Inquilab Logo Happiest Places to Work

جے ایم بیری: مشہور برطانوی ادیب اور’’پیٹر پین‘‘ کے خالق

Updated: May 15, 2026, 1:39 PM IST | Mumbai

J. M. Barrieایک ایسے ادیب کے طور پر یاد کئے جاتے ہیں جنہوں نے بچپن کو صرف عمر کا مرحلہ نہیں بلکہ ایک مستقل کیفیت کےطور پر پیش کیا۔

J.M. Barrie also wrote several successful comedies and social plays. Photo: INN
جے ایم بیری نے کئی کامیاب مزاحیہ اور سماجی ڈرامے بھی لکھے۔ تصویر: آئی این این

جے ایم بیری کا مکمل نام جیمز میتھیو بیری تھا۔ وہ ایک برطانوی ناول نگار اور ڈراما نگار تھے، جو اپنے کردار ’’پیٹر پین‘‘( Peter Pan) کیلئے مشہور ہیں۔ ان کے ناولوں اور ڈراموں کی تعداد ۳۰؍ سے زیادہ ہے۔ 
جیمز بیری۹؍ مئی۱۸۶۰ء کو اسکاٹ لینڈ کے شہر کیریمویر میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ ایک غریب مگر محنتی بُنکر گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کے والد ڈیوڈ بیری کپڑا بُننے کا کام کرتے تھے جبکہ والدہ مارگریٹ اوگِلوی بیری نہایت حساس اور ادب دوست خاتون تھیں۔ جیمز کے بڑے بھائی ڈیوڈ کی کم عمری میں وفات نے ان کی زندگی پر گہرا اثر ڈالا۔ خاص طور پر ان کی والدہ اس سانحے سے شدید متاثر ہوئیں اور یہی واقعہ بیری کے اندر بچپن، معصومیت اور ’’ہمیشہ بچے رہنے‘‘ کے تصور کی بنیاد بنا، جو بعد میں ان کی تحریروں کا مرکزی خیال بنا۔ 
جیمز بیری نے ابتدائی تعلیم مقامی اسکولوں سے حاصل کی اور بعد میں ڈمفریز اکیڈمی میں داخلہ لیا۔ پھر انہوں نے ایڈنبرا یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کی، جہاں ان کی دلچسپی ادب اور صحافت کی طرف بڑھ گئی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ صحافت کے شعبے سے وابستہ ہوئے اور مختلف اخبارات و رسائل کیلئے لکھنے لگے۔ ابتدا میں انہوں نے ناول نگاری کی کوشش کی، مگر انہیں اصل شہرت ڈراما نگاری سے ملی۔ ۱۸۸۸ء میں بیری لندن منتقل ہو گئے، جہاں ان کے ادبی کریئر نے حقیقی ترقی حاصل کی۔ انہوں نے ابتدا میں دیہاتی زندگی اور اسکاٹش معاشرت پر مبنی ناول لکھے، جس میں ’’A Window in Thrums‘‘قابل ذکر ہے۔ اپنی تحریروں میں انہوں نے سادہ دیہی زندگی کو نہایت جذباتی اور ہمدردانہ انداز میں پیش کیا جس سے وہ ادبی حلقوں میں پہچانے جانے لگے۔ ان کی سب سے بڑی ادبی کامیابی اس وقت سامنے آئی جب انہوں نے ڈراما نگاری کی طرف رخ کیا۔ بیری نے تھیٹرکیلئے کئی کامیاب ڈرامے لکھے، لیکن ان کا سب سے مشہور اور لازوال کردار’’پیٹر پین‘‘ہے جو پہلی بار۱۹۰۴ء میں اسٹیج ڈرامے کی صورت میں پیش کیا گیا۔ بعد میں ۱۹۱۱ء میں اسے ناول کی شکل میں ’’پیٹر اور وینڈی‘‘کے نام سے شائع کیا گیا۔ پیٹر پین ایک ایسا کردار ہے جو کبھی بڑا نہیں ہوتا اور ہمیشہ بچوں کی دنیا ’’نیور لینڈ‘‘ (Neverland) میں رہتا ہے۔ اس کردار نے بچپن کی معصومیت، تخیل اور آزادی کو ایک نئی علامت دی جو آج بھی اہم سمجھی جاتی ہے۔ 
بیری کی تحریروں کی خاص بات ان کا جذباتی انداز، انسانی نفسیات کی گہری سمجھ اور بچپن سے جڑی یادوں کی عکاسی تھی۔ انہوں نے اپنی تحریروں کے ذریعے یہ دکھایا کہ انسان کے اندر بچپن کی خواہش اور معصومیت ہمیشہ زندہ رہتی ہے۔ ان کے ادبی کام نے نہ صرف تھیٹر بلکہ بچوں کے ادب (ادب اطفال)کو بھی ایک نئی سمت دی۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ۱۹۱۳ءمیں ’’بارونیٹ‘‘ کا خطاب دیا گیا اور بعد میں ’’آرڈر آف میرٹ‘‘ بھی ملا۔ جیمز میتھیو بیری کا انتقال۱۹؍ جون ۱۹۳۷ء کو لندن میں ہوا تھا۔ 
(وکی پیڈیا اور برٹانیکا ڈاٹ کام)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK