آج ہر طرف مصنوعی ذہانت کا غلغلہ ہے۔ زندگی کا شاید ہی کوئی شعبہ ایسا ہو جہاں اے آئی نے اپنی موجودگی کا احساس نہ دلایا ہو۔ تعلیم، صحت، سائنس، تجارت، صنعت اور روزمرّہ کی زندگی میں مصنوعی ذہانت تیزی سے اپنی جگہ بناتی جا رہی ہے۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 6:51 PM IST | Mubarak Kapdi | Mumbai
آج ہر طرف مصنوعی ذہانت کا غلغلہ ہے۔ زندگی کا شاید ہی کوئی شعبہ ایسا ہو جہاں اے آئی نے اپنی موجودگی کا احساس نہ دلایا ہو۔ تعلیم، صحت، سائنس، تجارت، صنعت اور روزمرّہ کی زندگی میں مصنوعی ذہانت تیزی سے اپنی جگہ بناتی جا رہی ہے۔
آج ہر طرف مصنوعی ذہانت کا غلغلہ ہے۔ زندگی کا شاید ہی کوئی شعبہ ایسا ہو جہاں اے آئی نے اپنی موجودگی کا احساس نہ دلایا ہو۔ تعلیم، صحت، سائنس، تجارت، صنعت اور روزمرّہ کی زندگی میں مصنوعی ذہانت تیزی سے اپنی جگہ بناتی جا رہی ہے۔ آج کا طالب علم اسکول؍ کالج میں کتابوں سے اور گھر میں اے آئی سے سیکھ رہا ہے، اس سے اپنے سوالات کے جواب حاصل کر رہا ہے اور اپنی معلومات میں اضافہ کر رہا ہے لیکن اس ترقی کے درمیان ایک اہم سوال ہمارے سامنے کھڑا ہے کہ کیا اے آئی بچّوں کو صرف ذہین، قابل اور معلومات سے مالا مال بنائے گی یا انہیں ایک اچھا انسان، با اخلاق شہری، ہمدرد فرد اور بزرگوں کا احترام کرنے والا بھی بنا سکتی ہے ؟
اصل بات یہ ہے کہ اے آئی بذاتِ خود نہ اچھی ہے نہ بُری کیونکہ اُس میں جان تو ہوسکتی ہے البتہ روح نہیں ہے، یہ ایک مشین ہے،یہ ایک آلہ ہے۔ چاقو سے آپریشن بھی ہو سکتا ہے اور اس سے کسی کو نقصان بھی پہنچایا جا سکتا ہے۔ اسی طرح مصنوعی ذہانت کا استعمال اس بات پر منحصرہے کہ ہم اسے کس نیت، کس تربیت اور کس رہنمائی کے ساتھ طلبہ کے ہاتھ میں دیتے ہیں۔تعلیم کا مقصد انسان کو صرف ذہین بنانا نہیں بلکہ انسان بنانا بھی ہے۔ اگر ایک طالب علم کے پاس بے شمار ڈگریاں ہوں، دنیا بھر کا علم ہو، جدید ٹیکنالوجی پر عبور ہو لیکن اس کے اندر دوسروں کیلئے ہمدردی، بڑوں کیلئے احترام، چھوٹوں کیلئے شفقت، سچ بولنے کی عادت اوردوسروں کے حقوق کا احساس نہ ہو تو ایسی تعلیم کو ہم مکمل تعلیم نہیں کہہ سکتے۔ علم انسان کو کامیاب بنا سکتا ہے، لیکن اخلاق اسے قابل احترام کامیاب بناتے ہیں۔
کیا اے آئی اخلاقی تربیت کر سکتی ہے؟
اس سوال کا جواب یقیناً ہاں میں ہے، لیکن ایک شرط کے ساتھ، اے آئی خود اخلاقی اقدار کا متبادل نہیں بن سکتی البتہ اخلاقی تربیت کا ایک مؤثر ذریعہ ضرور بن سکتی ہے۔مثال کے طور پر اگر کوئی طالب علم اے آئی سے پوچھتا ہے کہ ہمیں اپنے والدین کا احترام کیوں کرنا چاہئے؟ تو اے آئی اسے صرف روایتی جواب دینے کے بجائے مختلف مثالوں، کہانیوں اور حقیقی زندگی کے واقعات کے ذریعے سمجھا سکتی ہے کہ والدین کی قربانیاں کیا ہوتی ہیں، ان کی خدمت کیوں ضروری ہے اور ان کے تجربات کی قدر کرنا کیوں ہماری ذمہ داری ہے۔اسی طرح اے آئی طلبہ کو سچائی، دیانت داری، انصاف، برداشت، رواداری ،معافی ،ایثار ،ہمدردی اور دوسروں کے دُکھ درد کو سمجھنے جیسے موضوعات پر دلچسپ انداز میں تعلیم دے سکتی ہے۔
ہمدردی اور انسانیت کا احساس
مصنوعی ذہانت کی مدد سے طلبہ دنیا بھر کے انسانوں کی کہانیاں، تکلیفیں اور جدوجہد سمجھ سکتے ہیں۔ ایک طالب علم جو ممبئی میں بیٹھا ہے، وہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے فلسطین کے بچّے، افریقہ کے بھوکے بچّے یا اپنے ہی محلّے کے یتیم بچّے کی زندگی کو سمجھ سکتا ہے۔جب طالب علم کو یہ احساس ہو کہ دوسروں کا دکھ بھی میرا دکھ ہے، تو اس کے دل میں ہمدردی پیدا ہوتی ہے اور ہمدردی ہی انسانیت کی بنیاد ہے۔
بزرگوں کا احترام اور نئی نسل
آج ہمارے معاشرے کا ایک بڑا المیہ یہ ہے کہ نئی نسل اور بزرگوں کے درمیان فاصلے بڑھتے جا رہے ہیں۔ بچّوں کے پاس موبائل فون کیلئے وقت ہے، سوشل میڈیا کیلئے وقت ہے، دوستوں کے ساتھ چیٹنگ کیلئے وقت ہے، لیکن اکثر اپنے دادا، دادی،نانا،نانی اور والدین کے ساتھ بیٹھنے، ان کی باتیں سننے اور ان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کیلئے وقت نہیں ہے۔کیا اے آئی اس صورتحال کو تبدیل کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔ یقیناً اے آئی طلبہ کے سامنے ایسی کہانیاں اور مکالمے پیش کر سکتی ہے جن میں ایک بزرگ شخص کی تنہائی، اس کی ضروریات اور اس کے جذبات کو نمایاں کیا گیا ہو۔ وہ بچّوں کو یہ سمجھا سکتی ہے کہ بزرگ افراد صرف ہماری توجہ اور خدمت کے محتاج نہیں ہوتے بلکہ ان کے پاس زندگی کا وہ تجربہ اور حکمت ہوتی ہے جو کسی کتاب یا انٹرنیٹ پر مکمل طور پر دستیاب نہیں ہو سکتی۔مثلاً اے آئی ایک طالب علم کو یہ عملی سرگرمی دے سکتی ہے کہ وہ روزانہ اپنے دادا یا دادی کے ساتھ کم از کم ۱۵؍ منٹ گزارے، ان کی زندگی کے تجربات سنے اور کلاس میں اُن تجربات کا ذکر کرے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹی وی کے نام نہاد صحافی چاپلوسی کا ریکارڈ بنانے پر تلے ہیں
چند عملی طریقے جن سے اے آئی اخلاقی اقدار کو فروغ دے سکتی ہے:
اے آئی کو محض معلومات فراہم کرنے والی مشین کے بجائے اخلاقی تربیت کے ایک معاون استاد کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
۱۔ اخلاقی کہانیاں: اے آئی طلبہ کی عمر کے مطابق سچائی، ایمانداری، قربانی، ہمدردی اور احترام پر مبنی کہانیاں تخلیق کر سکتی ہے۔
۲۔ حقیقی زندگی کے مکالمے: بچّوں کو ایسے حالات دیے جا سکتے ہیں جن میں انہیں فیصلہ کرنا ہو کہ اگر کوئی بزرگ سڑک پار کرنے میں دشواری محسوس کر رہا ہو، کوئی غریب بچّہ مدد مانگ رہا ہو یا کسی ساتھی کے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہو تو انہیں کیا کرنا چاہیے۔
۳۔ کردار سازی کے سوالات :اے آئی روزانہ طلبہسے ایک اخلاقی سوال پوچھ سکتی ہے، مثلاً اگر آپ کو راستے میں کسی کا گِرا ہوا پرس ملے تو آپ کیا کریں ؟ آپ کا دوست کسی کمزور طالب علم کا مذاق اڑائے تو آپ کا ردِّ عمل کیا ہو ؟
۴۔ احساس اور ہمدردی کی تربیت: اے آئی طلبہ کو مختلف کرداروں میں رکھ کر سوچنے کی دعوت دے سکتی ہے۔ مثلاً اگر آپ ایک غریب بچّے ،معذور شخص ،یتیم یا تنہا بزرگ کی جگہ ہوتے تو آپ کیا محسوس کرتے؟
۵۔ سوشل میڈیا کے آداب :اے آئی بچّوں کو سکھا سکتی ہے کہ اختلاف رائے کے باوجود کسی کی توہین نہ کریں، نفرت انگیز زبان استعمال نہ کریں اور دوسروں کی عزتِ نفس کا خیال رکھیں۔
۶۔ والدین اور اساتذہ کا احترام :اے آئی ایسے عملی مکالمے اور سرگرمیاں پیش کر سکتی ہے جن کے ذریعے بچّے والدین اور اساتذہ کی محنت، قربانیوں اور ذمہ داریوں کو سمجھ سکیں۔
۷۔خود احتسابی : اے آئی طلبہ کو روزانہ اپنے رویے کا جائزہ لینے کی ترغیب دے سکتی ہے کہ آج انہوں نے کس کی مدد کی، کس کا دل دُکھایا اور کل وہ اپنے رویے میں کیا بہتری لا سکتے ہیں ؟
کیااے آئی خود انسانیت کا سبق دے سکتی ہے؟
یہاں ایک بنیادی فرق سمجھنا ضروری ہے۔ اے آئی انسانیت کے بارے میں معلومات دے سکتی ہے، انسانیت کی مثالیں پیش کر سکتی ہے، اخلاقی فیصلوں کے مختلف پہلو سمجھا سکتی ہے، لیکن وہ خود انسان کی طرح محبت، درد، خلوص اور قربانی کے حقیقی جذبات محسوس نہیں کرتی۔
ایک بچّہ اگر اے آئی سے پوچھے کہ کسی بھوکے شخص کی مدد کیوں کرنی چاہیے تو اے آئی اُسے بہترین جواب دے سکتی ہے لیکن کسی بھوکے کو کھانا کھلانے، کسی روتے ہوئے بچّے کو تسلّی دینے، کسی بیمار بزرگ کی خدمت کرنے اور کسی ضرورت مند کا ہاتھ تھامنے کا عملی تجربہ بچّے کو خود حاصل کرنا ہوگا، اسلئے اخلاقی تعلیم صرف اسکرین تک محدود نہیں رہنی چاہئے۔ اسکولوں میں خدمت خلق کے پروگرام، یتیم خانوں کے دورے، بزرگوں کی خدمت، صفائی مہم، غریبوںکی مدد اور سماجی فرائض سے متعلق سرگرمیاں لازمی ہونی چاہئیں۔
یہ بھی پڑھئے: کچھ سال قبل تک گاؤں میں پوال کے ڈھیر بچوں کیلئے احتجاج کی جگہ ہوا کرتی تھی
اختتامیہ :ہمیں ذہین مشینیں نہیں، باکردار انسان چاہئے
آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ مصنوعی ذہانت آنے والے دَور میں انسانی اقدار کے فروغ کا ایک طاقتور ذریعہ بن سکتی ہے، بشرط یہ کہ ہم اسے صحیح مقاصد کیلئے استعمال کریں۔ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ تعلیم کا آخری مقصد صرف ایسے ڈاکٹر، انجینئر ، سائنسداں، افسر اور تاجر پیدا کرنا نہیں ہے جو اپنے شعبوں میں کامیاب ہوں بلکہ ایسے انسان تیار کرنا بھی ہے جو اپنے والدین کا احترام کریں، اساتذہ کی قدر کریں، بزرگوں کا سہارا بنیں، غریبوں کے کام آئیں، عورتوں کا احترام کریں، کمزوروں کے حقوق کی حفاظت کریں اور معاشرے میں محبت امن اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔
اے آئی بچّوں کو بتا سکتی ہے کہ اچھا انسان کیسے بنا جاتا ہے، لیکن اچھا انسان بنانے کی ذمہ داری والدین ،اساتذہ، تعلیمی اداروں اور پورے سماج کی ہے۔ہمیں ایک ایسا تعلیمی انقلاب درکار ہے جہاں اے آئی کے ذریعہ ذہانت کو جِلاملے، تعلیم کے ذریعے شعور بیدار ہو، تربیت کے ذریعے کردار سنورے اور انسانی اقدار کے ذریعے ایک بہتر معاشرہ وجود میں آئے!