Inquilab Logo Happiest Places to Work

مشرقی ودربھ میں شدید بارش، گڈچرولی، بھنڈارا، چندر پور اورگوندیا میں اسکولوں میں تعطیل کا اعلان

Updated: July 26, 2025, 9:59 AM IST | Nagpur

کئی دیہاتوں میں ندی کا پانی داخل ہونے سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔گڈچرولی ضلع میں مسلسل بارش کے سبب ندی اور نالوں میں طغیانی آگئی ہے،اورینج اوریلوالرٹ جاری

Four photos depicting the conditions caused by heavy rain
موسلادھار بارش کے سبب پیدا ہونے والے حالات کو بیاں کرتی چار تصاویر

 محکمہ موسمیات نے مشرقی ودربھ کے بھنڈارہ، گوندیا، چندر پور اور گڈچرولی ضلع کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ جبکہ ناگپور اور وردھا کیلئے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ دو دن سے جاری مسلسل بارش سے گڈچرولی، چندرپور، گوندیا بھنڈارہ ضلع میں سیلابی کیفیت ہے۔ زیر آب پل پار کرنے کی کوشش میں ایک شخص کی موت واقع ہوگئی۔ کئی دیہاتوں میں ندی کا پانی داخل ہونے سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ سیلاب میں پھنسی دو بسوں میں موجود طلبہ کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ بھنڈارہ ضلع کلکٹر نے جمعہ کو بھاری بارش کی پیش نظر اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ گڈچرولی ضلع میں گزشتہ ۲۴؍گھنٹوں سے جاری بارش کی وجہ سے ندی اور نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ زیر آب نالہ پار کرنے کی کوشش میں ایک شخص اپنی کار سمیت بہہ گیا۔ پرانیتا اور گوداوری ندیوں میں سیلاب کا خطرہ ہونے کی وجہ سے انتظامیہ نے ندی کے کنارے رہنے والے دیہاتیوں کو وارننگ جاری کی ہے۔ الاپلی دیہات میں پانی داخل ہونے کے بعد انتظامیہ نے ۶۴؍ شہریوں کو بچایا اور ان کے لیے ضلع پریشد اسکول میں رہنے کا انتظام کیا ہے۔
چندر پور:سرشی گاؤں کے پاس  ایس ٹی بسیں پھنس گئیں
  چندر پور شہر سمیت ضلع کے بیشتر حصوں میں گزشتہ دو دنوں سے جاری موسلادھار بارش نے معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ ویرور نالے میں پانی بھر جانے کی وجہ سے دو ایس ٹی بسیں چیچبورڈی اور سرشی گاؤں کے قریب پھنس گئی ہیں۔ پولیس نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور اسکول کے ۶۰؍ طلباء اور شہریوں کو بحفاظت ان کے گاؤں تک پہنچایا ہے۔ علاقائی موسمیاتی مرکز نے چندر پور ضلع کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ مشرقی اور شمالی ودربھ میں سب سے زیادہ بارش کا امکان ہے۔ جس میں بھنڈارہ، گوندیا، گڈچرولی، چندر پور، ناگپور، وردھا، امراوتی اور ایوت محل ضلع شامل ہیں۔ 
گوندیا میں ضلع پریشدکے سابق رکن کا بیٹا ہلاک
 گوندیا ضلع کے سالیکسا تعلقہ کے دریکسا کے ایک سابق ضلع پریشد رکن کے بیٹے کی نالے کے سیلاب میں بہہ جانے  سے موت ہوگئی۔ مہلوک کی شناخت تکیش شنکر لال ماڑاوی کے طور پر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کیا پیشگوئی کی ؟
  علاقائی محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دن ودربھ کے کچھ مقامات پر بھاری بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ بھنڈارا، گوندیا، چندرپور اور گڈچرولی کیلئے  `ریڈ الرٹ  جاری کیا گیا ہے، جبکہ ناگپور اور وردھا اضلاع کیلئے `اورینج الرٹ  اور مغربی ودربھ کے تمام اضلاع کیلئے  `یلو الرٹ  جاری کیا گیا ہے۔ ان حالات کے پیش نظر انتظامیہ نے شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK