیٹ کمنس کی کپتانی میں پہلی بار آسٹریلیا نے ٹیسٹ چمپئن شپ کا خطاب جیتا۔ یہ فائنل ۲۰۲۳ء میں ہوا تھا۔ اسی سال اکتوبر اور نومبر میں ہونے والے یکروزہ ورلڈ کپ میں بھی آسٹریلیا کی ٹیم نے خراب شروعات کے باوجود خطاب اپنے نام کیا تھا۔ فائنل میں اس ٹیم نے میزبان ہندوستان کو شکست دی تھی۔ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان نے آسٹریلیا کوراؤنڈ رابن میں شکست دی تھی اور مسلسل ۹؍کامیابیاں حاصل کی تھیںلیکن اسے فائنل میں ایک بار آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیسٹ کے فائنل میں ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما تھے اور یکروزہ ٹیم کے کپتان بھی روہت شرما تھے ۔ دوسری طرف یکروزہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنس تھے جو مختصر وقفے کے بعد کھیلنے کیلئے میدان پر آئے تھے۔ گزشتہ اتوارکو ایک اور آسٹریلوی ٹیم نے ہندوستان کو کرکٹ کے میدان پر مات دی ۔ ہم بات کررہے ہیں کہ آسٹریلیا کی انڈر ۱۹؍ ٹیم کی جس نے چوتھی بار اس خطاب پر قبضہ کیاہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے ہندوستانی بریگیڈ کو فائنل میں ۷۹؍رن سے شکست دے کر خطاب جیت لیا۔ اس شکست سے ہندوستان کا چھٹی بار خطاب جیتنے کا خواب بھی ادھورا رہ گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK